1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایم کیو ایم کے سربراہ الطاف حسین گرفتار

امتیاز احمد3 جون 2014

لندن میں متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے سربراہ الطاف حسین کو منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔ دوسری جانب ایم کیو ایم نے ہنگامی طور پر اجلاس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے لیڈر لندن میں اپنے گھر پر ہی موجود ہیں۔

تصویر: imago

لندن پولیس کی ایک ترجمان نے ڈی ڈبلیو سے بات کرتے ہوئے تصدیق کی ہے کہ نارتھ ویسٹ کے علاقے سے ایک پاکستانی نژاد ساٹھ سالہ شخص کو منی لانڈرنگ کے کیس میں گرفتار کیا گیا ہے تاہم انہوں نے کہا کہ وہ ملزم کا نام نہیں بتا سکتیں۔ پاکستانی میڈیا اور ڈی ڈبلیو کے ذرائع کے مطابق گرفتار ہونے والے الطاف حسین ہی ہیں۔ برطانوی پولیس لندن میں مقیم ایم کیو ایم کے سربراہ کے خلاف ’چار لاکھ پاؤنڈز‘ کی منی لانڈرگ کے ایک کیس اور ایم کیو ایم ہی کے لیڈر عمران فاروق قتل کیس میں تحقیقات جاری رکھے ہوئے تھی۔ اس خبر کے منظر عام پر آنے کے فوری بعد کراچی اسٹاک ایکسچینج 780 سے زائد پوائنٹس کی کمی دیکھی گئی جبکہ کراچی بھر کے کاروباری مراکز بند ہونا شروع ہو گئے ہیں۔

گزشتہ ہفتے ایم کیو ایم ہی کے ایک لیڈر فاروق ستار نے کہا تھا کہ لندن میں ان کے قائد الطاف حسین کے بینک اکاؤنٹس منجمد کر دیے گئے ہیں۔ انہوں نے اپنے کارکنوں سے برطانوی حکومت کے خلاف ’پرامن احتجاج‘ جاری رکھنے کی اپیل کی تھی۔

قبل ازیں لندن کی میٹروپولیٹن پولیس نے کہا تھا کہ عمران فاروق قتل کیس کے سلسلے میں مارے گئے چھاپوں کے دوران انہیں ’کافی رقم‘ ملی ہے۔ اس کے بعد الطاف حسین کے خلاف منی لانڈرنگ کا کیس شروع کر دیا گیا تھا۔

دوسری جانب متحدہ قومی موومنٹ نے اپنے کارکنوں کو کراچی میں نائن زیرو کہلانے والے اپنے مرکز میں طلب کرتے ہوئے کہا ہے کہ الطاف حسین کو گرفتار نہیں کیا گیا اور ان سے گھر پر ہی پوچھ گچھ کی گئی ہے۔ کراچی پولیس کے مطابق شہر میں برطانوی سفارتخانے کی سکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔ مزید تفصیلات ابھی موصول ہو رہی ہیں۔

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں