1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بالی ووڈ آسکر: ’بھاگ مِلکھا بھاگ‘ بہترین فلم

عابد حسین28 اپریل 2014

امریکی ریاست فلوریڈا کے ساحلی شہر ٹیمپا میں انٹرنیشنل انڈین فلم اکیڈیمی ایوارڈز کی تقسیم کی تقریب منعقد کی گئی۔ اس میں بھارتی فلم انڈسٹری کے تقریباً تمام نمایاں اداکار شریک تھے۔ غیر ملکی ادا کاروں کو بھی مدعُو کیا گیا۔

Indien Deepika Padukone
بہترین اداکارہ کا ایوارڈ فلم ’چنائے ایکسپریس‘ کی ہیروئن دیپکا پڈکون کو ملا۔تصویر: AP

آئیفا ایوارڈز کو بھارتی آسکر سے بھی تعبیر کیا جاتا ہے۔ آسکر ایوارڈز کی تقریب میں اداکار ریڈ کارپٹ پر آغاز سے قبل جمع ہوتے ہیں اور آئیفا ایوارڈز میں ریڈ کی جگہ گرین کارپٹ کو متعارف کروایا گیا ہے۔ ایسا پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ ایوارڈز کی تقسیم کی تقریب کسی امریکی شہر میں منعقد کی گئی۔ ٹیمپا منعقدہ تقریب میں بھارتی فلم ’ بھاگ ملکھا بھاگ‘ کو سب سے زیادہ ایوارڈز حاصل ہوئے۔ اسی کو بہترین فلم کے ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔

آئیفا ایوارڈز کی تقریب میں پریانکا چوپڑاتصویر: picture-alliance/dpa

ایک بھارتی ایتھلیٹ کی زندگی پر بنائی گئی فلم کو جہاں بہترین فلم کے ایوارڈ سے نوازا گیا وہاں اس کے ہدایتکار راکیش اوم پرکاش مہرا کو بھی بہترین ہدایتکار کا ایوارڈ دیا گیا۔ اس فلم میں کردار نگار فرحان اختر کو بہترین اداکار کا ایوارڈ ملا۔ اسی فلم میں معاون اداکارہ کا ایوارڈ دیویا دتا کو دیا گیا۔ اس کے علاوہ بہترین کہانی کا ایوارڈ بھی اسی فلم کو حاصل ہوا۔ بہترین اداکارہ کا ایوارڈ فلم ’چنائے ایکسپریس‘ کی ہیروئن دیپکا پڈکون کو ملا۔ بہترین معاون اداکار کا ایوارڈ ادیتیا رائے کپور کو دیا گیا۔ ناقدین نے فلم ’یہ جوانی دیوانی‘ میں اُن کی پرفارمنس کو سراہا ہے۔

ٹیمپا میں منعقدہ تقریب میں بھارتی آسکر ایوارڈز کی تقسیم کی تقریب میں امریکی فلمی صنعت کے مشہور اداکار جان ٹراوولٹا اور کیون اسپیسی بھی شریک ہوئے۔ امریکی اداکار کیون اسپیسی کو مشہور فلم ’ہاؤس آف کارڈز‘ میں اداکاری کے جوہر دکھانے پر خاصی شہرت ملی تھی۔ وہ دو مرتبہ آسکر ایوارڈز جیت چکے ہیں۔ تقریب میں شریک ہو کر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بھارتی فلم انڈسٹری کو اگر وسعت کی ضرورت ہے تو کاپی رائٹس کے حقوق کی قدر کرنا ہو گی اور چربہ نگاری سے بھی اجتناب کرنا ہوگا۔ اسپیسی کے مطابق جو سیاسی رابطہ کاری سے حاصل نہیں ہوتا وہ ثقافتی رابطوں سے ممکن ہوتا ہے۔

ہالی ووڈ کے ممتاز اداکار جان ٹراوولٹا کوخصوصی ایوارڈ سے نوازا گیا۔تصویر: Caroline McCredie/Getty Images

اسی تقریب میں ہالی ووڈ کے ممتاز اداکار جان ٹراوولٹا کوخصوصی ایوارڈ سے نوازا گیا۔ ان کو یہ ایوارڈ اُن کی اداکارانہ خدمت کے احترام میں دیا گیا۔ ایوارڈ وصول کرنے کے بعد جان ٹراوولٹا کا کہنا تھا کہ وہ آج انتہائی مسرت سے یہ کہتے ہیں کہ ایک بڑی فلم انڈسٹری نے ان کی فلم انڈسٹری کے فروغ کے لیے دی گئی خدمات کو سراہا۔ ٹراوولٹا نے مزید کہا کہ تقریب میں شریک سب انسان ہیں اور فلم ایک ایسا ذریعہ ہے کہ جس کے توسط سے وہ ایک جیسی صلاحیتوں پر فخر کر سکتے ہیں۔

سینیئر اداکار شترو گھن سنہا کو لائف ٹائم ایچیومنٹ کا ایوارڈ دیا گیا۔ فلم عاشقی ٹُوکو موسیقی اور گیت نگاری کے ایوارڈز حاصل ہوئے۔ نئے اداکاروں کے خصوصی ایوارڈز اداکارہ دھنوش اور وانی کپور کو ملے۔ امریکی ریاست فلوریڈا کے ساحلی شہر ٹیمپا میں آئیفا ایوارڈز کی تقریب کے لیے چار روزہ خصوصی میلے کا اہتمام کیا گیا تھا۔ اس میں امریکا میں مقیم بھارتی آبادی نے بڑھ چڑھ کر شرکت کی۔ ایوارڈز کی تقریب کو براہ راست 800 ملین افراد نے دیکھا اور منتظمین کو گیارہ ملین ڈالر کی آمدن ہوئی۔

ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں