بائیرن میونخ چیمپئینز لیگ کے کوارٹر فائنل میں
11 مارچ 2009میونخ میں کھیلا جانے والا یہ میچ دونوں ٹیموں کے مابین چیمپئینز لیگ کے پری کوارٹر فائنل سلسلے کا دوسرا میچ تھا۔
بائیرن میونخ کی ٹیم شروع سے ہی کھیل پر چھائی رہی اور پرتگالی دارالحکومت سے آکر جرمن صوبے باویریا کے دارالحکومت میں اپنی فتح کی امید لے کر میدان میں اترنے والی سپورٹنگ لزبن کی مہمان ٹیم کے کھلاڑی باویریا کی میزبان ٹیم کے کھلاڑیوں کے سامنے زیادہ تر بے بس نظر آئے اور نتیجہ اس میچ میں میونخ کی لزبن پر ایک کے مقابلے میں سات گول کی متاثر کن فتح کی صورت میں نکلا۔
اس سے قبل چیمپئینز لیگ کے اسی راؤنڈ کے اسی حریف ٹیم کے خلاف اپنے پہلے میچ میں چند ہفتہ قبل جب بائیرن میونخ کی ٹیم سپورٹنگ لزبن کے خلاف پرتگالی دارلحکومت میں میدان میں اتری تھی تو بھی فتح جرمن ٹیم ہی کے حصے میں آئی تھی۔ تب بائیرن میونخ نے سپورٹنگ لزبن کو صفر کے مقابلے میں پانچ گول سے ہرایا تھا۔
منگل کی رات دونوں ٹیموں کے مابین میونخ کے Allianz Arena نامی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ کو 65 ہزار تماشائیوں نے دیکھا اور بائیرن میونخ کے مداحوں کے لئے خوشی کی بات یہ تھی کہ ان کی ٹیم نے چیمپئینز لیگ کے کوارٹر فائنل میں پہنچنے سے پہلےلزبن کے خلاف جو دو میچ کھیلے ان کا مجموعی میزانیہ ایک کے مقابلےمیں 12 گول رہا۔