1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
معاشرہشمالی امریکہ

بائیڈن یورپی یونین اور نیٹو کانفرنس کے لیے برسلز میں

14 جون 2021

توقع ہے کہ جو بائیڈن نیٹو سے متعلق امریکی عزم اور یورپ کے ساتھ مضبوط تعلقات کی پالیسی جاری رکھنے کا اعادہ کریں گے۔ جبکہ ٹرمپ اپنے دور اقتدار میں '' پہلے امریکا '' کی پالیسیوں پر عمل پیرا تھے۔

Belgien | Ankunft US Präsident Biden vor NATO Gipfel
تصویر: Kevin Lamarque/REUTERS

امریکی صدر جو بائیڈن اتوار کی دیر رات یورپی یونین کے مرکزی شہر برسلز پہنچے جہاں اس ہفتے مغربی دفاعی اتحاد نیٹو اور یورپی یونین کے رہنماؤں کے ساتھ چند روز تک کانفرنسز ہوں گی۔ بیلجیئم کے وزیر اعظم الیکزنڈر ڈی کرو نے امریکی صدر کی آمد پر ان کا شاندار استقبال کیا۔

برسلز پہنچنے کے بعد وہ سیدھے امریکی سفارتخانے پہنچے جہاں وہ اس دورے کے دوران قیام کریں گے۔ برسلز میں رہنماؤں سے ملاقات کے بعد وہ روسی صدر ولادیمیر پوٹن سے ملاقات کے لیے جنیوا روانہ ہوں گے۔

نیٹو کانفرنس سے توقعات؟

امریکی صدر جو بائیڈن پیر 14 جون کو برسلز میں نیٹو میں شامل 29  ممالک کے رہنماؤں سے ملاقات کریں گے۔ اطلاعات کے مطابق یہ میٹنگ تین گھنٹے تک چلے گی۔ امکان ہے کہ نیٹو کے رکن ممالک اس ملاقات میں روس پر بات چیت کے ساتھ ہی افغانستان سے فوجی انخلا سمیت کئی اہم امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔

سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نیٹو کے دفاعی اخراجات میں کم خرچ کرنے اور اپنا حصہ نہ دینے کے حوالے سے رکن ممالک پر شدید نکتہ چینی کرتے رہے تھے تاہم بائیڈن سے توقع ہے کہ وہ نیٹو اتحاد سے امریکی عزم کا اعادہ کریں گے۔

تصویر: Olivier Hoslet/REUTERS

اس اجلاس کے دوران نیٹو کے رکن ممالک جہاں چین کے عروج اور اثرات  اور ہانگ کانگ کے بارے میں بیجنگ کی متنازعہ پالیسیوں پر بات چیت کریں گے وہیں صوبہ سنکیانگ میں ایغور مسلمانوں کے ساتھ ہونے والے سلوک کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کریں گے۔

نیٹو کے سکریٹری جنرل جینز اسٹولٹن برگ نے اتوار کے روز میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ نیٹو ممالک کے لیے یہ بہت ضروری ہے کہ چین کے تعلق سے وہ اپنی ایک مضبوط اور مستحکم پالیسی وضع کریں۔

یورپی یونین کے ساتھ تجارتی امور پر بات چیت

منگل پندرہ جون کو امریکی صدر یورپی یونین کے رہنماؤں سے ملاقات کریں گے اور اس ملاقات میں وہ واشنگٹن اور 27 رکنی یورپی یونین بلاک کے مابین تجارتی تعلقات کو بہتر بنانے کی کوشش کریں گے۔

وارسا کانفرنس، یورپ اور امریکا کے اختلاف نمایاں

05:10

This browser does not support the video element.

سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی حکومت کے دور میں فرانس کی بعض اشیا اور یورپی ممالک کی بعض چیزوں پر اضافی ٹیکس نافذ کر دیا تھا۔ وہ یورپی ممالک پر یہ کہہ کر نکتہ چینی کیا کرتے تھے کہ امریکا اور یورپی یونین کے تجارتی تعلقات متوازن نہیں ہیں۔

 برسلز آمد سے قبل جو بائیڈن نے برطانیہ میں جی 7 کانفرنس میں شرکت کی۔ کورن ویل میں ہونے جی 7 کانفرنس میں دنیا کے سات امیر ترین ملکوں نے حصہ لیا۔

بدھ کے روز امریکی صدر جنیوا روانہ ہوں گے جہاں روسی صدر ولاد میر پوٹن کے ساتھ ان کی ایک میٹنگ طے ہے۔ امریکی صدر جو بائیڈن نے ایک ٹی وی انٹرویو کے دوران روسی صدر پوٹن کو قاتل کہا تھا اور دونوں رہنماؤں کے درمیان تعلقات کافی کشیدہ رہے ہیں۔

 ص ز/ ج ا  (اے پی، روئٹرز)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں