1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
تنازعاتیوکرین

باخموت پر روسی قبضے سے جنگ کا پانسہ نہیں پلٹے گا، لائڈ آسٹن

6 مارچ 2023

امریکی وزیر دفاع لائڈ آسٹن کے مطابق ان دنوں گھمسان کی لڑائی کا محاذ بنے ہوئے مشرقی یوکرینی شہر باخموت کی عسکری اہمیت عملی سے زیادہ علامتی ہے اور اس شہر پر روسی فوجی قبضے کا مطلب یہ نہیں ہو گا کہ جنگ کا پانسہ پلٹ گیا ہے۔

Ukraine war Bakhmut
تصویر: Alex Babenko/REUTERS

امریکی محکمہ دفاع کے سربراہ نے اردن کے اپنے دورے کے دوران پیر چھ مارچ کے روز عمان میں کہا کہ روسی یوکرینی جنگ میں گزشتہ کئی دنوں سے باخموت پر قبضے کے لیے جو لڑائی جاری ہے، اس میں اگر روس کی فوج کو کامیابی مل بھی گئی تو اس کا مطلب یہ ہر گز نہیں ہو گا کہ اس جنگ میں ماسکو کا پلڑا دوبارہ بھاری ہو گیا ہے۔

ملبے کا ڈھیر بن چکا باخموت

باخموت مشرقی یوکرین میں ڈونیٹسک کے علاقے کا ایسا شہر ہے، جس پر قبضے کے لیے روسی دستے گزشتہ سات ماہ سے کوششیں کر رہے ہیں۔ جنگ سے پہلے اس شہر کی آبادی تقریباﹰ 70 ہزار تھی اور اب یہ مسلسل فضائی اور زمینی حملوں سے محض ملبے کا ڈھیر نظر آنے والے کھنڈرات کی شکل اختیار کر چکا ہے۔

چین نے روس کو ہتھیار دیے تو 'نتائج‘ نکلیں گے، جرمن چانسلر

ماسکو اس شہر پر قبضے کا اس لیے بھی متمنی ہے کہ وہ اسے موسم سرما میں انسانی جانوں کے ضیاع کے حوالے سے بہت مہنگی ثابت ہونے والی لڑائی میں اپنے لیے ایک اہم اسٹریٹیجک کامیابی کے طور پر دیکھ رہا ہے۔

امریکی وزیر دفاع لائڈ آسٹن، بائیں، یوکرینی ہم منصب اولیکسی ریزنیکوف کے ساتھتصویر: Olivier Matthys/AFP

اس پس منظر میں امریکہ کے ی وزیر دفاع آسٹن نے عمان میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا، ''میری رائے میں اس شہر کی علامتی اہمیت اس کی اسٹریٹیجک اور  آپریشنل اہمیت سے کہیں زیادہ ہے۔‘‘

’پانسہ نہیں پلٹے گا‘

پینٹاگون کے سربراہ لائڈ آسٹن کے مطابق، ''باخموت پر روسی دستوں کو قبضہ حاصل ہو بھی گیا، تو لازمی نہیں کہ اس کا مطلب یہ بھی ہو کہ روسی یوکرینی جنگ کا پانسہ پلٹ گیا ہے یا اس لڑائی کا رخ روس کے حق میں ہو گیا ہے۔‘‘

روسی پیش قدمی کے بعد باخموت کے رہائشی شہر چھوڑتے ہوئے

لائڈ آسٹن نے اس بارے میں اپنی طرف سے کوئی پیش گوئی کرنے سے بھی احتراز کیا کہ روسی فوج باخموت پر قبضہ کر لینے میں کامیاب ہو بھی جائے گی یا نہیں۔

روسی توپ خانے کی طرف سے باخموت شہر سے باہر نکلنے کے آخری راستوں پر بھی گزشتہ چند دنوں سے شدید گولہ باری کی جا رہی ہے۔ اس کا مقصد اس شہر کے گرد فوجی گھیرا مکمل کرنا ہے۔

یوکرین کو ٹینک کیوں چاہیے ہیں؟

04:57

This browser does not support the video element.

لیکن اس جنگ کے لیے اپنے بہت سے جنگجو بھیجنے والی روسی ملیشیا واگنر کے سربراہ کا کہنا ہے کہ ان کے دستے باخموت کی لڑائی میں اگلے محاذوں پر لڑ تو رہے ہیں مگر انہیں ماسکو کی طرف سے اشد ضروری گولہ بارود مہیا نہیں کیا جا رہا۔

یوکرینی فوج کی باخموت کا دفاع مضبوط بنانے کی کوشش

کییف میں یوکرینی صدر زیلنسکی کے دفتر سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق ملکی مسلح افواج کے اعلیٰ کمانڈر اس حق میں ہیں کہ باخموت کے دفاع کو مضبوط بنانے کے لیے وہاں دفاعی پوزیشنوں کو تقویت دی جائے۔

یوکرین پر مضبوط جرمن حمایت کے لیے بائیڈن نے شولس کا شکریہ ادا کیا

صدارتی دفتر سے جاری کردہ اس بیان کے مطابق صدر زیلنسکی نے ملکی مسلح افواج کے سربراہ والیری زالُوژنی اور زمینی دستوں کے کمانڈر اولیکسانڈرسیرسکی کے ساتھ ملاقات میں اس امر کی حمایت کی کہ باخموت میں ''یوکرینی فوج کی مسلح پوزیشنوں کو مضبوط بناتے ہوئے موجودہ دفاعی کارروائیاں جاری رکھی جانا چاہییں۔‘‘

م م / ک م (روئٹرز، اے ایف پی)

روسی فوج کی یوکرینی گاؤں میں تباہی کے نشانات

03:11

This browser does not support the video element.

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں