1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایڈز کے تیس سال، مزید اقدامات کی ضرورت ہے، یو این

4 جون 2011

ایڈز کومنظر عام پر آئے ہوئے تیس برس مکمل ہو گئے ہیں۔ اس موقع کی مناسبت سے اقوام متحدہ کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اب بھی روزانہ7 ہزار افراد اس مرض میں مبتلا ہو رہے ہیں۔

تصویر: Ismael Miquidade

اقوام متحدہ کی ایڈز سے متعلق ایجنسی UNAIDS کے مطلبق لا علاج سمجھے جانے والے مرض ایڈز سے متاثرہ تقریباً 34 ملین افراد ایسے ہیں، جنہیں یہ معلوم ہی نہیں ہے کہ وہ ایچ آئی وی مثبت ہیں۔ یو این ایڈز نے اس حوالے سے اپیل کی ہے کہ دنیا بھر میں ایسے منصوبے بنائے جائیں، جن میں وسائل کا استعمال کم ہو۔ ایجنسی کے مطابق اگر ایڈز کے خلاف جاری جنگ میں کامیابی حاصل کرنی ہے تو تحقیق، ویکسین کی تیاری اور اس مرض کی آگاہی کے حوالے سے فوری نتائج حاصل کرنے کے لیے مزید رقم درکار ہو گی۔

یو این ایڈز کی جانب سے شائع کردہ تازہ رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ایک جانب تو وہ افراد ہیں،جن کا علاج جاری ہے، انہیں یہ معلوم ہے کہ ان کے جسم میں ایچ آئی وی وائرس موجود ہے۔ لیکن دوسری جانب دنیا بھر میں 34 ملین افراد ایسے ہیں، جنہیں اس مرض میں مبتلا ہونے کے بارے میں معلوم ہی نہیں۔ ساتھ ہی ادارے نے بتایا کہ خوش آئند امر یہ ہے کہ ایڈز کے نئے کیسز میں کمی واقع ہوئی ہے لیکن صورتحال اب بھی تشویشناک ہے کیونکہ یہ مرض روزانہ 7 ہزار انسانوں کو اپنی لپیٹ میں لے رہا ہے۔ ان میں نصف افراد اپنے مرض سے لاعلم ہوتے ہیں۔

تحقیق اور اس مرض کی آگاہی کے حوالے سے فوری نتائج حاصل کرنے کے لیے مزید رقم درکار ہو گی۔تصویر: picture alliance/dpa

یواین ایڈز کے ڈائریکٹر مائیکل سیڈیبی نے بتایا کہ یہ ایک بہت ہی بڑا مسئلہ ہے۔’’ گوکہ ایڈز کو پھیلنے سے روکنے کے حوالے سے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں لیکن اس کے باوجود بین الاقوامی سطح پرکیے جانے والے اقدامات میں مزید تیزی لانا ہو گی یا کم از کم انہیں پہلے ہی کی طرح جاری رکھا جانا چاہیے‘‘۔ انہوں نے مزید بتایا کہ گزشتہ دس برسوں میں یہ پہلی مرتبہ ہے کہ ایچ آئی وی سے متاثر ہونے والوں اور اس وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی شرح میں کمی واقع ہوئی ہو۔

ایڈز کے خلاف عالمی سطح پر مزید اقدامات کی ضرورت ہے، اقوام متحدہتصویر: dapd

یاد رہے 5 جون 1981ء کو ایڈز دنیا میں پہلی بار منظر عام پر اس وقت آیا، جب امریکی ڈاکٹروں نے ریاست کیلی فورنیا کے ایک شخص کے جسم میں ایڈز کا وائرس دریافت کیا تھا۔ اس وقت طبی ماہرین کوقطعاً علم نہ تھا کہ یہ قاتل وائرس دنیا میں اس عفریت کو جنم دے گا، جو کروڑوں افراد کو ہلاک کر دے گا۔ ایک رپورٹ کے مطابق2010ء کے اختتام تک یعنی گزشتہ تین دہائیوں میں ایڈز 30 ملین سے زائد افراد کی جان لے چکا تھا۔

رپورٹ: عدنان اسحاق

ادارت : شادی خان سیف

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں