ایشیا یورپ میٹنگ: یورپ کی ایشیا سے مزید تعاون کی درخواست
24 اکتوبر 2008یورپی یونین کا کہنا ہے کہ عالمی مالیاتی بحران غیر معمولی نوعیت کا ہے اور اس سے نمٹنے کے لیے اقدامت بھی غیر معمولی نوعیت کے ہی کرنا پڑیں گے۔ اس حوالے سے، یورپی یونین کے مطابق، ایشیائی ممالک، خصوصاً چین، بھارت اور جاپان کا تعاون انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔
یورپی کمیشن کے صدر خوزے مانیول باروسو نے بیجنگ پہنچنے سے قبل ایک بیان میں کہا کہ یا تو یورپ اور ایشیا ساتھ تیریں گے یا پھر وہ ساتھ ڈوبیں گے۔
مزکورہ ایشیا یورپ میٹنگ میں تینتالیس ممالک کے سربراہان شرکت کر رہے ہیں۔
چین نے مالیاتی بحران پر قابو پانے کے لیے اپنے تعاون کی یقین دہانی کروائی ہے۔ چین کا کہنا ہے کہ تمام ممالک کو مل کر بین الاقوامی مالیاتی ڈھانچے میں اصلاحت کے لیے اقدامات کرنا پڑیں گے۔
دریں اثناء جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے چینی وزیرِ اعظم وین جیا باؤ سے جمعرات کے روز ملاقات کی اور امید ظاہر کی کہ چین اور یورپ کے درمیان تعلقات کی بہتری سے دونوں برّ اعظموں کے عوام کو فائدہ ہوگا۔
ایشیا یورپ میٹنگ اس وقت تناؤ کا شکار ہوگئی جب یورپی پارلیمان نے اپنے امن ایوارڈ کے لیے چینی حکومت کے مخالف ہو جیا کا انتخاب کیا۔ چین نے یورپی پارلیمان کے اس فیصلے پر شدید ناراضگی کا اظہار کیا۔ مزید برآں امریکی حکومت نے چین سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ پینتیس سالہ ہو جیا کو رہا کرے، جو گزشتہ ساڑھے تین برسوں سے مقّید ہیں۔