1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایلوس کی سالگرہ پر اُس کے جرمنی میں قیام کی یادیں

14 جنوری 2010

1977ء میں بیالیس برس کی عمر میں انتقال کر جانے والے امریکی گلوکار ایلوس پریسلے کی 75 ویں سالگرہ آٹھ جنوری کو منائی گئی۔ اُس کی زندگی کا ایک اہم دَور وہ ہے، جب اُس نے جرمنی میں لازمی فوجی خدمت انجام دی۔

ایلوس جرمن شہر فریڈ برگ میںتصویر: AP

تب اُس کی عمر اگرچہ محض تیئیس برس تھی تاہم وہ عالمی شہرت یافتہ سٹار بن چکا تھا اور جرمن ذرائع ابلاغ کے لئے اُس کا جرمن سرزمین پر قدم رکھنا سب سے بڑی خبر تھی۔ ایک ریڈیو چینل سے ایلوس کے جرمنی پہنچنے کی خبر کچھ یوں نشر کی گئی:’’ایلوس پریسلے، بے شمار نوجوانوں کا آئیڈیل۔ شہر بریمر ہافن میں اُس نے جرمن سرزمین پر قدم رکھے۔ شانوں پر فوجیوں کا مخصوص بیگ لٹکائے وہ ویسا ہی نظر آ رہا تھا، جیسے باقی فوجی ہوا کرتے ہیں۔‘‘

جرمن شہر باڈ نَوئے ہائیم میں ایلوس کی یادگار کے طور پر اُس کا مجسمہ، جہاں ہر سال اُس کی سالگرہ پر اُس کے پرستار پھول چڑھانے جاتے ہیں۔تصویر: dpa

یہ یکم اکتوبر سن 1958ء کا دن تھا۔ بریمر ہافن سے ریل گاڑی میں سات گھنٹوں کا سفر طے کرتے ہوئے ایلوس جنوبی جرمنی کے شہر فرِیڈ برگ پہنچا، جہاں اُس کے اعزاز میں ایک شاندار استقبالیہ دیا گیا۔ تب ایلوس نے کہا تھا:’’یہاں آنا میرے لئے بے حد خوشی کا باعث ہے۔ مجھے امید ہے کہ یہاں مجھے بہت سے نوجوان لوگوں سے متعارف ہونے کا موقع ملے گا۔‘‘

ایلوس جرمنی پہنچنے پر ایک امریکی فوجی چھاؤنی میں جاتے ہوئےتصویر: AP

ایک خصوصی اجازت نامے کے تحت ایلوس نے فوجی چھاؤنی کی بجائے باہر شہر میں قیام کیا۔ اُس نے بہت زیادہ رقم کے عوض شہر باڈ نَوئے ہائیم کے وِلا گرُونے والڈ نامی ہوٹل کی دوسری منزل کا کمرہ نمبر دَس کرائے پر لیا۔ اِس ہوٹل کی انتظامیہ نے اِس کمرے کو آج تک اُسی حالت میں رکھا ہوا ہے۔

اِس ہوٹل کی مالکہ اِیس بیرنر ہالڈانے بتاتی ہیں کہ ایلوس کے پرستار شوق سے یہ کمرہ کرائے پر لے کر یہاں قیام بھی کرتے ہیں:’’دُنیا بھر کے تقریباً تمام ملکوں سے لوگ باڈ نَوئے ہائیم آتے ہیں۔ اور نہیں تو کم از کم اِس کمرے کو دیکھنے کے لئے۔ اگر استطاعت ہو تو اِس کمرے میں رات بھی گذارتے ہیں۔‘‘

جرمنی میں ڈیڑھ برس تک کے قیام کے بعد جب ایلوس پریسلے مارچ 1960ء میں یہاں سے رُخصت ہوا تو اُس کے لاکھوں پرستاروں نے آنسو بہائے۔ ایلوس نے وعدہ کیا کہ وہ جلد ہی دوبارہ جرمنی آئے گا، ایک ایسا وعدہ، جو کبھی ایفا نہ ہو سکا۔

رپورٹ: امجد علی

ادارت: مقبول ملک

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں