1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایلون مسک نے ٹوئٹر سے 44 ارب ڈالر کا معاہدہ ختم کر دیا

9 جولائی 2022

ٹیسلا کے سی ای او ایلون مسک نے کہا ہے کہ وہ ٹوئٹر خریدنے کے لیے اپنا 44 ارب ڈالر کا معاہدہ ختم کر رہے ہیں۔ ٹوئٹر نے اس کے خلاف قانونی کارروائی کا عندیہ دیا ہے۔

Elon Musk
تصویر: John Angelillo/UPI Photo via Newscom/picture alliance

 ٹوئٹر کو 44 ارب ڈالر میں خریدنے کے حوالے سے جاری تذبذب اس وقت ختم ہو گیا جب دنیا کے امیر ترین کاروباری، ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے چیف ایگزیکیوٹیو ایلون مسک نے سوشل میڈیا کمپنی کے بورڈ کو ایک خط بھیج کر مطلع کیا کہ وہ ان کے ساتھ کیے جانے والے معاہدے کو ختم کر رہے ہیں۔

ٹوئٹر نے کہا کہ وہ کمپنی کے انضمام کو مکمل کرنے کے لیے مسک کے خلاف قانونی چارہ جوئی کرے گی اور اسے اپنی کامیابی کا پورا یقین ہے۔

ٹوئٹر بورڈ کے چیئرمین بریٹ ٹیلر نے اپنی ایک ٹویٹ میں کہا، "بورڈ ایلون مسک کے ساتھ طے شدہ قیمت اور شرائط پر لین دین کو مکمل کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ اور  معاہدے کو نافذ کرنے کے لیے قانونی کارروائی کا منصوبہ بنارہی ہے۔"

مسک نے وعدہ کیا تھا کہ اگر وہ اس معاہدے کو ختم کرتے ہیں تو فیس کے طور پر ٹوئٹر کو ایک ارب ڈالر کی رقم ادا کریں گے۔

تصویر: Scott Olson/Getty Images

 معاہدے کے پیچھے کی اصل کہانی

ٹوئٹر اور دنیا کے امیر ترین شخص کے درمیان یہ ڈرامہ مارچ میں اس وقت شروع ہوا جب مسک نے اعلان کیا کہ وہ سوشل میڈیا کی کمپنی کو خریدنا چاہتے ہیں جو ان کے بقول اظہار رائے کی آزادی کو فروغ دینے کی اپنی صلاحیتوں پر پورا نہیں اتر رہی ہے۔

انہوں نے یہ انکشاف بھی کیا کہ وہ ٹوئٹر کے اعلی عہدیداروں بشمول شریک بانی جیک ڈورزی کے ساتھ اس حوالے سے بات چیت کر رہے ہیں۔ وہ ٹوئٹر کے شیئر خریدنا چاہتے ہیں تاکہ انہیں کمپنی میں بالادستی حاصل ہو سکے۔

تاہم بعد کے ہفتوں میں کئی اتار چڑھاؤ دیکھنے کو ملے۔ مسک نے کبھی کمپنی کو خریدنے کے اپنے عزم کا اظہار کیا تو کبھی اس معاہدے سے الگ ہو جانے کے اشارے دیے۔

عدالت میں دائر کیس کے مطابق ایلون مسک کے وکلاء نے دعوی کیا ہے کہ ٹوئٹر نے معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے کیونکہ وہ جعلی یا اسپیم اکاؤنٹس کے بارے میں معلومات فراہم کرنے میں ناکام رہا، جو کمپنی کی کارکردگی کو جانچنے کے لیے بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔

اس میں مزید کہا گیا ہے کہ ٹوئٹر نے عملی طور پر اس معاہدے کی متعدد دفعات کی  خلاف ورزی کی ہے۔

مسک کے اس اعلان کے بعد ٹوئٹر کے شیئرز میں 6 فیصد کی گراوٹ آگئی۔

قانونی ماہرین نے ٹوئٹر اور ایلون مسک کے درمیان اب ایک طویل قانونی جنگ کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

 ج ا /      (اے پی، روئٹرز)

دنیا کا امیر ترین شخص، کون کون سی کمپنیوں کا مالک

01:45

This browser does not support the video element.

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں