1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایک ساتھ تین اسٹار کھلاڑی ہلاک، فرانس میں سوگ

امجد علی10 مارچ 2015

ارجنٹائن میں دو ہیلی کاپٹر فضا میں آپس میں ٹکرا گئے۔ گزشتہ روز پیش آنے والے اس حادثے میں ہلاک ہونے والے دَس افراد میں فرانس کے چوٹی کے تین کھلاڑی بھی شامل ہیں۔ فرانس میں اس واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

تصویر: AFP/Getty Images/B. Guay

فرانسیسی صدارتی دفتر کے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق ہلاک شدگان میں معروف خاتون کشتی ران فلورنس آرتھو، اولمپک خاتون پیراک کامی موفا اور باکسر الیکسی واسٹین بھی شامل ہیں۔ ان اسٹار کھلاڑیوں کی لاشیں ملبے سے برآمد کر لی گئی ہیں۔ یہ حادثہ دارالحکومت بیونس آئرس سے 1100 کلومیٹر شمال میں واقع لا رِیوخا کے پہاڑی علاقے میں ہوا، جو اپنے خوبصورت مناظر کی وجہ سے سیاحوں میں بہت مقبول ہے۔ مرنے والے افراد ایک فرانسیسی ریئیلٹی شو کی شوٹنگ کے سلسلے میں ارجنٹائن کے اِس دُور دراز علاقے میں گئے ہوئے تھے۔

ابھی یہ بات واضح نہیں ہے کہ پیر نو مارچ کی سہ پہر یہ حادثہ کیوں اور کیسے پیش آیا۔ دونوں ہیلی کاپٹروں پر سوار افراد میں سے کوئی ایک بھی زندہ نہیں بچا ہے۔ زمین سے بنائی جانے والی غیر پیشہ ورانہ فوٹیج میں دکھایا گیا ہے کہ دونوں ہیلی کاپٹر بظاہر ایک دوسرے کے آگے پیچھے پرواز کر رہے تھے، پھر غالباً اچانک اُن میں سے ایک ہیلی کاپٹر اپنے راستے سے ہَٹ کر دوسرے ہیلی کاپٹر کے سامنے آ گیا۔ دونوں ہیلی کاپٹر ایک دوسرے سے ٹکرا کر نیچے زمین پر جا گرے۔

باکسر الیکسی واسٹین، فائن فوٹوتصویر: Reuters/K. Price

ایک اور ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ کیسے درجنوں افراد گھنی جھاڑیوں میں سے تیزی سے بھاگتے ہوئے ہیلی کاپٹروں کے جلتے ہوئے ملبے کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ یہ حادثہ مقامی وقت کے مطابق شام سوا پانچ بجے پیش آیا۔

فرانسیسی صدارتی دفتر کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے:’’ہمارے ہم وطن فرانسیسیوں کی اچانک موت ہمارے لیے انتہائی اُداسی کا باعث بنی ہے۔‘‘ حادثے کی وجہ جاننے کے لیے فرانسیسی تفتیش کار ارجنٹائن روانہ ہو گئے ہیں۔

فرانسیسی میڈیا کے مطابق اِس ریئلٹی شو میں حصہ لینے والے کچھ افراد پہلے سے طے کردہ پروگرام کی رُو سے آنکھوں پر پٹیاں باندھے اُس راستے سے چند سو میٹر دور زمین پر موجود تھے، جہاں یہ دونوں ہیلی کاپٹر پرواز کر رہے تھے۔ یہ سارے لوگ بھاگ کر ملبے تک پہنچے لیکن آگ بجھانے میں کامیاب نہ ہو سکے۔

جائے حادثہ پر موجود ایک مجسٹریٹ نے کہا ہے کہ تمام دَس لاشیں ملبے میں سے برآمد کر لی گئی ہیں اور ایک صوبائی دارالحکومت میں لے جائی جا رہی ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ مرنے والوں میں دونوں ہیلی کاپٹروں کے پائلٹوں کے علاوہ پرائیویٹ ٹی وی چینل ٹی ایف وَن کے ایڈونچر شو ’ڈراپڈ‘ کی عکس بندی میں مصروف کمپنی ’آلپ ٹی وی‘ کے متعدد ارکان بھی شامل ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ اب اس شو کی عکس بندی منسوخ کر دی گئی ہے اور پورا عملہ فرانس واپس آ رہا ہے۔

اولمپک خاتون پیراک کامی موفا، فائل فوٹوتصویر: Reuters

کھیلوں اور نوجوانوں کے امور کے جونیئر فرانسیسی وزیر جیری بریلارد نے کہا ہے کہ ’فرانس کی کھیلوں کی دنیا سوگ کی کیفیت میں ہے کیونکہ فرانس اپنے تین بڑے چیمپئنز سے محروم ہو گیا ہے‘۔

ستاون سالہ کشتی ران فلورنس آرتھو پہلی خاتون تھیں، جنہوں نے سیلنگ کی دنیا میں چوٹی کے کھلاڑیوں میں ایک مقام بنایا تھا۔ پچیس سالہ اولمپک خاتون پیراک کامی موفا نے 2012ء کے اولمپک کھیلوں میں چار سو میٹر فری سٹائل میں سونے کا تمغہ جیتا تھا جبکہ اٹھائیس سالہ باکسر الیکسی واسٹین نے 2008ء کے بیجنگ اولمپکس میں کانسی کا تمغہ حاصل کیا تھا۔

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں