ایمی ایوارڈز: ’میڈ مین‘ بہترین ڈرامہ قرار
31 اگست 2010’میڈ مین‘ ٹیلی وژن سیریز سن 1960ء کی ایک اشتہاری ایجنسی کی کہانی بیان کرتی ہے۔ اس سیریز نے لگاتار تیسرے سال بہترین ڈرامے کا ایوارڈ حاصل کیا ہے۔
اے بی سی پروڈکشن ’ماڈرن فیملی‘ کامیڈی شو میں تین امریکی خاندانوں کی روزمرہ زندگی کے بارے میں تفریح ہوتی ہے اور ہنسی مذاق بھی۔
اس کے علاوہ ایمی ایوارڈز کی تقریب میں ٹیلی وژن مووی ’ٹیمپل گرینڈن‘ کی بھی زبردست تعریف کی گئی۔ اس مووی نے تین انعام حاصل کئے۔ کلیئر ڈینیس کو اس مووی کے لئے لیڈ اداکارہ، جولیا آرمنڈ کو سپورٹنگ اداکارہ جبکہ ڈیوڈ سٹریٹ ہیرن کو سپورٹنگ اداکار کا انعام دیا گیا۔
رائن مرفی کو ایک اور مشہور کامیڈی شو ’گلی‘ کے لئے بہترین ہدایت کار کا ایوارڈ ملا جبکہ برائن کرینسٹن کو ’بریکنگ بیڈ‘ کے لئے لیڈ ایکٹر کا ایوارڈ حاصل ہوا۔ برائن نے یہ اعزاز مسلسل تیسری مرتبہ حاصل کیا۔ وہ اس ڈرامے میں کیمسٹری کے ایک پروفیسر کا کردار نبھا رہے ہیں۔
ایمی ایوارڈز میں جن دیگر ٹی وی شخصیات کو انعامات ملے، ان میں ایڈم میزر خاص طور سے شامل ہیں۔ ایڈم کو ٹی وی مووی ’یو ڈونٹ نو جیک‘ کا سکرین پلے لکھنے پر ایوارڈ دیا گیا۔
دریں اثناء اینا پیکوئن اور سٹیفن موئر نے فی الحال اپنا ہَنی مون منانے کا فیصلہ ترک کر دیا ہے۔ یہ دونوں ابھی حال ہی میں شادی کے بندھن میں بندھ گئے تھے۔ یہ دونوں ایمی ایوارڈز کی رنگا رنگ تقریب میں شریک تھے۔
رپورٹ: گوہر نذیر گیلانی/ خبر رساں ادارے
ادارت: مقبول ملک