ایپل نے دس بلین ڈاؤن لوڈز کی حد پار کر لی
23 جنوری 2011خبررساں ادارے روئٹرز نے اتوار کے روز بتایا کہ سمارٹ فونز اور ان میں استعمال ہونے والی ایپلیکیشنز کے حوالے سے ایپل نے اپنے سرکردہ حریف اداروں کو بہت پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ ایپل کے آن لائن سٹور پر لگے کاؤنٹرز کے مطابق دس بلین ڈاؤن لوڈز ایک ایسی ریکارڈ تعداد ہے، جو ایپل نے ہفتہ کے روز حاصل کر لی۔
ایپل نے اپنا آئی فون سٹور سن دو ہزار آٹھ کے وسط میں لانچ کیا تھا جو دیکھتے ہی دیکھتے بہت بڑی کاروباری کامیابی ثابت ہوا۔ ایپل کے آن لائن سٹور پر عام صارفین کو تین لاکھ سے زائد قسموں کے سافٹ ویئر اور چالیس ہزار سے زیادہ ایپلیکیشنز ڈاؤن لوڈ کے لیے پیش کی جاتی ہیں۔
اس طرح کے کاروبار میں ایپل کا قریب ترین حریف ادارہ GetJar ہے، جس کے صارفین نے جون دو ہزار دس میں ایک بلین ڈاؤن لوڈزکیے تھے۔
دنیا کے دوسرے بڑے موبائل فون سافٹ ویئر کے آن لائن سٹورز میں گوگل کی ’اینڈروئڈ مارکیٹ‘ اور نوکیا کا ’اووی سٹور‘ بھی شامل ہے۔
رپورٹ: عصمت جبیں
ادارت: عاطف بلوچ