ایک روزہ سیریز، جنوبی افریقہ کو پہلی بار ہرانے کا خواب
28 اکتوبر 2013دبئی ٹیسٹ میں اننگز اور بانوے رنز سے ہارنے کے بعد پاکستانی ٹیم کو ٹیسٹ سیریز ایک ایک کی برابری پر ختم کرنا پڑی تھی۔ اس سیریز کے تناطر میں پاکستانی کپتان مصباح الحق نے اپنے بیٹسمینوں پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی کارکردگی میں تسلسل لائیں۔
جنوبی افریقہ نے سیریز کے پہلے دو ٹیسٹ میچوں کے لیے صف اول کے فاسٹ باولر ڈیل اسٹین کو آرام دینے کا اعلان کیا ہے کہ جب کہ پاکستان کو شاہد آفریدی اور محمد حفیظ سمیت ون ڈے سیریز میں سات ترو تازہ کھلاڑیوں کی خدمات حاصل ہوں گی۔
پاکستانی ون ڈے ٹیم میں پہلی بار شامل ہونے والے ملتان کے بیٹسمین صہیب مقصود کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ سیریز کی طرح ایک روزہ سیریز میں بھی سخت مقابلہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ون ڈے کرکٹ کھیلنا ان کا خواب تھا جس کی تعبیر ملنے پر وہ بہت خوش ہیں۔ صہیب نے کہا کہ دنیا کی بہترین باولنگ لائن کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے وہ تیار ہیں اور ان کی کوشش ہوگی کہ وہی کارکردگی دکھائی جائے، جس کا مظاہرہ انہوں نے ملک کی فرسٹ کلاس کرکٹ میں کیا ہے۔
پاکستانی ون ڈے ٹیم میں ایک برس بعد واپس آنے والے آل راؤنڈر سہیل تنویر کا کہنا تھا کہ جنوبی افریقہ کے پاس خطرناک بیٹسمین ہیں مگر وہ خود ڈومیسٹک کرکٹ جنوبی افریقہ میں کھیلتے رہے ہیں اور انہیں حریف کھلاڑیوں کی خامیوں کا علم ہے اور ان کی کوشش ہوگی کہ اس کا پاکستانی ٹیم کو فائدہ ہو۔ سہیل تنویر نے مزید کہا کہ وہ خود پر صرف ٹوئنٹی ٹوئنٹی کرکٹر کا لیبل نہیں لگوانا چاہتے۔
جنوبی افریقہ وہ واحد سرکردہ ٹیم ہے، جس کے خلاف پاکستان نے کبھی ون ڈے سیریز نہیں جیتی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان ماضی میں کھیلے گئے تریسٹھ ایک روزہ میچوں میں پاکستان نے بیس اور جنوبی افریقہ نے بیالیس میچ جیتے ہیں۔ پاکستانی ٹیم بدھ کو شارجہ میں اپنی تاریخ کا 800واں میچ کھیلے گی۔