1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایشیا کپ، سری لنکا نے بھارت کو بھی ہرا دیا

عاطف بلوچ1 مارچ 2014

ایشیا کپ کرکٹ کے سلسلے میں جمعے کو کھیلے گئے ایک میچ میں کمار سنگاکارا کی عمدہ سنچری کی بدولت سری لنکا نے بھارت کو دو وکٹوں سے مات دے کر پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن حاصل کر لی ہے۔

تصویر: Reuters

فتح اللہ میں کھیلے گئے ایشیا کپ کے چوتھے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور عالمی چیمپئن بھارت کی ٹیم مقررہ پچاس اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 264 رنز بنا سکی۔ جواب میں سری لنکا کے اوپنر کوسل پپریرا کے 64 اور سنگا کارا کے 103 رنز کی انفرادی اننگز کی بدولت سری لنکا نے یہ میچ 49.2 اوورز میں ہی جیت لیا۔ سری لنکا کے اسپنرز اجنتا منڈس اور سچترا سنانائیکے نے اپنی ٹیم کو ایک اچھا آغاز فراہم کیا، جنہوں نے بھارت کے سات کھلاڑی آؤٹ کیے۔

بھارت کی طرف سے نمایاں بلے باز شیکھر دھوان رہے، جنہوں نے 94 رنز بنائے۔ ایم ایس دھونی کی عدم موجودگی میں بھارتی ٹیم کی کپتانی کے فرائض سر انجام دینے والے اسٹائلش بلے باز ویراٹ کوہلی اڑتالیس رنز بنا سکے۔ اچھے آغاز کے بعد بھی بھارتی بلے باز جم کر نہ کھیل سکے اور 264 رنز ہی بنا سکے، جو فتح اللہ کی آسان اور سیدھی وکٹ پر کوئی بڑا ہدف نہیں تھا۔

ویراٹ کوہلی اڑتالیس رنز بنا سکےتصویر: dapd

سری لنکا نے جب ہدف کا تعاقب شروع کیا تو اس کے بلے باز وقفے وقفے سے اپنی وکٹیں گنواتے رہے۔ یہاں تک کہ ایک وقت میں چوالیس اوورز میں سری لنکا کا اسکور 216 تھا اور اس کے سات کھلاڑی آؤٹ ہو چکے تھے۔ لیکن سنگا کارا نے ہار نہ مانی اور انتہائی پریشر میں ایک اعلیٰ اننگز کھیلی۔ 366 ایک روزہ میچوں میں اپنے ملک کی نمائندگی کرنے والے سنگاکارا نے 103رنز بنائے اور بین الاقوامی کیریئر میں اپنی اٹھارہویں سنچری مکمل کی۔ وہ جب آؤٹ ہوئے تو سری لنکا کو یہ میچ جیتنے کے لیے سات رنز درکار تھے۔ میچ کا بہترین کھلاڑی 36 سالہ سنگاکارا کو ہی قرار دیا گیا

اس مشکل وقت میں مینڈس اور تھاسیرا پریرا نے ذمہ داری کا مظاہرہ کیا اور سنگاکارا کی اننگز کو ضائع نہ جانے دیا۔ سری لنکا نے اس ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں پاکستان کو بھی شکست دی تھی۔ یوں يہ ٹيم اب دو میچ جیتنے کے بعد مجموعی طور پر آٹھ پوائنٹس حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئی ہے۔

پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے مقام پر پاکستان کی ٹیم ہے ، جس نے اپنے دوسرے میچ میں افغانستان کو بونس پوائنٹس کے ساتھ شکست دی تھی۔ یوں پاکستان کے پوائنٹس پانچ بنتے ہیں جبکہ بھارت کے چار۔ بھارت نے اپنے پہلے میچ میں بنگلہ دیش کو شکست سے دوچار کیا تھا۔ فائنل میں پہنچنے کے لیے اب بھارت کو اپنے روایتی حریف پاکستان کو شکست دینا ہو گی۔ ایشیا کپ کا یہ انتہائی اہم میچ دو مارچ کو کھیلا جائے گا۔

بنگلہ دیش اور افغانستان کی ٹیمیں آج فتح اللہ کے کرکٹ گراؤنڈ میں مد مقابل ہوں گی۔ یہ دونوں ہی اپنے پہلے میچوں میں کامیابی حاصل نہیں کر سکی تھیں۔

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں