اے بی ڈویلیئرز نے کرکٹ کے شائقین کو اداس کر دیا
23 مئی 2018جنوبی افریقہ سے تعلق رکھنے والے مشہور و معروف بیٹسمین اے بی ڈویلیئرز نے بدھ تیئیس مئی کو انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے اپنے ریٹائرمنٹ کے بیان میں کہا کہ ایمانداری کا تقاضا ہے کہ وہ کھیلتے کھیلتے تھک گئے ہیں اور ایسا وقت آ گیا ہے کہ اُن کی جگہ کسی نئے اور ہونہار کھلاڑی کو ٹیم میں شامل کیا جائے۔
ڈویلیئرز نے یہ بھی کہا کہ وہ ہمیشہ سے چاہتے تھے کہ ٹیسٹ کرکٹ کو اُس وقت خیرباد کہا جائے جب وہ اپنی بہترین فارم پر ہوں اور یہ اعلان ایسے وقت پر کر رہے ہیں۔ یہ امر اہم ہے کہ جنوبی افریقی بیٹسمین کو حالیہ چند مہینوں میں فٹنس کا سامنا بھی رہا اور وہ بعض انجریز کا بھی شکار ہوئے۔
اُن کی عمر چونتیس برس ہے۔ انہوں نے اپنے بیان میں کرکٹ ساؤتھ افریقہ، ساتھی کھلاڑیوں اور مختلف کوچز کا شکریہ ادا کیا کہ اُن کے تعاون سے اپنے ملک کے لیے میدان میں بیٹنگ کرتے رہے۔ انہوں نے جنوبی افریقہ اور دنیا بھر میں اپنے شائقین کی محبت و شفقت کا شکریہ بھی ادا کیا۔
اے بی ڈویلیئرز کا کرکٹ کھیلنے کا دور چودہ برس پر محیط رہا۔ اس دوران وہ 114 ٹیسٹ میچز، 228 ایک روزہ انٹرنیشنل اور 78 ٹی ٹوئنٹی میچ کھیل چکے ہیں۔ ڈویلیئرز نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ ایک انتہائی سخت فیصلہ تھا لیکن اس پر کافی عرصے سے وہ غور و خوص کر رہے تھے۔ انہوں نے اپنے یادگار لمحوں میں آسٹریلیا اور بھارت کرکٹ سیریز جیتنے کو شاندار قرار دیا۔
اے بی ڈویلیئرز کا پورا نام ابراہم بینجمن ڈویلیئرز ہے۔ وہ سترہ فروری سن 1984 میں پریٹوریا میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے 114 ٹیسٹ میچوں میں 8765 رنز بنائے۔ اُن کا سب سے زیادہ اسکور 278 ناٹ آؤٹ تھا۔ ان ٹیسٹ میچوں میں وہ بائیس سینچریاں اور چھیالیس نصف سینچریاں بنانے میں کامیاب رہے۔ اُن کی ٹیسٹ میں فی میچ اوسط تقریبا اکاون فیصد رہی۔
ایک روزہ میچوں میں ڈویلیئرز نے 228 مرتبہ اپنے ملک کی نمائندگی کی اور وہ 9577 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔ ان میچوں میں وہ پچیس سینچریاں بنا سکے۔ اس کے علاوہ تریپن نصف سینچریاں بنانے میں بھی کامیاب رہے۔ ایک روزہ میجوں میں اُن کی اوسط تریپن فیصد سے زائد تھی۔ اسی طرح وہ اٹھتر ٹی ٹوئنٹی میچ بھی کیھل پائے اور ان میچوں میں اُن کا مجموعی اسکور 1672 رہا۔