1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اینگری برڈز اور یوٹیوب 2012ء کی معروف ترین ایپلیکیشنز

3 جنوری 2013

2012 میں اسمارٹ فونز اور ٹیبلٹ کمپیوٹرز کے لیے ڈاؤن لوڈ کی جانے والی ایپلیکیشنز میں اینگری برڈز، یوٹیوب، انسٹا گرام اور فیس بُک بدستور سرفہرست رہے تاہم بعض دیگر ایپلیکیشنز نے بھی تیزی سے مقبولیت حاصل کی ہے۔

کمپیوٹرز اور اسمارٹ فونز کے استعمال کے حوالے سے امریکا کی ایک تجزیاتی کمپنی ’’فَلَری‘‘ Flurry کے مطابق اس برس اسمارٹ فون اور ٹیبلٹ کمپیوٹرز استعمال کرنے والے صارفین نے اوسطاﹰ دو گھنٹے روزانہ مختلف ایپلیکیشنز کو استعمال کرتے ہوئے گزارے۔ یہ وقت گزشتہ برس کے مقابلے میں 35 فیصد زائد ہے۔ رواں برس یعنی 2013ء میں یہ وقت مزید بڑھنے کی توقع ہے۔

یوٹیوب اور اینگری برڈ وہ ایپلیکیشنز ہیں جنہیں سب سے زیادہ ڈاؤن لوڈ کیا گیاتصویر: Youtube

موبائل مارکیٹنگ کمپنی ’’فِسکو‘‘ Fiksu کے نائب صدر کریگ پالی Craig Palli کے مطابق، ’’ 2012ء صارفین کی طرف سے ایپلیکیشنز استعمال کرنے کے طریقہ کار میں تبدیلی کا نقطہ آغاز تھا۔‘‘ ان کا کہنا تھا کہ سب سے بڑی تبدیلی صارفین میں یہ شوق اور چاہت پیدا ہونا ہے کہ ان ایپس کو روزمرہ کاموں یا مصروفیات میں مدد کے لیے استعمال میں لایا جائے۔

معروف امریکی کمپیوٹرساز ادارے ایپل کے قائم کردہ ایپلکیشن اسٹور ’ایپ اسٹور‘ سے مفت ڈاؤن لوڈ کی جانے والی ایپلیکیشنز میں نیٹ ورکنگ، میڈیا، انٹرٹینمنٹ، فوٹو ایڈیٹنگ اور گیمز کی کیٹگریز بدستور سر فہرست رہیں۔ جبکہ یوٹیوب اور اینگری برڈ وہ ایپلیکیشنز ہیں جنہیں سب سے زیادہ ڈاؤن لوڈ کیا گیا۔

اسی دوران بہت سی ایسی ایپلیکیشنز جنہیں گزشتہ برس کے دوران ہی متعارف کرایا گیا، دیکھتے ہی دیکھتے سال کی ڈاؤن لوڈ کی جانے والی ٹاپ ایپلیکیشنز میں شامل ہو گئیں۔

انہی ایپلیکیشنز میں سے ایک گیم ’ڈرا سم تھنگ‘ Draw Something ہے جو آئی فون اور اینڈرائڈ آپریٹنگ سسٹم رکھنے والی ڈیوائسز کے لیے متعارف کرائی گئی۔ گزشتہ برس فروری میں متعارف کرائی گئی تھی اور اس کی دستیابی ختم کیے جانے کے باوجود بھی یہ ایپلیکیشن گزشتہ برس پیسوں کے عوض خریدی جانے والی آئی فون اور اینڈرائڈ ڈیوائسز کے لیے دوسری سب سے زیادہ ڈاؤن لوڈ کی گئی ایپلیکیشن ہے۔

گریگ پالی کے مطابق: ’’ کئی دیگر ایسی گیمز پر مبنی ایپس بھی تیزی سے مقبول ہوئی ہیں جنہیں ایک سے زائد لوگ کھیل سکتے ہیں۔ انہی میں LetterPress اور ScrambleWithFriends بھی شامل ہیں۔‘‘

صارفین نے اوسطاﹰ دو گھنٹے روزانہ مختلف ایپلیکیشنز کو استعمال کرتے ہوئے گزارےتصویر: Thomas Coex//AFP/GettyImages

Songza نامی میوزک تلاش کرنے والی ایپلیکیشن آئی فون، اینڈرائڈ اور کِنڈل فائر کے لیے دستیاب ہے۔ یہ ایپ امریکا اور کینیڈا میں بے حد مقبول ہوئی ہے اور یہ ایپلیکیشن ان دونوں ملکوں میں سب سے زیادہ ڈاؤن لوڈ ہونے والی فری ایپ ہے۔

گریگ پالی کے مطابق ایپلیکیشنز اور ان کے استعمال کے حوالے سے سب سے بڑا انقلاب صارفین کے رویے میں آیا ہے جو اپنے روزمرہ کاموں کے لیے ان ایپس پر انحصار کرنے لگے ہیں۔ مثال کے طور پر ٹیکسی کو بلانا، کوئی ہوٹل تلاش کرنا، تازہ ترین حالات سے باخبر رہنا یا پھر آن لائن رقوم ادا کرنا۔ پالی کہتے ہیں:’’ یہ صارفین ہی ہیں جو اب ایپلیکیشنز کے استعمال کو روایتی طریقوں پر فوقیت دینے لگے ہیں۔

aba/ij (Reuters)

ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں