1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایمسٹرڈم میں مسافر طیارے کے اغوا کی اطلاع پائلٹ کی غلطی نکلی

7 نومبر 2019

ہالینڈ کے شہر ایمسٹرڈم کے شیپول ایئر پورٹ پر غلطی سے ہنگامی حالت میں سکیورٹی اہلکاروں کی بہت بڑی نفری طلب کر لی گئی۔ ایک ہسپانوی طیارے کے پائلٹ نے غلطی سے وہ بٹن دبا دیا تھا، جس کے ذریعے ہائی جیکینگ کی اطلاع دی جاتی ہے۔

تصویر: picture-alliance/Pro Shots/P. Bakker

ایمسٹرڈم سے جعمرات سات نومبر کو ملنے والی مختلف نیوز ایجنسیوں کی رپورٹوں کے مطابق یہ واقعہ ایمسٹرڈم کے اس شیپول ایئر پورٹ پر پیش آیا، جو ہالینڈ کا سب سے بڑا ایئر پورٹ ہے اور یورپ کے بڑے ہوائی اڈوں میں شمار ہوتا ہے۔ اس ایئر پورٹ پر اسپین کی ایک ایئر لائن کے ایک طیارے کے پائلٹ نے ایسی غلطی کی، جس نے ہر کسی کو پریشان کر دیا اور شیپول ایئر پورٹ کے ایک حصے کو فوراﹰ فضائی ٹریفک کے لیے بند بھی کر دیا گیا۔

یہ طیارہ اسپین کی Air Europa نامی کمپنی کا ہوائی جہاز تھا، جس کے پائلٹ نے پرواز سے قبل طیارے میں مسافروں کی بورڈنگ کے دوران غلطی سے ایمرجنسی کی اطلاع دینے والا بٹن دبا دیا تھا۔ یہ ایمرجنسی بٹن وہ تھا، جس کے ذریعے کوئی بھی پائلٹ کسی طیارے کے ہائی جیک کر لیے جانے کی اطلاع دیتا ہے۔

اس درست سمجھی گئی ہنگامی اطلاع کے بعد چند لمحوں کے اندر اندر ڈچ پولیس کے خصوصی مسلح دستے ایئر پورٹ کے رن وے پر پہنچ گئے اور انہوں نے بلاتاخیر یہ مسافر طیارہ خالی کرا لیا۔ پھر ایک گھنٹے بعد جب ہر قسم کی تسلی کر لی گئی کہ معاملہ کسی حقیقی ہائی جیکنگ کا نہیں تھا، تو اس ہسپانوی طیارے کو شیپول ایئر پورٹ سے پرواز کی اجازت دے دی گئی۔

تصویر: picture-alliance/dpa/N. Economou

بعد ازاں متعلقہ ایئر لائن نے متاثرہ مسافروں سے اور ٹوئٹر پر ایک پیغام میں بھی اپنے پائلٹ کی اس غلطی پر معذرت بھی کر لی۔ اس ٹویٹ میں کہا گیا، ''کچھ بھی نہیں ہوا۔ تمام مسافر محفوظ ہیں اور ہم اس واقعے پر دل سے معذرت خواہ ہیں۔‘‘ اس واقعے کی وجہ سے شیپول ایئر پورٹ پر معمول کی مسافر پروازوں کا نظام بدھ کو رات گئے تک متاثر رہا۔ جب پائلٹ نے غلطی سے ایمرجنسی بٹن دبایا تھا، تب اس طیارے میں ستائیس مسافر موجود تھے۔

ایمسٹرڈم کا شیپول ایئر پور‌ٹ یورپ کے مصروف ترین ہوائی اڈوں میں سے ایک ہے، جسے ہر سال 70 ملین سے زائد مسافر استعمال کرتے ہیں۔

دیگر رپورٹوں کے مطابق ڈچ پولیس کے فضائی سفر میں سلامتی کے ماہرین اس بارے میں چھان بین کر رہے ہیں کہ طیارے کے پائلٹ نے غلطی سے ہائی جیکنگ کا الارم بجا کیسے دیا۔ اس لیے کہ ان ماہرین کے مطابق ایسا صرف کسی ایک بٹن کو اچانک دبا دینے سے نہیں کیا جا سکتا بلکہ اس کے لیے پائلٹ کو چار اعداد پر مشتمل ایک کوڈ بھی کنٹرول ٹاور کے عملے کو بتانا ہوتا ہے۔

م م / ع ا (اے ایف پی، ڈی پی اے)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں