1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایک سویڈش سفارت کار ایران کی قید میں ہے، یورپی یونین

5 ستمبر 2023

یورپی یونین نے تصدیق کر دی ہے کہ سویڈن کا ایک سفارت کار پانچ سو دنوں سے بھی زائد عرصے سے ایران کی تحویل میں ہے۔ یورپی حکام تینتیس سالہ سفارت کار کی رہائی کے لیے مسلسل کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔

 سویڈش سفارت کار جوہان فلوڈیرس
یورپی یونین کے خارجہ امور کے سربراہ جوزپ بوریل نے یورپی یونین کے لیے کام کرنے والے سویڈش سفارت کار جوہان فلوڈیرس کی ایرانی قید میں ہونے کی تصدیق کر دی ہےتصویر: rouydad24

منگل کے روز یورپی یونین کے خارجہ امور کے سربراہ جوزپ بوریل نے یورپی یونین کے لیے کام کرنے والے سویڈش سفارت کار جوہان فلوڈیرس کی ایرانی قید میں ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ متاثرہ یورپی سفارت کار پانچ سو دنوں سے بھی زائد عرصے سے ایران کی تحویل میں ہے۔

 اسپین میں ایک کانفرنس کے لیے آنے والے یورپی یونین کے خارجہ امور کے سربراہ کا کہنا تھا کہ یورپی حکام تینتیس سالہ سفارت کار کی رہائی کے لیے مسلسل کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔

قبل ازیں پیر کے روز سویڈن نے حراست سے متعلق نیویارک ٹائمز کی ایک رپورٹ کی جزوی طور پر تصدیق کی تھی، جس کے مطابق تیس سال کا ایک سویڈش شہری اپریل 2022 سے ایران میں قید ہے۔

یورپی یونین کے خارجہ امور کے سربراہ جوزپ بوریل نے یورپی یونین کے لیے کام کرنے والے سویڈش سفارت کار جوہان فلوڈیرس کی ایرانی قید میں ہونے کی تصدیق کر دی ہےتصویر: Sierakowski/EUC/ROPI/picture alliance

تاہم اب بوریل نے قیدی کے نام کی تصدیق کرنے کے ساتھ ساتھ یہ بھی کہا ہے کہ وہ یورپی یونین کے سفارتی عملے کے لیے کام کرتا ہے۔ انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا، ''اگر آپ مجھے اجازت دیں تو میں مسٹر فلوڈیرس کے کیس کے بارے میں کچھ کہنا چاہتا ہوں۔ وہ ایک سویڈش شہری ہے، جو یورپی یونین کے لیے کام کرتا ہے اور گزشتہ پانچ سو دنوں سے ایران میں غیر قانونی طور پر نظر بند ہے۔‘‘

ایران اور امریکہ قیدیوں کے تبادلے پر معاہدہ کرنے سے قریب تر، رپورٹ

ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ سویڈش حکام کے ساتھ ساتھ متاثرہ شخص کے اہلخانہ کے ساتھ بھی رابطے میں ہیں اور ان کی رہائی کے لیے تہران حکومت پر دباؤ بڑھایا جا رہا ہے، ''ہم نے جب بھی سفارتی ملاقاتیں کیں، ہر سطح پر اس مسئلے کو اٹھایا گیا۔‘‘

بوریل کے اس بیان سے کچھ دیر قبل ہی فلوڈیرس کے اہلخانہ نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا تھا، ''ہم بہت پریشان ہیں اور ہمارے دل ٹوٹ چکے ہیں۔ جوہان کو چھٹیوں کے دوران اچانک اور بغیر کسی وجہ کے حراست میں لے لیا گیا تھا اور اب وہ پانچ سو دنوں سے بھی زائد عرصے سے ایرانی جیل میں ہے۔‘‘

ایران نے گزشتہ سال جولائی میں اعلان کیا تھا کہ اس نے جاسوسی کے شبے میں ایک  سویڈش شہری کو گرفتار کر لیا ہے۔ اس گرفتاری سے دو ہفتے قبل سویڈن میں ایک ایرانی شہری  کو عمر قید کی سزا سنائی گئی تھی۔ اس ایرانی شہری پر الزام تھا کہ اس نے 1988 میں ایرانی حکومت کی طرف سے ہزاروں مخالفین کو اجتماعی پھانسیاں دینے میں معاونت فراہم کی تھی۔

ا ا / ش ر (اے ایف پی)

ایران میں سزائے موت کے قیدی، انصاف کے منتظر

03:08

This browser does not support the video element.

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں