ایک اور بھارتی مسافر طیارے کی کراچی میں ایمرجنسی لینڈنگ
17 جولائی 2022
بھارت کی سب سے بڑی فضائی کمپنی انڈیگو کے ایک مسافر طیارے کو تکنیکی خرابی کے باعث ہنگامی بنیادوں پر ہمسایہ ملک پاکستان کے بندرگاہی شہر کراچی کے ایئر پورٹ پر اترنا پڑ گیا۔ یہ جہاز شارجہ سے بھارتی شہر حیدر آباد جا رہا تھا۔
اشتہار
نئی دہلی سے ملنے والی رپورٹوں میں بھارتی خبر رساں اداروں کے حوالے سے آج اتوار سترہ جولائی کو بتایا گیا کہ انڈیگو کی یہ مسافر پرواز متحدہ عرب امارات میں شارجہ سے جنوبی بھارتی شہر حیدر آباد جا رہی تھی کہ پائلٹ کو کراچی میں ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑ گئی۔ گزشتہ دو ہفتوں سے بھی کم عرصے میں یہ دوسرا واقعہ ہے کہ کسی بھارتی مسافر طیارے کو ہنگامی طور پر کراچی میں اترنا پڑا۔
خبر رساں ادارے روئٹرز نے پاکستان میں کسی بھارتی مسافر طیارے کی ہنگامی لینڈنگ کے اس دوسرے واقعے کے بارے میں لکھا ہے کہ انڈیگو نے اس واقعے کی تصدیق تو کر دی ہے، تاہم یہ نہیں بتایا گیا کہ یہ واقعہ کب پیش آیا۔
مسافروں کو واپس لانے کی تیاری
انڈیگو کی طرف سے میڈیا کے لیے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا، ''انڈیگو کی فلائٹ 6E-1406 جو شارجہ سے حیدر آباد جا رہی تھی، اس کی رخ موڑ کر کراچی کی طرف کرنا پڑ گیا۔ اس سے قبل اس جہاز کے پائلٹ نے طیارے میں ایک تکنیکی خرابی کا پتہ چلایا تھا۔‘‘
بیان کے مطابق، ''اس واقعے میں ضروری طریقہ کار پر عمل کرتے ہوئے ہر قسم کے احتیاطی اقدامات کیے گئے تھے اور پھر احتیاطی طور پر ہی اس مسافر ہوائی جہاز کا رخ کراچی کی طرف کر دیا گیا۔‘‘
بعد ازاں انڈیگو کی طرف سے یہ بھی کہا گیا کہ کمپنی ایک اضافی پرواز کراچی بھیجنے کی تیاریاں کر رہی ہے، تاکہ وہاں موجود مسافروں کو جنوبی بھارتی شہر حیدر آباد لایا جا سکے۔
گزشتہ ایمرجنسی لینڈنگ
حال ہی میں اپنی نوعیت کے اس دوسرے واقعے سے قبل کسی بھارتی مسافر طیارے کی پاکستان کے اسی جنوبی بندرگاہی شہر میں ایمرجنسی لینڈنگ کا صرف 12 دن پہلے پہلا واقعہ پانچ جولائی کو پیش آیا تھا۔ تب اسپائس جیٹ نامی بھارتی ایئر لائن کی نئی دہلی سے دبئی جانے والی ایک مسافر پرواز کو بھی کراچی میں ایمرجنسی لینڈنگ کرنا پڑ گئی تھی۔
یہ طیارہ بوئنگ 737 طرز کا ہوائی جہاز تھا اور اس کے ایندھن کی نشاندہی کرنے والے نظام نے جزوی طور پر کام کرنا بند کر دیا تھا، جس کے بعد پائلٹ نے ہنگامی طور پر کراچی ایئر پورٹ کے کنٹرول ٹاور سے وہاں اترنے کے لیے درخواست کر دی تھی۔
دیگر ممالک کی طرح بھارت میں بھی فضائی سفر کے شعبے کو کورونا وائرس کی عالمی وبا کے باعث کئی طرح کی پابندیوں کا سامنا رہا ہے۔ اب لیکن ان پابندیوں کے خاتمے کے بعد بھارت میں اندرون ملک اور وہاں سے بین الاقوامی فضائی سفر کا رجحان دوبارہ بہت زیادہ ہو چکا ہے۔
م م / ک م (روئٹرز)
دنیا میں سب سے زیادہ ہوائی اڈے کن ممالک میں؟
اس فہرست میں باقاعدہ ہوائی اڈوں کے علاوہ ایسے ایئر فیلڈز کو بھی شمار کیا گیا ہے جو فضا سے دکھائی دیتے ہیں اور جہاں ہوائی جہاز اتر سکتے ہیں۔ دنیا میں چھبیس ممالک ایسے بھی ہیں جہاں صرف ایک ایک ہوائی اڈہ ہے۔
تصویر: picture-alliance/dpa/B. Roessler
1۔ امریکا
ہوائی اڈوں اور ایئر فیلڈز کی سب سے زیادہ تعداد امریکا میں ہے۔ اس ملک میں ایسی جگہوں کی تعداد، جہاں ہوائی جہاز اتر سکتے ہیں، 13513 بنتی ہے۔ امریکی فضاؤں میں کسی بھی ایک روز کے دوران کم از کم 87 ہزار ہوائی جہاز پرواز بھرتے ہیں۔ دنیا کا سب سے بڑا ایئرپورٹ (ڈینور انٹرنیشنل) بھی امریکا ہی میں ہے۔
تصویر: picture-alliance/AP/David Zalubowski
2۔ برازیل
امریکا کے بعد برازیل دوسرے نمبر پر ہے جہاں ہوائی اڈوں اور ایئر فیلڈز کی مجموعی تعداد 4093 ہے۔ برازیل کا مصروف ترین ہوائی اڈا گوارولہوس انٹرنیشنل ایئرپورٹ ہے جہاں سے سالانہ 40 ملین افراد سفر کرتے ہیں۔
تصویر: picture-alliance/AP Photo/A. Penner
3۔ میکسیکو
تیسرے نمبر پر جنوبی امریکی ملک میکسیکو ہے جہاں ایسے ایئرپورٹس اور ایئر فیلڈز کی تعداد 1714 بنتی ہے جہاں ہوائی جہاز اتر سکتے ہیں۔ میکسیکو انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے ہر روز ایک لاکھ افراد سفر کرتے ہیں۔
تصویر: imago/Xinhua
4۔ کینیڈا
کینیڈا میں ایئرپورٹس اور ایئرفیلڈز کی تعداد 1467 ہے۔ گزشتہ برس ستائیس ملین سے زائد غیر ملکی سیاحوں نے کینیڈا کا رخ کیا تھا۔ وینکوور انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو سہولیات کے لحاظ سے دنیا کے بہترین ہوائی اڈوں میں شمار کیا جاتا ہے اور اسے شمالی امریکا کا بہترین ایئرپورٹ بھی قرار دیا جا چکا ہے۔
تصویر: AP
5۔ روس
اس فہرست میں پانچویں نمبر روس ہے جہاں ایسے ایئرپورٹس اور ایئر فیلڈز کی تعداد 1218 ہے جہاں ہوائی جہاز اتر سکتے ہیں۔ غیر ملکی سیاحوں کی بڑی تعداد بھی روس کا رخ کرتی ہے۔ گزشتہ برس ماسکو کے بین الاقوامی ہوائی اڈے سے 31 ملین افراد نے سفر کیا تھا۔
تصویر: picture alliance/dpa/S.Chirikov
6۔ ارجنٹائن
1138 ایئرپورٹس اور ایئرفیلڈز کے ساتھ جنوبی امریکی ملک ارجنٹائن چھٹے نمبر پر ہے۔ ملکی دارالحکومت بیونس آئرس کے نواح میں واقع مینیسترو پستارینی ایئرپورٹ ارجنٹائن کا سب سے بڑا اور مصروف ترین ہوائی اڈہ ہے۔
تصویر: picture-alliance/dpa/J. Woitas
7۔ بولیویا
جنوبی امریکی ملک بولیویا 855 ایئرپورٹس اور ایئرفیلڈز کے ساتھ ساتویں نمبر پر ہے۔ بولیویا میں چھ مقامات کو یونیسکو نے عالمی ورثہ قرار دے رکھا ہے اور لاکھوں سیاح ہر برس ان مقامات کا رخ کرتے ہیں۔ بولیویا کا مصروف ترین ایئرپورٹ ویرو ویرو انٹرنیشنل ہے۔
تصویر: Getty Images/AFP/J. Cevallos
8۔ کولمبیا
کولمبیا میں ایئرپورٹس اور ایئرفیلڈز کی مجموعی تعداد 836 بنتی ہے۔ بگوٹا کا ایل ڈوراڈو انٹرنینشل ایئرپورٹ سب سے بڑا اور مصروف ترین ہوئی اڈہ ہے۔ سن 2015 میں ڈھائی ملین غیر ملکی سیاحوں نے کولمبیا کا رخ کیا تھا۔
تصویر: Getty Images/AFP/G. Legaria
9۔ پیراگوائے
جنوبی امریکی ملک پیراگوائے میں بھی ہوائی اڈوں اور ایسی ایئرفیلڈز کی تعداد 799 بنتی ہے۔ سیلویو انٹرنیشنل پیراگوائے کا سب سے مصروف ایئرپورٹ ہے۔
تصویر: picture-alliance/AP Photo/A.Gutierrez
10۔ انڈونیشیا
انڈونیشیا 673 ہوائی اڈوں اور ایئر فیلڈز کے ساتھ تعداد کے اعتبار سے ٹاپ ٹین ممالک کی فہرست میں شمار ہونے والا واحد ایشیائی ملک ہے۔ اس ملک کے خوبصورت ساحل اور جزائر ہر برس لاکھوں غیر ملکی سیاحوں کو اپنی جانب راغب کرتے ہیں۔ جکارتہ کا انٹرنیشنل ایئرپورٹ ملک کا مصروف ترین اور سب سے بڑا ایئرپورٹ ہے۔
تصویر: Getty Images/AFP/B. Ismoyo
13۔ جرمنی
جرمنی مجموعی طور پر 539 ایئرپورٹس اور ایئر فیلڈز کے ساتھ تیرہویں نمبر پر ہے جن میں 21 بین الاقوامی ہوائی اڈے بھی شامل ہیں۔ فرینکفرٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ جرمنی کا سب سے بڑا اور مصروف ترین ہوائی اڈہ ہے۔ جرمن ہوائی اڈوں سے سفر کرنے والے مسافروں کی سالانہ تعداد 245 ملین بنتی ہے۔
تصویر: picture-alliance/dpa/B. Roessler
21۔ بھارت
عالمی درجہ بندی میں 346 ایئرپورٹس اور ایئرفیلڈز کے ساتھ بھارت اکیسویں نمبر پر ہے جن میں سے 47 بین الاقوامی ہوائی اڈے ہیں۔ گزشتہ برس بھارت میں صرف اندورن ملک ہوائی سفر کرنے والوں کی تعداد 100 ملین سے زائد رہی تھی۔ نئی دہلی کا اندرا گاندھی ایئرپورٹ ملک کا سب سے بڑا اور مصروف ترین ہوائی اڈہ ہے جہاں سے سفر کرنے والے مسافروں کی سالانہ تعداد ساڑھے 66 ملین ہے۔
تصویر: picture-alliance/NurPhoto/N. Economou
37۔ پاکستان
پاکستان میں ایئرپورٹس اور ایئر فیلڈز کی مجموعی تعداد 151 ہے جن میں تیرہ بین الاقوامی ہوائی اڈے بھی شامل ہیں۔ ان بین الاقوامی ہوائی اڈوں سے اندرون اور بیرون ملک سفر کرنے والے مسافروں کی سالانہ تعداد بیس ملین سے زائد بنتی ہے۔ پاکستان میں فوج کے زیر استعمال ہوائی اڈوں کی تعداد اٹھارہ ہے۔