1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مکیش امبانی کے بیٹے کی شادی آئندہ ہفتے

6 جولائی 2024

مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق مکیش امبانی کے بیٹے آننت امبانی کی شادی 29 سالہ رادھیکا مرچنٹ سے 12 جولائی کو ہو رہی ہے۔

آننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی شادی کی ایک تقریب کی تصویر
آننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی شادی کی ایک تقریب کی تصویرتصویر: Rafiq Maqbool/AP Photo/picture alliance

اس سال مارچ میں ایشیا کے امیر ترین شخص اور بھارت کی ریلائنس انڈسٹریز کے مالک مکیش امبانی کے بیٹے آننت امبانی کی شادی کی تقاریب کا پر تعیش آغاز ہوا تھا۔ مارچ کی تین روزہ تقاریب میں 1,200 افراد کو مدعو کیا گیا تھا، جن میں سابق عالمی رہنما، ٹیک ٹائیکونز اور بالی ووڈ کی مشہور شخصیات بھی شامل تھیں۔ اس کے علاوہ امریکی گلوکارہ ریحانہ نے بھی اس موقع پر پرفارم کیا تھا۔

مئی میں اس شادی کی تقاریب کے ایک اور دور کا آغاز ہوا، جس میں مکیش امبانی اپنے مہمانوں کو ایک کروز شپ پر اٹلی سے فرانس کے تین روزہ سفر پر لے گئے۔

مارث میں منعقد کی گئی آننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی شادی کی ایک تقریب کی تصویرتصویر: Reliance Industries/Handout/REUTERS

اب بالآخر 29 سالہ آننت کی شادی 29 سالہ رادھیکا مرچنٹ سے آئندہ ہفتے ہو رہی ہے۔ مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق 12 جولائی کو ان کی شادی کے بعد 14 جولائی کو ایک اور پر تعیش تقریب منعقد کی جائے گی۔

ان تاریخوں کا انتخاب مبینہ طور پر ہندو رسومات کے مطابق آننت اور رادھیکا کی 'کنڈلیوں‘ کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔

ان تقاریب سے قبل جمعہ پانچ جولائی کو ان دونوں کی سنگیت کی ویڈیوز کو سوشل میڈیا پر خوب شیئر کیا گیا۔ اس تقریب میں بالی ووڈ کے فنکار عالیہ بھٹ، رنویر سنگھ اور سلمان خان نے بھی شرکت کی۔ مقامی میڈیا کے مطابق امریکی گلوکار جسٹن بیبر بھی اس تقریب میں موجود تھے۔

علاوہ ازیں، پچھلے ہفتے امبانی خاندان نے 50 غریب جوڑوں کی اجتماعی شادی کا انتظام بھی کیا تھا۔

مارچ میں شادی کی تین روزہ تقاریب میں 1,200 افراد کو مدعو کیا گیا تھا، جن میں سابق عالمی رہنما، ٹیک ٹائیکونز اور بالی ووڈ کی مشہور شخصیات بھی شامل تھیںتصویر: Reliance/AP Photo/picture alliance

آننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کون ہیں؟

آننت مکیش امبانی کے تیسرے اور سب سے چھوٹے بیٹے ہیں۔ امریکی جریدے فوربز کے مطابق 66 سالہ مکیش امبانی اس وقت دنیا کے نویں امیر ترین شخص ہیں اور ان کے کل اثاثوں کی مالیت یا 'نیٹ ورتھ' 116 ارب ڈالر ہے۔

ان کی ریلائنس انڈسٹریز کی ویب سائٹ پر موجود تفصیلات میں بتایا گیا ہے کہ آننت نے امریکہ کی براؤن یونیورسٹی سے تعلیم حاصل کی اور اب وہ ریلائنس میں قابل تجدید اور ماحول دوست توانائی کے آپریشنز کی توسیع کی نگرانی کر رہے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ امبانی خاندان کے آبائی شہر جام نگر میں 3,000 ایکڑ پر بنایا گیا جانوروں کا ایک ریسکیو سینٹر بھی چلا رہے ہیں۔

اسی طرح رادھیکا کے والد ورین مرچنٹ کا ادویات کا بہت بڑا کاروبار ہے اور امریکی جریدے ووگ کے مطابق رادھیکا بھی انہیں کی کمپنی اینکور ہیلتھ کیئر میں بطور مارکیٹنگ ڈائریکٹر کام کر رہی ہیں۔

رادھیکا نے ووگ کو دیے گئے ایک انٹرویو کے دوران بتایا کہ ان کی آننت سے ملاقات 2017ء میں ہوئی تھی اور اُس پہلی ملاقات میں ہی ان کو کچھ 'خاص‘ محسوس ہوا تھا، جس کے بعد ان کی آننت سے ملاقاتوں کا سلسلہ چل نکلا۔

مکیش امبانی کون ہے؟

01:21

This browser does not support the video element.

م ا⁄ا ب ا (اے پی)

 

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں