1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ہائی وولٹیج میچ میں پاکستان کی بتی گم

19 ستمبر 2018

متحدہ عرب امارات میں جاری ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے ایک اہم میچ میں بھارت نے روایتی حریف پاکستان کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔ پاکستانی ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے 44 ویں اوور میں 162 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔

Cricket Halbfinale ICC Champions Trophy Indien - Bangladesch Rohit Sharma
تصویر: Reuters/P. Childs

ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ 2018ء کے گروپ اے کا یہ میچ دبئی میں کھیلا گیا۔ پاکستانی کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تاہم یہ فیصلہ پاکستانی بیٹنگ لائن نے غلط ثابت کر دیا۔ پاکستان کے سات ایسے بیٹسمین رہے جو 10 رنز تک بھی نہ پہنچ پائے۔ ان میں دونوں اوپنرز امام الحق اور فخر زمان کے علاوہ کپتان سرفراز احمد، آصف علی، شاداب خان، حسن علی اور عثمان خان شامل ہیں۔

پاکستان کی طرف سے سب سے زیادہ اسکور بابر اعظم نے اسکور کیے جو 47 رہے۔ دوسرے سب سے زیادہ اسکور کرنے والے کھلاڑی شعیب ملک تھے جنہوں نے 43 رنز بنائے۔

بھارتی بالرز بھونیشور کمار اور کیدر جھادو نے تین تین پاکستانی کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ جے جے بومرا نے دو اور کلدیپ یادیو کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔

پاکستان کی طرف سے سب سے زیادہ اسکور بابر اعظم نے اسکور کیے جو 47 رہے۔تصویر: Tariq Saeed

بھارتی ٹیم نے جب 163 رنز کے تعاقب میں اپنی بیٹنگ کا آغاز کیا تو کوئی بھی پاکستانی بالرز  متاثر کن کارکردگی نہ دکھا سکا۔ بھارتی اوپنرز روہت شرما اور شیکھر دھون نے اپنی ٹیم کو 86 رنز کا مضبوط آغاز فراہم کیا۔ پہلے آؤٹ ہونے والے بھارتی اوپنر روہت شرما تھے جنہوں نے 52 رنز کا انفرادی اسکور کیا۔ شیکر دھون بھارت کے وہ دوسرے اور آخری کھلاڑی ثابت ہوئے جو آؤٹ ہوئے۔ وہ  46 رنز بنا کر اُس وقت آؤٹ ہوئے جب بھارت کا مجموعی اسکور 104 رنز تھا۔ بھارت نے 29 اوور میں 164 رنز بنا کر یہ میچ اپنے نام کر لیا۔

اماراتی سر زمین پر بارہ برس بعد پاک بھارت کرکٹ میچ

04:11

This browser does not support the video element.

پاکستان آج بدھ 19 ستمبر کو کھیلے جانے والے میچ سے قبل اس ٹورنامنٹ کا اپنا پہلا میچ 16 ستمبر کو ہانگ کانگ کے خلاف کھیل چکا ہے جو پاکستان نے آٹھ وکٹس سے جیت لیا تھا۔

متحدہ عرب امارات میں جاری ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں پاکستان اپنا اگلا میچ اب جمعہ 21 ستمبر کو افغانستان کے خلاف کھیلے گا۔ یہ میچ ابوظہبی میں کھیلا جائے گا۔ پاکستان اور بھارت ایک بار پھر اتوار 23 ستمبر کو آمنے سامنے ہوں گے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں