1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایلون مسک نے دورہ بھارت ملتوی کرنے کا اعلان کردیا

20 اپریل 2024

مسک کے لیے ٹیسلا کی ساکھ میں اضافے اور بھارتی انتخابات کے موقع پر وزیر اعظم مودی کے لیے یہ دورہ خاصی اہمیت کا حامل تھا۔ امریکی ارب پتی نے ٹیسلا کی ’بھاری ذمہ داریوں‘ کو اپنے دورے کے التوا کا ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔

ایلون مسک کی گزشتہ برس نیویارک میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ ملاقات
ایلون مسک کی گزشتہ برس نیویارک میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ ملاقات تصویر: India's Press Information Bureau/REUTERS

ایلون مسک نے اپنا بھارت کا طے شدہ  دورہ ملتوی کرنے کا اعلان کیا ہے۔ امریکی ارب پتی اس دورے میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کرنے والے تھے۔ مسک نے اپنی کار ساز کمپنی  ٹیسلا  کی ذمہ داریوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان کا مقصد اس سال کے آخر میں اس دورے کو دوبارہ شیڈول کرنا ہے۔ مسک نے اپنے زیر ملکیت سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں لکھا، ''بدقسمتی سے ٹیسلا کی بہت بھاری ذمہ داریوں کا تقاضہ ہے کہ  بھارت کا دورہ ملتوی کیا جائے لیکن میں اس سال کے آخر میں یہ دورہ کرنے کا بہت زیادہ منتظر ہوں۔‘‘

خبر رساں ادارے روئٹرز نے ہفتے کے روز اس معاملے سے واقف چار افراد کے حوالے سے التوا کی اطلاع دی۔ روئٹرز نے کے مطابق اس سفر میں الیکٹرک وہیکل (ای وی) بنانے والی کمپنی ٹیسلا کے جنوبی ایشیائی مارکیٹ میں داخل ہونے کے منصوبوں کا اعلان شامل ہونا تھا۔ اس وقت ٹیسلا کے سی ای او ایلون مسک اور بھارتی  وزیر اعظم دونوں ہی ایک نازک موڑ پر ہیں۔

بھارت میں عام انتخابات کے لیے پولنگ کا عمل جاری ہےتصویر: Idrees Mohammed/AFP/Getty Images

ٹیسلا مہینوں سے اپنے حصص کی قیمتوں میں کمی  اور اپنی عالمی افرادی قوت کے دس فیصد سے زیادہ کو ملازمتوں سے فارغ کر دینے سے متعلق خبروں کے اثرات کو زائل کرنے اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنے کے لیے بھارت میں اپنے ممکنہ اعلانات کا استعمال کر سکتی تھی۔

ایلون مسک کو منگل کے روز کمپنی کے سہ ماہی نتائج کا اعلان کرنے کے موقع پر  تجزیہ کاروں کی جانب سے ٹیسلا کاروں کی گرتی ہوئی فروخت، چینی الیکٹرک کار سازوں سے بڑھتی ہوئی مسابقت اور ٹیسلا کی مستقبل کی اہم مصنوعات کی قسمت کے بارے میں سخت سوالات کا سامنا کرنے کی توقع ہے۔

اگر ایلون مسک اپنا دورہ ملتوی نہ کرتے تو وہ بھارت کے قومی انتخابات کے آغاز کے دو دن بعد اتوار کو دنیا کی اس سب بڑی جمہوریت کہلانے والے ملک میں پہنچے ہوتے، جہاں نریندر مودی کی بطور وزیر اعظم  تیسری بار غیر معمولی کامیابی حاصل کرنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

توقع کی جارہی تھی کہ دیگر منصوبوں کے ساتھ ساتھ مسک اپنے دورہ نیو دہلی کے دوران بھارت میں ٹیسلا کی فیکٹری لگانے کا اعلان بھی کریں گےتصویر: zz/STRF/STAR MAX/IPx/picture alliance

مودی بھارت کو عالمی مینوفیکچرنگ کا گڑھ بنانے کے وعدوں کی طرف اپنی پیش رفت کو اجاگر کرنا چاہتے ہیں۔ روئٹرز کی طرف سے دس اپریل کو مسک کے بھارت کے سفر ی منصوبے کی اطلاع دینے کے بعد مسک نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا تھا کہ وہ ''بھارت میں وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کے منتظر ہیں!‘‘

توقع کی جا رہی تھی کہ مسک نئی دہلی میں اپنی موجودگی کے دوران  دو سے تین بلین ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کریں گے۔ ان اعلانات میں پر بھارت میں ٹیسلا کا ایک کارخانہ قائم کرنے کا اعلان بھی متوقع تھا۔  ان کی نئی دہلی میں کئی خلائی اسٹارٹ اپس کے ایگزیکٹوز سے ملاقات کی بھی توقع تھی۔ مسک دنیا کے سب سے زیادہ آبادی والے ملک میں اپنی سٹار لنک سیٹلائٹ براڈ بینڈ خدمات کی پیشکش شروع کرنے کے لیے بھارتی حکومت کی ریگولیٹری منظوی کے بھی منتظر ہیں۔

ش ر⁄ ع ب (روئٹرز)

ٹائٹل: ایلون مسک انٹرنیٹ تک رسائی کے بادشاہ ہیں؟

05:20

This browser does not support the video element.

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں