ایمازون کی بھارت میں پینتیس ارب ڈالر کی سرمایہ کاری
10 دسمبر 2025
منگل کے روز ایمازون نے اعلان کیا کہ وہ 2030 تک بھارت میں اپنے تمام کاروباروں میں 35 ارب ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری کرے گی، جس سے ملک کی ڈیجیٹل معیشت، مصنوعی ذہانت سے چلنے والی تبدیلی اور روزگار پیدا کرنے کی کوششوں کو مزید تقویت ملے گی۔
ایمازون کی یہ نیا سرمایہ کاری منصوبہ گزشتہ 15 برسوں میں بھارت میں پہلے سے کی گئی تقریباً 40 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری پر مبنی کے علاوہ ہے۔
یہ اعلان 10 دسمبر کو نئی دہلی میں ہونے والی 'ایمازون سمبھئو سمٹ‘ کے چھٹے ایڈیشن کے دوران کیا گیا، جہاں کنسلٹنگ فرم کی اسٹون اسٹریٹیجی کی جانب سے اقتصادی اثرات کے متعلق ایک رپورٹ بھی جاری کی گئی۔
رپورٹ کے مطابق، ایمازون کی مجموعی سرمایہ کاری، بشمول انفراسٹرکچر کی ترقی اور ملازمین کی اجرت، نے کمپنی کو بھارت میں سب سے بڑا غیر ملکی سرمایہ کار، سب سے بڑا ای کامرس ایکسپورٹ کا محرک اور ملک کے بڑے روزگار فراہم کرنے والوں میں شامل بنا دیا ہے۔
کمپنی نے کہا کہ اس کی مستقبل کی سرمایہ کاری تین اسٹریٹجک ستونوں پر مبنی ہوگی۔ یہ ہیں مصنوعی ذہانت سے چلنے والی ڈیجیٹلائزیشن، برآمدات میں اضافہ اور روزگار کی تخلیق، جو بھارت کی وسیع تر ڈیجیٹل اور معاشی ترجیحات کے مطابق ہیں۔
ایمازون کے مطابق اس نے بھارت بھر میں بڑے پیمانے پر فزیکل اور ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کی تعمیر میں سرمایہ کاری کی ہے، جن میں فُل فلمنٹ سینٹرز، ٹرانسپورٹیشن نیٹ ورکس، ڈیٹا سینٹرز، ڈیجیٹل پیمنٹ انفراسٹرکچر اور ٹیکنالوجی پلیٹ فارم شامل ہیں۔
کی اسٹون کی رپورٹ کے مطابق، ایمازون اب تک 1 کروڑ 20 لاکھ سے زائد چھوٹے کاروباروں کو ڈیجیٹل بنا چکا ہے، 20 ارب ڈالر کی مجموعی ای کامرس برآمدات کو ممکن بنایا ہے، اور 2024 میں تقریباً 28 لاکھ براہِ راست، بالواسطہ، ضمنی اور موسمی ملازمتوں کی حمایت کی ہے۔
2030 تک اضافی 10 لاکھ ملازمتیں
ایمازون کا منصوبہ ہے کہ وہ 2030 تک بھارت میں مزید 10 لاکھ براہِ راست، بالواسطہ، عارضی اور ضمنی ملازمتیں پیدا کرے۔ یہ ملازمتیں کاروبار کے مسلسل پھیلاؤ، اس کے فُل فلمنٹ اور ڈیلیوری نیٹ ورک کے بڑھنے، اور پیکیجنگ، مینوفیکچرنگ اور ٹرانسپورٹیشن جیسے متعلقہ شعبوں میں بڑھتی ہوئی طلب کے باعث پیدا ہوں گی۔
اعلان پر تبصرہ کرتے ہوئے ایمازون کے ایک سینئر وائس پریزیڈنٹ، امیت اگروال نے کہا کہ بھارت میں کمپنی کی ترقی ملک کی ڈیجیٹل امنگوں سے گہرا تعلق رکھتی ہے۔
ماہرین کے مطابق دنیا بھر میں بازار کی سختی کے باوجود، بھارت میں ایمازون کی 35 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری اس بات کی علامت ہے کہ کمپنی بھارت کی ڈیجیٹل طلب، لاجسٹکس کے وسیع ڈھانچے اور مضبوط افرادی قوت پر آئندہ دہائی میں پائیدار ترقی کے محرکات کے طور پر اعتماد رکھتی ہے۔
ادارت: صلاح الدین زین