1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایپل کے اسٹیو جابز پر فلم، ریلیز کل جمعے کے روز

عابد حسین15 اگست 2013

کمپیوٹر ساز ادارے ایپل کے رحلت پا جانے والے CEO اور شریک بانی اسٹیو جابز کے عروج و زوال کی داستان امریکی فلمی اسکرین رائٹروں کو اِن دنوں بہت پسند ہے۔ اسٹیو جابز پر پہلی فلم کل جمعے سے نمائش کے لیے پیش کی جا رہی ہے۔

تصویر: AP

کمپیوٹر ٹیکنالوجی کے شعبے میں ایک نابغہ تصور کیے جانے والے اسٹیو جابز کی رحلت دو برس قبل ہوئی تھی۔ ان کی زندگی پر مبنی فلم جابز (Jobs) کل جمعے سے امریکی سینما گھروں میں پیش کی جائے گی۔ اس فلم میں مرکزی کردار ایشٹن کُوچَر (Ashton Kutcher) نے ادا کیا ہے۔ اِس امریکی اداکار کو سن 2011 کے اوائل میں اسٹیو جابز سے ذاتی طور پر ملاقات کا موقع مل سکتا تھا لیکن کُوچَر ٹی وی سیریل کی شوٹنگز میں مصروف تھا اور اس کے بعد یہ ممکن نہیں ہو سکا کیونکہ پھر جابز اکتوبر سن 2011 میں چھپن برس کی عمر میں وفات پا گئے۔

ایشٹن کُوچَر کے مطابق وہ یہ چاہتا تھا کہ جو بھی کوئی اسٹیو جابز کا کردار ادا کرے، وہ جابز کی شخصیت کے احترام میں اس کا بھرپور حق ادا کرے۔ یہ ایک دلچسپ حقیقت ہے کہ ایشٹن کُوچَر خود کو کمپیوٹر ٹیکنالوجی کا دلدادہ قرار دیتا ہے۔ امریکی شہر سان فرانسسکو میں فلم جابز کی خصوصی اسکریننگ کے لیے منعقدہ تقریب میں کُوچَر نے اسٹیو جابز کے لیے انتہائی محبت اور عقیدت کا اظہار کیا۔

فلم میں مرکزی کردار ایشٹن کُوچَر (Ashton Kutcher) نے ادا کیا ہےتصویر: AP

فلم جابز میں ایشٹن کُوچَر کے کردار کے حوالے سے نقاد قدرے شش و پنج میں مبتلا ہیں کہ کیا ٹیلی وژن پر ہلکی پھلکی فلموں میں کام کرنے والا اداکار اسٹیو جابز کی پیچیدہ شخصیت کا لبادہ اوڑھ سکتا ہے۔ اس مناسبت سے یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ ایشٹن کُوچَر کی عمر اور چہرہ بھی ایک نوجوان اسٹیو جابز کے لیے تو بہتر ہو سکتا ہے لیکن ڈھلتی عمر کے کردار کو ادا کرنے میں مشکلات حائل ہو سکتی ہیں۔ خیال کیا جاتا ہے کہ اسٹیو جابز کی شخصیت کئی تہوں میں لپٹی ہوئی تھی۔

دوسری جانب فلم میں کام کرنے سے قبل ایشٹن کُوچَرنے اسٹیو جابز کے کردار سے متعلق بے شمار معلومات جمع کرنے کے علاوہ اُن کی شخصیت کے مختلف پہلوؤں کا مطالعہ بھی کیا۔ اُس نے جابز کے مختلف رویوں پر بھی گھنٹوں غور کر کے انہیں اپنانے کی کوششیں کیں۔ جابز کس طرح لوگوں سے ملا کرتے تھے، کُوچَر نے وہ ساری کیفیت بھی اپنے اوپر طاری کرنے کی کوشش کی۔ اس کے علاوہ اسٹیو جابز کی طرح ننگے پاؤں طویل مسافتیں بھی طے کیں۔ دورانِ تعلیم اسٹیو جابز استغراق کی خاطر میلوں ننگے پاؤں چلا کرتے تھے۔ ایشٹن کُوچَر نے جابز کی طرح جُھک کر چلنے کے ساتھ ساتھ ایک خاص انداز کی بھاری آواز نکالنے کی مشقیں بھی کی ہیں۔

فلم جابز کے ہدایتکار مائیکل اسٹرن ہیں اور ان کے مطابق فلم میں اسٹیو جابز کے سن 1970 سے اکتوبر سن 2001 تک کے عرصے کا احاطہ کیا گیا ہے۔ فلم کے لیے شوٹنگ کا اہتمام سیلیکون ویلی میں بھی کیا گیا۔ سونی اسٹوڈیوز بھی اسٹیو جابز پر ایک فلم بنانے کا پروگرام بنائے ہوئے ہے، جس کا اسکرین پلے والٹر آئزکسن لکھ رہے ہیں۔

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں