1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایک ملین سے زائد کورونا کیسز، بھارت بھی فہرست میں شامل

17 جولائی 2020

جمعے کے روز بھارتی وزارت صحت نے بتایا کہ ملک میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد ایک ملین سے زائد ہو گئی ہے۔ اس طرح بھارت اب وہ تیسرا ملک ہے، جہاں اس وائرس کے مصدقہ کیسز کی تعداد دس لاکھ سے زائد ہے۔

Indien Bihar | Coronavirus | Gefahr für medizinisches Personal
تصویر: DW/M. Kumar

امریکا اور برازیل کے بعد اب بھارت وہ تیسرا ملک ہے، جہاں نئے کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک ملین کا ہندسہ عبور کر چکی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ اب یہ وائرس بھارت کے بڑے شہروں سے چھوٹے قصبوں اور دیہات تک میں پھیلتا جا رہا ہے۔ بھارت کی مجموعی آبادی یعنی ایک اعشاریہ تین ارب کو دیکھا جائے، تو یقیناﹰ ایک ملین کوئی بڑا عدد نہیں ہے، تاہم مبصرین کے مطابق یہ تعداد آئندہ مہینوں میں بہت بڑھ سکتی ہے اور ملک کا نظام صحت مفلوج ہو سکتا ہے۔

بنگلہ دیش: کورونا وائرس کے جعلی سرٹیفیکیٹ جاری کرنے والا شخص گرفتار

بھارت: زندگی بچانے والی دواوں کی بلیک مارکیٹنگ عروج پر

حالیہ کچھ دنوں میں بھارت میں اس وائرس کے پھیلاؤ میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ گزشتہ ہفتے کورونا وائرس سے متاثرہ ممالک کی فہرست میں روس تیسرے نمبر پر تھا، تاہم اب بھارت اس سے آگے نکل چکا ہے۔ حکام نے وائرس کے زیادہ پھیلاؤ والے علاقوں میں ایک مرتبہ پھر لاک ڈاؤن نافذ کر دیا ہے۔ ریاست بہار کے کئی علاقے اور بنگلور شہر اب اس لاک ڈاؤن کی زد میں ہیں۔ تاہم بھارت میں لاک ڈاؤن میں بھی حکام کو لوگوں کو گھر تک محدود رکھنے میں شدید مشکلات کا سامنا رہا ہے۔

جمعے کے روز بھارت میں کورونا وائرس کے قریب 35 ہزار نئے کیسز سامنے آئے ہیں اور اب یہ مجموعی تعداد دس لاکھ تین ہزار آٹھ سو بتیس ہو چکی ہے۔ اس عالمی وبا کے نتیجے میں بھارت میں ہونے والی مجموعی ہلاکتیں بھی ساڑھے پچیس ہزار سے زائد ہو چکی ہیں۔ یہ بات اہم ہے کہ امریکا میں نئے کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد تین اعشاریہ چھ ملین جب کہ برازیل میں دو ملین کے قریب ہے، جب کہ ان دونوں ممالک کی آبادی بھارتی آبادی کے ایک تہائی سے بھی کم ہے۔

ماہرینِ وبائی امراض کا کہنا ہے کہ ابھی بھارت اس بیماری کے نکتہ عروج سے کئی ماہ دور ہے۔ عوامی صحت فاؤنڈین آف انڈیا سے وابستہ ماہر برائے وبائی امراض گریدھار بابو کہتے ہیں، ''آئندہ چند ماہ میں ہمیں زیادہ کیسز دیکھنے کو ملیں گے۔‘‘

ان کا مزید کہنا تھا، ''ہم جوں جوں آگے بڑھیں گے، ہمارا واحد مقصد ہلاکتوں کی تعداد میں کمی ہو جائے گا۔ اہم ترین مسئلہ جو ہمیں دیکھنے کو مل سکتا ہے وہ یہ ہو گا کہ ہسپتالوں کے بستر کس طرح بہتر انداز سے میسر آئیں۔‘‘

یہ بات بھی اہم ہے کہ حالیہ کچھ عرصے میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ نے بھارتی نظام صحت کی کمزوروں کو بھی واضح کیا ہے۔ صحت کے شعبے میں خرچ کیا جانے والا کم سرمایہ اور ہسپتالوں میں بستروں کی کمی جیسے امور اب بھارت میں زیربحث ہیں۔

ع ت / ا ا (روئٹرز، اے ایف پی)

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں