1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اے ایف پی کا کیٹ ویب پرائز انڈونیشی صحافی کے لیے

حرا مرید5 جون 2013

AFP نے بدھ کے روز اعلان کیا کہ اے ایف پی فاؤنڈیشن نے انڈونیشیا کے صحافی سٹیفانوس پرامونو کو شام کی خونریز خانہ جنگی اور جکارتہ میں منشیات کی تجارت سے متعلق رپورٹنگ پر انہیں کیٹ ویب پرائز دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

تصویر: Fotolia/sahua d

فرانسیسی خبر رساں ادارے AFP نے بدھ کے روز اعلان کیا کہ اے ایف پی فاؤنڈیشن نے انڈونیشیا کے صحافی سٹیفانوس پرامونو کو شام کی خونریز خانہ جنگی اور جکارتہ میں منشیات کی تجارت سے متعلق رپورٹنگ پر انہیں کیٹ ویب پرائز دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

اکتیس سالہ پرامونو ایک معروف میڈیا گروپ Tempo کے لیے کام کرتے ہیںم جسے بڑی باہمت رپورٹنگ اور غیر جانبدارانہ خبر نگاری کرتے ہوئے اس وقت شہرت حاصل ہوئی تھی جب انڈونیشیا میں کئی دہائیوں سے ڈکٹیٹر سہارتو ابھی اقتدار میں تھے۔

اپنے لیے اس انعام کے اعلان کے بعد پرامونو کا جکارتہ سے ایک پیغام میں کہنا تھا کہ وہ ’بالکل بھی بہادر شخص نہیں۔‘ انہوں نے کہا، ’مجھ پر اکثر کپکپی طاری رہتی تھی، جب میں شام اور مغربی جکارتہ سے رپورٹنگ کر رہا ہوتا تھا۔ لیکن مجھے اتنا معلوم تھا کہ یہ ایسا کام ہے جو مجھے ہر حال میں کرنا ہے‘۔

کیٹ ویب انعام 2008ء میں ایشیا میں فرائض انجام دینے والی اے ایف پی کی ایک نامہ نگار کیٹ ویب کی یاد میں شروع کیا گیا تھا جنہوں نے اپنی کارکردگی کے ذریعے اس پہلو کو بہت واضح کیا تھا کہ بین الاقوامی صحافت میں خواتین کو کس طرح کی مشکلات پیش آتی ہیں۔

یہ اعزاز ایشیائی صحافیوں کی ایسی غیر معمولی پیشہ ورانہ کارکردگی کے اعتراف میں دیا جاتا ہے جس کا متعلقہ صحافی نے خطرناک یا بڑے مشکل حالات میں مظاہرہ کیا ہو۔

صحافی کے طور پر غیر معمولی ہمت کا مظاہرہ کرنے والے پرامونو کو اس اعزاز کے ساتھ تین ہزار یورو کی نقد رقم بھی دی جائے گی۔

ایجنسی فرانس پریس کے ایشیا پیسیفک کے لیے علاقائی ڈائریکٹرگیل کیمپیوں Gilles Campion نے پرامونو کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ ایک نوجوان صحافی ہیں جو کسی بھی خطرے کی پرواہ کیے بغیر واضح طور پر بہت سی خبروں سے پردہ اٹھاتے ہیں۔ انہوں نے کہا، ’’مجھے اس بات کی بہت خوشی ہے کہ ایشیائی علاقے سے ایسے باہمت اور لائق صحافی کو کیٹ ویب پرائز کے حقدار ٹھہرایا گیا ہے۔‘‘

پرامونو کا گزشتہ سال شام کا دورہ ان کا مشرق وسطٰی کا پہلا دورہ تھا اور ان کو عربی زبان بھی بالکل نہیں آتی تھی۔ لیکن اس کے باوجود وہ تصاویر کے ساتھ شام سے متعلق رپورٹوں کی ایک غیر معمولی سیریز لکھنے میں کامیاب رہے تھے۔

اس کے علاوہ پرامونو اور ان کے ایک ساتھی صحافی نے 2012ء میں جکارتہ میں کی جانے والی منشیات کی تجارت کو بے نقاب کیا تھا اور Kampung Ambon نامی اس بدنام زمانہ جگہ تک پہنچنے میں کامیاب رہے تھے، جہاں سے منشیات کے بہت سے ڈیلر اپنا کاروبار چلاتے تھے۔

پرامونو نے ٹیمپوگروپ کے ساتھ اپنے سات سالہ تجربے کے دوران بہت سے بدعنوان سیاستدانوں کو بھی بے نقاب کیا۔ اس گروپ کی طرف سے انڈونیشی اور انگریزی زبانوں میں چھپنے والے جریدوں کے علاوہ ایک روزنامہ بھی شائع کیا جاتا ہے۔ اس وقت وہ ٹیمپو گروپ کے اخبار کے لیے کام کر رہے ہیں۔

ٹیمپو کے انگریزی زبان کے میگزین کے ایگزیکٹو ایڈیٹرHermien Kleden کا کہنا ہے کہ پرامونو اس گروپ کے بہترین صحافیوں میں سے ایک ہیں۔ ’’وہ ایک خاموش طبع انسان اور بہت اچھے مبصر ہیں۔ وہ واقعی اس انعام کے حقدار ہیں‘‘۔

کیٹ ویب، جنہوں نے 64 برس کی عمر میں 2007ء میں وفات پائی، اے ایف پی کے بہترین نمائندوں میں سے ایک تھیں۔ اپنے چار دہائیوں پر پھیلے ہوئے کیریئر کے دوران انہوں نے ایشیا پیسیفک کے خطے میں بہادری اور جوش و خروش سے کام کرتے ہوئے اپنی ساکھ بنائی تھی۔

یہ انعام اےایف پی فاؤنڈیشن کی طرف سے دیا جاتا ہے جو ایک غیر منافع بخش تنظیم ہے اور جس کا مقصد دنیا بھر میں صحافت کے اعلیٰ معیار کو فروغ دینا ہے۔

hm/mm (AFP

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں