1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایشیا پیسیفک کے ممالک میں ایڈزکے مریضوں میں کمی

27 اگست 2011

ایشیا پیسیفک کے ملکوں میں موذی مرض ایچ آئی وی ایڈز کے مریضوں کی تعداد میں کمی کے حوالے سے اقوام متحدہ کی تازہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے۔ مبصرین نے اسے انتہائی حوصلہ افزاء قرار دیا ہے۔

اقوام متحدہ کی جانب سے جاری ہونے والی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سن 2001 کے مقابلے میں سن 2009 میں ایشیا پیسیفک کے ملکوں میں ایڈز مرض کے وائرس میں مبتلا ہونے والے افراد کی تعداد میں بیس فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔ طبی ماہرین کے مطابق اس حوالے سے ان ملکوں میں حکومتوں اور مختلف مقامی تنظیموں کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی اداروں بشمول اقوام متحدہ کی جانب سے آگہی کے پروگراموں اور ادویات کے مؤثر استعمال نے بھی عام آدمیوں کی زندگیوں پر مثبت اثرات مرتب کیے ہیں۔ ماہرین کا خیال ہے کہ ان ممالک میں وائرس کے خلاف تیار کی گئی مدافعتی ادویات نے بھی اثر دکھانا شروع کردیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ایشیا پیسیفک کے ملکوں میں سن 2001 میں ایڈز کے وائرس ایچ آئی وی (HIV) میں مبتلا افراد کی تعداد تقریباً ساڑھے چار لاکھ کے قریب تھی جو اب سن 2009  کے مکمل ہونے پر کی جانے والی ریسرچ کے مطابق تین لاکھ 60 ہزار کے قریب ہے۔ یہ رپورٹ اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے UNAIDS  نے جمعہ کے روز جاری کی ہے۔ 

افریقی ملکوں میں اس مرض کی صورت حال تشویشناک خیال کی جاتی ہےتصویر: picture alliance / dpa

اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے کے مطابق اس وقت ایڈز مرض میں مبتلا زیادہ تر افراد چین، بھارت، کمبوڈیا، انڈو نیشیا، فلپائن، ملائشیا، میانمار،نیپال، پاکستان، پاپا نیو گنی، تھائی لینڈ اور ویت نام میں ہیں۔ اس رپورٹ میں بتایا گیا کہ بھارت، کمبوڈیا، میانمار اور تھائی لینڈ میں ایڈز کے مریضوں میں خاصی کمی واقع ہوئی ہے جو خاصی حیران کن ہے۔ یہ امر اہم ہے کہ ساری دنیا میں کمبوڈیا ان آٹھ ملکوں میں شمار ہوتا ہے جہاں کی اسی فیصد آبادی کو ایڈز مرض کے خلاف مدافعتی دوا میسر ہے۔

اقوام متحدہ کے ادارے کی رپورٹ میں واضح کیا گیا ہے کہ فلپائن میں ایڈز کے پھیلاؤ میں کچھ مخصوص گروپوں میں تیزی ہو رہی ہے۔ فلپائنی صوبے سیبُو میں یہ تعداد بڑھ رہی ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ سن 2009 میں ایشیا پیسیفک کے کم از کم تیس ملکوں کی حکومتوں کے ساتھ دوسرے بین الاقوامی اداروں کی جانب سے اس مرض کے حوالے سے آگہی پروگراموں اور مدافعتی ادویات کے سلسلے میں گیارہ ارب ڈالر خرچ کیے گئے تھے۔

چین اور پاکستان سمیت دو اور ملکوں میں حکومتوں نے اپنے پروگرام شروع کر رکھے ہیں۔ اقوام متحدہ کے ایڈز سے متعلق ادارے کے مطابق سن 2010 میں اس موذی مرض کے پھیلاؤ میں پہلی بار کمی واقع ہونا شروع ہوئی ہے۔

 

رپورٹ:  عابد حسین

ادارت:   ندیم گِل

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں