باراک اوباما کی پچاسویں سالگرہ
4 اگست 2011امریکی صدر اوباما کو بہت سے سیاسی چیلنجز کا سامنا ہے، جو ان کے سن دو ہزار بارہ کے صدارتی انتخابات میں کامیابی کی راہ میں حائل ہیں۔ ابھی چند روز قبل ہی انہوں نے امریکہ کے ریاستی قرضوں کی حد میں اضافے سے متعلق بل کو بڑی مشکلوں سے منظور کرایا ہے۔ اس بل کی منظوری سے جہاں انہیں اپنے حریف ری پبلکنز کی بہت سی شرائط ماننا پڑی ہیں، وہیں اس بل کے اثرات عام امریکیوں کی جیبوں پر پڑنے کا بھی خطرہ ہے۔ اوباما کے لیے یہ کوئی خوش کن بات نہیں ہے۔
باراک اوباما انہی سیاسی مشکلات کی بنا پر اپنی پچاسویں سالگرہ کو انتخابی مہم میں تبدیل کر رہے ہیں۔
اپنے شہر شکاگو میں باراک اوباما نے اپنے حامیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ ہفتہ ان کے لیے بہت مشکل ثابت ہوا۔ خیال رہے کہ اگر منگل تک امریکی کانگریس ریاستی قرضوں میں اضافے کی حد کو بڑھانے سے قاصر رہتی تو امریکہ شدید معاشی بحران کا شکار ہو سکتا تھا اور اس کے دیوالہ ہو جانے کا بھی خطرہ تھا۔ مبصرین کے مطابق امریکی صدر امریکی ووٹرز کو یہ بتانے کی کوشش کر رہے ہیں کہ دو ہزار بارہ کے انتخابات بہت سے حوالوں سے پچھلے انتخابات سے بھی اہم ہیں۔
امریکی صدر کا کہنا ہے کہ وہ ملک کو درپیش سیاسی چیلنجز سے واقف ہیں ۔ ان کا کہنا ہے کہ ملکی معیشت کے لیے ابھی بہت کچھ کرنا باقی ہے، جسے وہ دوبارہ صدر منتخب ہو کر ہی کر پائیں گے۔
رپورٹ: شامل شمس⁄ خبر رساں ادارے
ادارت: امجد علی