1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایشین چیمپئنز ٹرافی؛ پاکستان ہاکی ٹیم کے گلے شکوے

17 دسمبر 2012

بدھ سے دوحہ میں شروع ہونیوالی ایشین چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان کےعلاوہ دفاعی چیمپئن بھارت، ملا ئشیا، جاپان، چین اور عمان کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔

تصویر: Tariq Saeed

جنوبی کوریا کے دستبردار ہونے کے باوجود پاکستانی ٹیم کے ہیڈ کوچ اختر رسول نے ایشیشن چیمپئنز ٹرافی کو مشکل ٹورنامنٹ قرار دیا جوہر ٹاون ہاکی سٹیڈیم میں گفتگو کرتے ہوءے اختر رسول نے بتایا کہ یہ ایشین گیمز جتنا ہی مشکل ٹورنامنٹ ہے کیونکہ بھارت کے علاوہ ملائشیا اور جاپان کی ٹیمیں اپ سیٹ کرنے کی پوری صلاحیت رکھتی ہیں۔ اختر رسول کے بقول پاکستانی ٹیم کو جو گراف بلند ہوا ہے ہم اسے دوحہ میں برقرار رکھنے کی کوشش کریں گے۔


پاکستانی کپتان اور فل بیک محمد عمران نے ریڈیو ڈوءچے ویلے کو بتایا کہ میلبورن چیمپئنز ٹرافی میں وکٹری اسٹینڈ پر آنے کے بعد اب دوحہ میں ٹیم پر توقعات کا دباو بھی ہوگا۔ عمران کا کہنا تھا کہ عصر حاضر کی ہاکی میں کسی ٹیم کو آسان نہیں لیا جا سکتا اور چیمپئنز ٹرافی میں اچھا کھیلنے کے باوجود ہم اپنی خامیوں پر قابو پانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ عمران نے کہا کہ کھلاڑیوں اور کوچز کی نیت صاف تھی اس لیے میلبورن میں ٹیم کو اچھی کارکردگی کا صلہ ملااور اب پاکستان ہاکی سنہری دور واپس آئے گا۔ پرتھ سپر سیریز اور چیمپئنز ٹرافی کے بعد پاکستان کی گز شتہ چار ہفتوں میں یہ تیسری اسائنمنٹ ہے تاہم کپتان کے مطابق کھلاڑی تھکاوٹ کا شکار نہیں ہیں۔
میلبورن چیمپئنز ٹرافی میں اولمپک چیمپئن جرمنی اور بھارت جیسی ٹیموں کو ہرا کر کانسی کا تمغہ حاصل کرنے والی پاکستانی ٹیم کی عالمی درجہ بندی میں بھی خاطر خواہ بہتری آءی ہے۔ ٹیم اب نویں سے پانچویں نمبر پر پہنچ گئی ہے۔ اسی لیے پاکستانی کوچنگ پینل میں شامل سابق کپتان حنیف خان کے مطابق گرین شرٹس کے اچھے دن لوٹنے والے ہیں۔

پاکستان ہاکی ٹیم ان دنوں تشکیل نو سے گزر رہی ہےتصویر: AP


مگر پاکستان کے مایہ ناز فاروڈ شکیل عباسی جنہیں حالیہ میلبورن چیمپئنز ٹرافی کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ہے اپنے کوچ کی اس بات سے بالکل اتفاق نہیں کرتے۔ شکیل عباسی نے اس بابت ڈوئچے ویلے کو بتایا کہ میلبورن میں بریک تھرو تو ملا مگر ہاکی کا اس سے احیاء نہیں ہوگا۔ میں بارہ برس سے پاکستان کی طرف سے کھیل رہا ہوں آج دنیا کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ہوں مگر میرے پاس نوکری نہیں ہے ان حالات میں میں کیسے کسی کو ہاکی کھیلنے کا مشورہ دے سکتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میں کسی سے گلہ نہیں کر رہا کیونکہ شکایت کمزور لوگ کرتے ہیں اور عوام مجھے پسند کرتے ہیں اور میرے لیے یہی اصل اعزاز ہے۔
کپتان محمد عمران کو بھی چیمپئنز ٹرافی میں وکٹری اسٹینڈ پر آنے کے بعد حکومت کی جانب سے پزیرائی نہ ملنے کا گلہ ہے۔ عمران کا کہنا تھا کہ مزدور کو مزدوری پسینہ خشک ہونے سے پہلے ملنی چاہیے مگر وکٹری اسٹینڈ پر آنے کے باوجود ہمیں اب تک کسی نے نہیں پوچھا۔
ایشیئن چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان کو پہلا میچ اکیس دسمبر کو جاپان کے خلاف کھیلنا ہے۔ چوبیس دسمبر کو پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں دوحہ کے الریحان ہاکی اسٹیدیم میں مدمقابل آئیں گی جو جو ستاءیس دسمبر کو ہونیوالے فاءنل کی ڈریس رہیرسل ثابت ہوسکتا ہے۔
دریں اثنا اگلے ماہ بھارت میں کرکٹ کی آیہ پی ایل کی طر پر ہونیوالی انڈیا ہاکی لیگ کی کھلاڑیوں کی نیلامی میں محمد راشداور محمد توفیق سمیت آٹھ پاکستانی کھلاڑیوں کو دہلی اور ممبئی کی فرنچائز ٹیموں نے خرید لیا ہے۔

پاکستان میں ہاکی کھیل کو تقریباً زوال آ چکا ہےتصویر: DW


طارق سعید، لاہور

ادارت: عابد حسین

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں