ایپل ’آئی کلاؤڈ‘ کا اجراء
7 جون 2011ایپل کے چیف ایگزیکٹیو اسٹیو جابس نے سان فرانسسکو میں ہونے والی ورلڈ وائڈ ڈیویلپرز کانفرنس میں پانچ ہزار کے قریب افراد کی موجودگی میں ’آئی کلاؤڈ‘ کو لانچ کیا۔ اس موقع پر اسٹیو جابس بہت کمزور دکھائی دے رہے تھے۔ وہ آئی کلاؤڈ کو جاری کرنے کے لیے خاص طور پر میڈیکل لیو سے آئے تھے۔ حاضرین نے اسٹیو جوبس کا کھڑے ہو کر استقبال کیا۔
آئی کلاؤڈ ایپل کی نئی سروس ہے، جس کے ذریعے انٹرنیٹ صارفین کسی بھی ایپل ڈیوائس سے میوزک حاصل کر کے اسے چلا سکتے ہیں۔ آئی کلاؤڈ کمپیوٹنگ میں ڈیٹا اور سافٹ ویئر سرورز پر اسٹور کیا جاتا ہے اور ایپل ڈیوائس ان تک انٹرنیٹ کے ذریعے رسائی حاصل کر سکتی ہیں۔
اسٹیو جابس کے مطابق آئی کلاؤڈ موسمِ خزاں سے پچیس ڈالر سالانہ کی قیمت میں دستیاب ہو جائے گا۔
اس سروس کے ذریعے آئی ٹیونز میچ ہارڈ ڈرائیوز کو اسکین کرتا ہے اور گانوں کو آئی کلاؤڈ پر پیش کر دیتا ہے۔ اس کے برخلاف گوگل اور ایمیزون کے کلاؤڈ پروگرامز کے صارفین کو ہر گانا خود اپ لوڈ کرنا پڑتا ہے۔
ایپل کمپنی کا کلاؤڈ ٹیکنالوجی کی طرف رجوع کرنے کا مقصد اپنی حریف کمپنیوں گوگل اور ایمیزون پر سبقت لے جانے کی کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔ گوگل اور ایمیزون پہلے ہی کلاؤڈ ٹیکنالوجی کا اجراء کر چکی ہیں۔
رپورٹ: شامل شمس⁄ خبر رساں ادارے
ادارت: عاطف بلوچ