1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’بابائے جدید افریقی ادب‘ چینوا اچیبے کا انتقال

22 مارچ 2013

افریقی ادب کے معماروں میں شمار ہونے والے چینوا اچیبے کا 82 برس کی عمر میں انتقال ہو گیا ہے۔ اُن کا تعلق نائجیریا سے تھا، جہاں کے مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق اچیبے کا انتقال امریکی شہر بوسٹن کے ایک ہسپتال میں ہوا۔

Chinua Achebe
تصویر: picture-alliance/dpa

جدید افریقی ادب کی پہچان سمجھے جانے والے اچیبے کا ادبی کیریئر نصف صدی سے زیادہ عرصے پر محیط تھا۔ اِس عرصے کے دوران اُنہوں نے بیس سے زیادہ کتابیں تصنیف کیں، جن میں سے زیادہ تر کے موضوعات سیاسی تھے اور اُن میں افریقی رہنماؤں، خصوصاً اُن کے اپنے وطن نائجیریا کے سیاستدانوں کو موضوع بنایا گیا تھا۔

اُنہیں ’بابائے جدید افریقی ادب‘ کا خطاب جنوبی افریقہ سے تعلق رکھنے والی نوبل انعام یافتہ ادیبہ نادین گوڈائمر نے دیا تھا، جو چینوا اچیبے کو 2007ء کا ’مَین بُکر پرائز‘ دینے والی جیوری میں شامل تھیں۔

اچیبے 1930ء میں نائجیریا کے اوگیڈی نامی گاؤں میں مسیحی والدین کے ہاں پیدا ہوئے۔ اُن کا پہلا ناول، جس کے ذریعے وہ دیکھتے ہی دیکھتے عالمی شہرت کی بلندیوں پر پہنچ گئے تھے، ’تھِنگز فال اپارٹ‘ تھا، جو 1958ء میں یعنی نائجیریا کی آزادی سے دو سال پہلے شائع ہوا تھا۔ اب تک یہ ناول درجنوں زبانوں میں ترجمہ ہو کر دَس ملین سے زیادہ کی تعداد میں شائع ہو چکا ہے۔

یہ ناول اب بھی اچیبے کی مشہور تصنیفات میں شمار ہوتا ہے۔ اِس میں اُنہوں نے اُنیسویں صدی کے اواخر میں برطانوی آباد کاروں کی آمد سے پہلے اپنے نائجیرین قبیلے اِگبو کی معاشرت کو موضوع بنایا تھا۔ اِس کتاب کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ اِس نے افریقہ کے بارے میں مغربی دنیا کے تصورات کو یکسر تبدیل کر کے رکھ دیا تھا۔ اِس سے پہلے تک افریقیوں کے بارے میں مغربی تصور جوزف کونراڈ کی ’ہارٹ آف ڈارک نَیس‘ جیسی کتابوں سے اخذ کیا گیا ہوتا تھا، جن میں افریقی باشندوں کو ایک سفید فام کے زاویہء نگاہ سے پیش کیا جاتا تھا۔

2009ء میں امریکا میں NPRکے ساتھ اپنے ایک انٹرویو میں اچیبے نے کہا تھا کہ شروع شروع میں اُنہیں کونراڈ کی 1902ء میں شائع ہونے والی کتاب نے بہت متاثر کیا تھا تاہم بعد میں اُنہیں ’احساس ہوا کہ اِس ادیب نے میرے ہم وطنوں کی یا کسی بھی خطّے کے باسیوں کی کتنی خوفناک حد تک غلط تصویر پیش کی تھی‘۔

چینوا اچیبے 1988ء کی ایک تصویر میں، تب اُنہیں جرمن بک ٹریڈ ایسوسی ایٹن کے امن انعام سے نوازا گیا تھاتصویر: AP

اچیبے کو اُن کی ادبی خدمات کے بدلے میں بے شمار بین الاقوامی اعزازات سے نوازا گیا اور اُنہیں نوبل انعام کا بھی ایک مضبوط امیدوار سمجھا جاتا تھا کیونکہ اُنہوں نے اپنی تحریروں میں افریقی معاشرے کی ایک ایسی مکمل تصویر پیش کی، جس میں خاندان، جدیدیت اور انفرادی جدوجہد جیسی آفاقی اقدار اور موضوعات کا بھی احاطہ کیا گیا تھا۔

1971ء میں انہوں نے افریقی ادب کا با اثر جریدہ Okikeجاری کیا۔ اِس کے فوراً بعد وہ امریکا چلے گئے، جہاں وہ ایمہرسٹ میں یونیورسٹی آف میساچوسٹس سے منسلک ہو کر اس جریدے کی ادارت کرتے رہے۔

بعد ازاں وہ متعدد مرتبہ واپس نائجیریا گئے لیکن 1990ء میں ایک حادثے کے بعد وہ علاج کے لیے نیویارک منتقل ہو گئے۔ اِس حادثے میں وہ بال بال بچ تو گئے تھے لیکن اُن کا نچلا دھڑ مفلوج ہو گیا تھا۔

پروفیسر چینوا اچیبے نیویارک کے بارڈ کالج میں پندرہ سال تک پڑھاتے رہے۔ اُنہوں نے بعد ازاں دیگر اعلیً امریکی تعلیمی اداروں میں بھی تدریسی فرائض سرانجام دیے۔

اُنہوں نے ہمیشہ اپنے ملک کے مقتدر طبقے کو ہدفِ تنقید بنایا اور یہی وجہ تھی کہ اُنہوں نے دو مرتبہ اپنے ملک کا اعلیٰ ترین اعزاز ’کمانڈر آف دی فیڈرل ری پبلک‘ قبول کرنے سے انکار کر دیا۔

(aa/ah(dpa

ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں