1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایلون مسک نے اپنی پارٹنرکے بھارتی تعلقات سے متعلق کیا کہا؟

جاوید اختر نئی دہلی
1 دسمبر 2025

ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے سی ای او ایلون مسک نے انکشاف کیا ہے کہ ان کی پارٹنر شیون زیلس کا تعلق بھارتی نسل سے ہے۔ اور ان کے بیٹوں میں سے ایک کا نام نوبل انعام یافتہ بھارتی نژاد سائنس دان سبرامنیم چندرشیکھر سے منسوب ہے۔

ایلون مسک
ارب پتی ایلون مسک نے اعتراف کیا کہ انہیں پہلے اپنی ساتھی کی نسل سے متعلق تفصیلات کا علم نہیں تھاتصویر: Molly Riley/White House/ZUMA/picture alliance

ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے سی ای او ایلون مسک نے بھارتی صنعت کار اور اسٹاک بروکر نکھل کامتھ کے پوڈکاسٹ میں کہا کہ ان کی ساتھی شیون زیلس نصف بھارتی نژاد ہیں۔

ارب پتی نے اعتراف کیا کہ انہیں پہلے اپنی ساتھی کی نسل سے متعلق تفصیلات کا علم نہیں تھا، لیکن امریکہ میں بھارتی ٹیلنٹ کے اہم کردار پر بات کرتے ہوئے انہوں نے اس تعلق کو اجاگر کیا۔

ایلون مسک نے یہ بھی انکشاف کیا ہے کہ ان کے بیٹوں میں سے ایک کا نام نوبل انعام یافتہ بھارتی سائنس دان سبرامنیم چندر شیکھر سے منسوب ہے۔

ارب پتی مسک نے بتایا کہ زیلس سے ان کے ایک بیٹے کا درمیانی نام ’’شیکھر‘‘ ہے، جو بھارتی نژاد امریکی ماہر طبعیات اور نوبل انعام یافتہ سبرامنیم چندر شیکھر کے نام پر رکھا گیا ہے۔

بھارتی نژاد امریکی چندر شیکھر کو ستاروں کی ساخت اور ان کی ارتقائی عمل کے متعلق نظریاتی تحقیق پر 1983 میں فزکس کا نوبل انعام دیا گیا تھا۔

ایلون مسک اپنی سابق اہلیہ تلولا ریلیے کے ساتھتصویر: Evan Agostini/Invision/AP/picture alliance

شیون زیلس کون ہیں؟

زیلس کی پیدائش اونٹاریو، کینیڈا میں ہوئی۔ ان کی والدہ، شاردا زیلس، پنجابی بھارتی ہیں جبکہ والد رچرڈ زیلس ایک سفید فام کینیڈین ہیں۔

زیلس ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کی ماہر ہیں۔ وہ 2017 میں نیورالنک میں شامل ہوئیں اور اس وقت کمپنی کی ڈائریکٹر آف آپریشنز اور اسپیشل پروجیکٹس کے طور پر کام کر رہی ہیں۔

یو ایس اے ٹوڈے کے مطابق، زیلس نے ییل یونیورسٹی سے اکنامکس اور فلاسفی میں تعلیم حاصل کی، جہاں وہ آئس ہاکی ٹیم میں گول کیپر بھی رہیں۔ بعد میں انہوں نے آئی بی ایم اور بلومبرگ میں انٹرنل وینچرز اور اسٹارٹ اپ پارٹنرشپس پر کام کیا، جس کے بعد وہ بلومبرگ بیٹا میں وینچر کیپیٹل کے شعبے سے منسلک ہو گئیں۔

سن دو ہزار سولہ میں انہوں نے اپنا فوکس براہِ راست مصنوعی ذہانت پر منتقل کیا اور اوپن اے آئی میں شامل ہوئیں، جہاں وہ بالآخر بورڈ آف ڈائریکٹرز کی کم عمر ترین رکن بنیں۔

مسک اور زیلس نے 2021 میں خاموشی سے جڑواں بچوں، اسٹرائیڈر اور ایزور، کا استقبال کیا۔ ان کی بیٹی آرکیڈیا فروری 2024 میں پیدا ہوئی، اور بعد ازاں زیلس نے چوتھے بچے، سیلڈن لیکرگس، کی پیدائش کی بھی تصدیق کی۔

ایلون مسک کے مختلف پارٹنرز سے کئی اور بچے بھی ہیں۔

میں ایلون مسک کیسے بنا؟

07:50

This browser does not support the video element.

مسک کا بھارتی ٹیلنٹ کی تعریف

اسی پوڈکاسٹ کے دوران، ایلون مسک نے امریکہ میں بھارتی پیشہ ور افراد کے کردار پر بھی گفتگو کی۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ کو بھارتی نژاد افراد سے بے حد فائدہ پہنچا ہے۔ ان کے الفاظ میں، ''میرا خیال ہے کہ امریکہ کو انتہائی باصلاحیت بھارتیوں سے بے پناہ فائدہ ہوا ہے جو یہاں آئے۔‘‘

ان کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ہزاروں بھارتیوں کے لیے اعلیٰ معیار کی تعلیم، اچھی تنخواہ والی نوکریاں، بہتر طرز زندگی اور ترقی کے مواقع کا امریکی خواب، کم ہوتا جا رہا ہے، کیونکہ امریکی ویزا قوانین سخت ہو رہے ہیں اور پالیسیوں میں غیر متوقع تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں۔

ادارت: صلاح الدین زین

جاوید اختر جاوید اختر دنیا کی پہلی اردو نیوز ایجنسی ’یو این آئی اردو‘ میں پچیس سال تک کام کر چکے ہیں۔
ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں