بائیس انچ قد کا بالغ انسان: نیپال کا کھاگنیدرا ماگر
8 اکتوبر 2010یہ نیپالی نوجوان قانونی طور پر ابھی نابالغ ہے لیکن اس کے بالغ ہونے میں اب صرف چند روز ہی باقی رہ گئے ہیں۔ گینس بک آف ورلڈ ریکارڈز کے مطابق اس وقت دنیا کا سب سے چھوٹے قد کا یا سب سے کوتاہ قامت انسان کولمبیا کا ایڈورڈ نینو ہیرنانڈیس ہے، جس کا قد محض 70 سینٹی میٹر ہے۔
لیکن اب نیپال میں پوکھارہ کا رہنے والا کھاگنیدرا باقاعدہ طور پر دنیا کا سب سے چھوٹے قد والا انسان بن جائے گا، کیونکہ وہ چودہ اکتوبر کو بالغ تو ہو جائے گا مگر اس کا قد ابھی تک صرف ایک فٹ دس انچ کے قریب ہے۔ اس کے مقابلے میں کولمبیا کے ایڈورڈ ہیرنانڈیس کا قد دو فٹ تین انچ بنتا ہے مگر کھاگیندرا سے تو وہ بھی کم از کم ساڑھے پانچ انچ لمبا ہے۔
اس نیپالی نوجوان کی مسلمہ حیثیت سے عالمی شہرت بس اب دنوں کی بات ہے۔ اپنے چہرے پر زیادہ تر ایک ہلکی سی مسکراہٹ لئے اور بہت دھیمی آواز میں بات کرنے والا کھاگیندرا ایک ایسا ہندو نوجوان ہے جس کا کُل چار افراد پر مشتمل خاندان ایک کمرے کے کرائے کے گھر میں رہتا ہے۔
کھاگیندرا کے گھر میں باورچی خانہ اسی ایک کمرے کے ایک کونے میں بنا ہے، جہاں وہ نہ صرف اپنی والدہ کی مدد کرتا ہے بلکہ کبھی کبھی خود سبزیاں کاٹنے کے علاوہ چاول بھی پکا لیتا ہے۔ مستقبل کے اس ’ورلڈ سٹار‘ کی والدہ کا نام دھنمایا تھاپا ماگر ہے۔
دھنمایا کہتی ہیں کہ جب ان کا یہ بیٹا پیدا ہوا تھا تو وہ اتنا چھوٹا تھا کہ وہ ان کی ایک ہتھیلی پر بھی مشکل سے پورا آتا تھا۔ وہ کہتی ہیں: ’’میرے لئے اپنے اس بیٹے کی پرورش اسے جنم دینے کے مقابلے میں کہیں زیادہ مشکل کام ثابت ہوا۔‘‘
کھاگیندرا ملکی دارالحکومت کٹھمنڈو سے قریب 200 کلومیٹر مغرب کی طرف باگلونگ کے ضلع میں پوکھارہ کی وادی میں رہتا ہے۔ دنیا کے اس سب سے چھوٹے قد والے انسان کا ایک چھوٹا بھائی بھی ہے، جس کا نام مہیش ہے اور عمر 14 برس۔ مہیش معمول کے قد کاٹھ کا مالک ہے اور اسی لئے کھاگنیدرا سے ’’کئی سال چھوٹا ہونے کے باوجود بہت لمبا‘‘ ہے۔
کھاگیندرا جو کپڑے پہنتا ہے، وہ دو سال کی عمر کے کسی عام لڑکے کے سائز کے ہوتے ہیں۔ اس کے زیر استعمال جوتوں کی لمبائی دس سینٹی میٹر ہے، جو خاص طور پر اس کے لئے بنائے گئے تھے اور جو اسے گینس ورلڈ ریکارڈز کی طرف سے بطور تحفہ دئے گئے تھے۔
رپورٹ: عصمت جبیں
ادارت: مقبول ملک