1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
معاشرہامریکہ

ایلون مسک دنیا کے پہلے کھرب پتی بننے کے قریب

صلاح الدین زین روئٹرز اور اے ایف پی کے ساتھ
7 نومبر 2025

شیئر ہولڈرز نے مسک کے لیے ایک ٹریلین ڈالر کے پے پیکج کی منظوری دی ہے اور یہ بڑی تنخواہ انہیں دنیا کا پہلا کھرب پتی بنا سکتی ہے۔ تاہم ٹیسلا کے سی ای او کو کئی جراٴت آمیز سنگ میل عبور کرنے کی ضرورت بھی ہے۔

ایلون مسک
ایک ٹریلین ڈالر کی تنخواہ سے ایلون مسک دنیا کے پہلے کھرب پتی بن سکتے ہیں، جو کرہ ارض پر پہلے ہی سب سے امیر ترین شخص ہیںتصویر: Daniel Cole/REUTERS

ٹیسلا کے شیئر ہولڈرز نے جمعرات کے روز بھاری اکثریت سے کمپنی کے سی ای او ایلون مسک کے لیے ایک پے پیکج کی منظوری دی ہے، جو ایک ٹریلین ڈالر تک ہو سکتا ہے۔

ٹیسلا کے ایک اہلکار نے کمپنی کی سالانہ میٹنگ میں بتایا کہ اس بڑی تنخواہ کے پیکج کو 75 فیصد سے زیادہ شیئر ہولڈرز کا سپورٹ حاصل ہے۔

اس موقع پر ایلون مسک نے ٹیکساس کے آسٹن میں انسان نما ایک روبوٹس کے ساتھ رقص کرتے ہوئے کہا کہ "ہم جس چیز کا آغاز کرنے جا رہے ہیں وہ ٹیسلا کے مستقبل کا محض ایک نیا باب ہی نہیں، بلکہ ایک پوری نئی کتاب ہے۔ یہ واقعی کافی بڑی کہانی ہونے والی ہے۔"

اس معاملے میں مسک کی کامیابی کی بڑی حد تک توقع پہلے سے کی جا رہی تھی، کیونکہ انہیں کمپنی میں اپنے تقریباً 15 فیصد حصص کے ساتھ ووٹ دینے کی اجازت تھی۔ اس نئی پیش رفت کے بعد ٹیسلا کے حصص کی تجارت میں تقریباً ایک فیصد کا اضافہ دکھا گیا۔

ناروے کے خودمختار دولت فنڈ اور سرمایہ کاروں کی مشاورتی کمپنیوں گلاس لیوس اور انسٹی ٹیوشنل شیئر ہولڈر سروسز جیسے کچھ بڑے سرمایہ کاروں نے مسک کے لیے اتنے بڑے معاوضے کی ادائیگی کے منصوبے کی یہ کہہ کر مخالفت بھی کی تھی کہ یہ تنخواہ شیئر ہولڈرز کی قدر کو کم کر سکتی ہے۔

مسک کو اتنی بڑی تنخواہ حاصل کرنے کے لیے کیا کرنا پڑے گا؟

ایک ٹریلین ڈالر کی تنخواہ سے ایلون مسک دنیا کا پہلے کھرب پتی بن سکتے ہیں، جو پہلے ہی کرہ ارض پر سب سے امیر ترین شخص ہیں۔ لیکن یہ بڑی ادائیگی مشروط بھی ہے۔

اس کے لیے اگلی دہائی کے دوران مسک کو ٹیسلا کی مارکیٹ ویلیو موجودہ 1.5 ٹریلین ڈالر سے کم از کم 8.5 ٹریلین ڈالر تک بڑھانے کی ضرورت ہے۔

اس سے قبل ایلون مسک امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مشیر کے طور پر کام کرتے تھے لیکن مئی میں انہوں نے ان کی انتظامیہ کو خیرباد کہہ دیا تھاتصویر: Ross D. Franklin/AP Photo/picture alliance

اس ادائیگی کے لے انہیں جو دیگر سنگ میل عبور کرنے ہیں، اس میں 20 ملین گاڑیوں کی فراہمی، 10 لاکھ روبو ٹیکسز کا آپریشنل ہونا اور 10 لاکھ روبوٹس کو فروخت کرنے ساتھ ہی کمپنی کے بنیادی منافعہ میں 400 بلین ڈالر تک کمائی میں اضافہ شامل ہے۔

منظور کیا گیا یہ معاوضہ اسٹاک گرانٹ کی شکل میں آئے گا، جس سے مسک کو اگلے 10 سالوں میں 423.7 ملین نئے شیئرز حاصل ہو سکیں گے۔

اگر ٹیسلا کمپنی کی مارکیٹ کیپٹلائزیشن ساڑھے آٹھ ٹریلین ڈالر تک پہنچ جائے، تو ایلون مسک کے ان حصص کی مالیت تقریباً ایک ٹریلین ڈالر ہو گی اور جو پیکج ان کے لیے منظور کیا گیا ہے اس کی مکمل ادائیگی کے لیے مارکیٹ کیپٹلائزیشن ساڑھے آٹھ ٹریلین ڈالر تک پہنچنا ضروری ہے۔

ٹیسلا سے مسک کو مسلسل وابستہ رکھنے کی کوشش

ٹیسلا کے لیے ایلون مسک کی مسلسل سروس کو یقینی بنانے کے لیے یہ تاریخی معاوضہ تیار کیا گیا تھا۔

کمپنی کے بورڈ کا کہنا ہے کہ اگر پے پیکج منظور نہ ہوا تو مسک استعفیٰ دے سکتے ہیں۔ ٹیسلا کے چیئرمین رابن ڈین ہولم نے دلیل دی کہ مسک کو برقرار رکھنا ٹیسلا کے مستقبل کے لیے بہت ضروری ہے۔

یہ ووٹ سرمایہ کاروں کی ان پریشانیوں کو بھی کم کرنے میں مدد فراہم کرے گا کہ مسک سیاست میں سرگرم ہونے سے زیادہ مشغول ہو گئے ہیں۔ اس سے قبل وہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مشیر کے طور پر کام کرتے تھے لیکن مئی میں انہوں نے انتظامیہ کو چھوڑ دیا تھا۔

ٹیسلا کے علاوہ، مسک اپنی دیگر کمپنیاں بھی چلاتے ہیں، جن میں راکٹ بنانے والی کمپنی اسپیس ایکس اور مصنوعی ذہانت پر کام کرنے والی ایکس اے آئی بھی شامل ہیں۔

ادارت: جاوید اختر

ایلون مسک کا اے آئی چیٹ بوٹ ’’گروک‘‘ تنازعہ اور ہنگامہ

05:25

This browser does not support the video element.

صلاح الدین زین صلاح الدین زین اپنی تحریروں اور ویڈیوز میں تخلیقی تنوع کو یقینی بنانے کی کوشش کرتے ہیں۔
ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں