1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بالی ووڈ اداکار دھرمیندر کی موت کی خبر غلط، ہسپتال سے ڈسچارج

جاوید اختر نئی دہلی
12 نومبر 2025

بالی ووڈ کے معروف اداکار دھرمیندرآج ہسپتال سے ڈسچارج ہو کر گھر آگئے۔ بعض بھارتی میڈیا نے منگل کو ان کی موت کی خبر اڑا دی تھی جس کے بعد وزیر دفاع، اتر پردیش کے وزیراعلیٰ اور دیگر افراد نے تعزیتی پیغامات جاری کر دیے۔

بالی ووڈ کے معروف اور لیجنڈری اداکار دھرمیندر
بالی ووڈ کے معروف اور لیجنڈری اداکار دھرمیندرتصویر: picture-alliance/ZUMAPRESS.com/J. Kapoor

بالی ووڈ کے معروف اور لیجنڈری اداکار دھرمیندر کو آج (بدھ) اسپتال سے فارغ کر دیا گیا۔ 89 سالہ اداکار کو کچھ ٹیسٹوں کے لیے داخل کیا گیا تھا، تاہم ان ٹیسٹوں کی تفصیلات اہلِ خانہ یا اسپتال انتظامیہ کی جانب سے ظاہر نہیں کی گئیں۔

ممبئی کے بریچ کینڈی اسپتال میں دھرمیندر کا علاج کرنے والے ڈاکٹر پرتیت سمدانی نے خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کو بتایا، ''دھرمیندر جی کو صبح تقریباً 7:30 بجے اسپتال سے ڈسچارج کیا گیا۔ اہلِ خانہ نے فیصلہ کیا ہے کہ اب اُن کا علاج گھر پر ہی جاری رکھا جائے گا۔‘‘

دھرمیندر کے اہل خانہ اور ڈاکٹروں نے تصدیق کی ہے کہ ان کی حالت مستحکم ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے عوام اور میڈیا سے درخواست کی کہ وہ ان کی نجی زندگی کا احترام کریں۔ انہوں نے اداکار کی صحت سے متعلق پھیلائی جانے والی جھوٹی خبروں کی مذمت بھی کی۔

دھرمیندر کے اہل خانہ کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا، ''ہم تمام لوگوں کے پیار، دعاؤں اور نیک تمناؤں کے شکر گزار ہیں جو ان (دھرمیندر) کی مکمل صحت یابی، اچھی صحت اور طویل عمر کے لیے کی جا رہی ہیں۔ براہِ کرم ان کا احترام کریں، کیونکہ وہ آپ سب سے محبت کرتے ہیں۔‘‘

اداکارہ ہیمامالنی اپنے شوہر دھرمیندر کے ساتھتصویر: Getty Images/AFP/STRDEL

دھرمیندر کی موت کی افواہ

منگل کی صبح، وزیر دفاع راجناتھ سنگھ، اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ اور نغمہ نگار جاوید اختر سمیت کئی معروف شخصیات نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر دھرمیندر کے انتقال کی غلط خبر شیئر کی اور ان کے لیے تعزیتی پیغامات پوسٹ کیے۔ تاہم جب اہلِ خانہ نے دھرمیندر کی صحت یابی کی تصدیق کی اور اس جھوٹی خبر کو مسترد کیا، تو تمام پوسٹس ہٹا دی گئیں۔

دھرمیندر کی بیٹی ایشا دیول نے سخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر لکھا، ''میڈیا حد سے زیادہ افواہیں پھیلا رہا ہے اور جھوٹی خبریں عام کر رہا ہے۔ میرے والد بالکل ٹھیک ہیں اور صحت یاب ہو رہے ہیں۔ ہم سب سے درخواست کرتے ہیں کہ ہمارے خاندان کی پرائیویسی کا احترام کریں۔ پاپا کی جلد صحت یابی کے لیے دعاؤں کا شکریہ۔‘‘

انہوں نے قیاس آرائیوں سے بچنے کے لیے اپنی پوسٹ کے کامینٹس سیکشن بھی بند کر دیے۔

دھرمیندر کی اہلیہ اور مشہور اداکارہ ہیما مالنی نے بھی اس جھوٹی خبر کی سخت مذمت کی اور کہا کہ اس طرح کی غلط رپورٹس نے اہلِ خانہ کو شدید ذہنی اذیت پہنچائی ہے۔

دھرمیندر اپنے بیٹوں اداکار سنی دیول (دائیں) اور بوبی دیول کے ساتھتصویر: Ambalika Misra

ناقابلِ معافی!

اداکارہ ہیما مالنی نے جھوٹی خبریں پھیلانے والے میڈیا چینلز پر سخت تنقید کی۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا، ''جو کچھ ہو رہا ہے وہ ناقابلِ معافی ہے! ذمہ دار میڈیا چینلز کسی ایسے شخص کے بارے میں جھوٹی خبریں کیسے پھیلا سکتے ہیں جو علاج کا ریسپانس دے رہا ہے اور بہتر ہو رہا ہے؟ یہ انتہائی بے ادبی اور غیر ذمہ دارانہ رویہ ہے۔ براہِ کرم خاندان اور اس کی پرائیویسی کا احترام کریں۔‘‘

خیال رہے، ہیما مالنی اترپردیش کے متھرا پارلیمانی حلقے سے حکمراں جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کی رکن پارلیمان بھی ہیں۔

اداکار شتروگھن سنہا نے بھی دھرمیندر سے متعلق جھوٹی اور غیر ذمہ دارانہ خبریں پھیلانے والوں سے سخت سوال کیا کہ آخر یہ لوگ ہیں کون؟

شتروگھن سنہا نے کہا، ''دھرم جی کے پاس کوئی میڈیا ٹیم نہیں ہے، تو پھر کس ٹیم نے ان کے انتقال کی تصدیق کی؟ یہ بالکل غلط ہے۔‘‘

شتروگھن سنہا نے مزید کہا کہ جیسے ہی انہیں اصل حقیقت معلوم ہوئی تو سکون کا سانس لیا۔ انہوں نے کہا ''دھرم جی، جو سب کے پیارے ہیں، اور بالکل ٹھیک ہیں۔ اللہ ان کے دشمنوں کو مٹا دے۔‘‘

دھرمیندر، جو'شعلے‘، 'دھرم ویر‘، 'چپکے چپکے‘، 'میرا گاؤں میرا دیش‘ اور 'ڈریم گرل‘ جیسی فلموں میں اپنی لازوال اداکاری کے لیے مشہور ہیں، حال ہی میں فلم 'تیری باتوں میں ایسا اُلجھا جیا‘ میں شاہد کپور اور کیرتی سینن کے ساتھ نظر آئے تھے۔ وہ اپنی اگلی فلم 'اکیس‘ میں نظر آئیں گے، جو 25 دسمبر کو ریلیز ہونے والی ہے۔

ادارت: صلاح الدین زین

جاوید اختر جاوید اختر دنیا کی پہلی اردو نیوز ایجنسی ’یو این آئی اردو‘ میں پچیس سال تک کام کر چکے ہیں۔
ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں