این ایس اے نے یاہو اور گوگل کے سرورز ہیک کیے، واشنگٹن پوسٹ
31 اکتوبر 2013امریکا کو انتہائی مطلوب ایڈورڈ سنوڈن ان دنوں روس میں عارضی پناہ لیے ہوئے ہیں لیکن ان کی جانب سے کیے گئے انکشافات ہر روز ایک ہنگامہ کھڑا کر دیتے ہیں۔ گو کہ سنوڈن کی طرف سے لِیک کی جانے والی امریکی نیشنل سکیورٹی ایجنسی یا این ایس اے کی دستاویزات میں اس خفیہ ادارے کی جانب سے انٹرنیٹ ڈیٹا کی جاسوسی سے متعلق خبریں پہلے ہی منظر عام پر آ چکی ہیں، واشنگٹن پوسٹ نے اب ایک نئی رپورٹ میں لکھا ہے کہ این ایس اے نے اس کیبل تک بھی رسائی حاصل کر لی تھی جو کہ انٹرنیٹ ٹریفک کو ایک ٹیلی کمیونیکشن پرووائڈر کے ذریعے رواں رکھتا ہے۔
انٹرنیٹ سرچ انجن گوگل کے مرکزی قانونی افسر ڈیوڈ ڈرمونڈ کا اس بارے میں کہنا ہے کہ وہ اس بات پر غصے میں ہیں کہ اتنے وسیع پیمانے پر ڈیٹا کو ہیک کیا گیا ہو۔
گوگل کا کہنا ہے کہ وہ اس بارے میں واقف نہیں تاہم کچھ عرصے قبل اس نے اس نے انٹرنیٹ ٹریفک پر کوڈ لگانے کا عمل شروع کیا ہے۔
این ایس اے کے ایک ترجمان کا کہنا ہے، ’’یہ بات غلط ہے کہ ہم نے وسیع پیمانے پر امریکی عوام کے انٹرنیٹ ڈیٹا کی نگرانی کی۔ این ایس اے کا کام غیر ملکی خطرات کی نگرانی ہے۔‘‘
این ایس اے کے ڈائریکٹر جنرل الیگزینڈر کیتھ نے بھی اس رپورٹ کی تردید کی ہے۔ ان کا کہنا ہے، ’’میں یقین سے کہ سکتا ہوں کہ ہمیں گوگل کے سرورز تک رسائی حاصل نہیں ہے۔‘‘
انٹرنیٹ کمپنی یاہو کی ایک ترجمان کا کہنا ہے، ’’ہم نے اپنے ڈیٹا سینٹرز کو کنٹرول میں رکھا ہوا ہے اور ان تک این ایس اے یا کسی اور حکومتی ایجنسی کی پہنچ نہیں ہے۔‘‘
دوسری جانب این ایس اے کی جانب سے عالمی رہنماؤں کی فون کالز کی نگرانی کے تنازعے نے ان دنوں خاصی ہلچل مچائی ہوئی ہے۔
گزشتہ ہفتے جرمن اخبار ڈيئر اشپيگل کی ايک رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ امريکی خفيہ ادارے سن 2002 سے جرمن چانسلر انگيلا ميرکل کی جاسوسی کر رہے ہيں۔ اسی رپورٹ ميں يہ بھی لکھا ہے کہ ’اوباما نے ميرکل سے کہا کہ اگر انہيں اس بات کا علم ہوتا، تو وہ اس عمل کو رکوا ديتے۔‘ ان رپورٹوں کے سامنے آنے کے بعد جرمن حکومت نے امریکا سے اپنی برہمی کا اظہار کیا تھا۔