1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بان کی مون کا دورہء پاکستان

شکور رحیم، اسلام آباد13 اگست 2013

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے کہا ہے کہ ڈرون حملوں کے استعمال پربین الاقوامی قوانین کے تحت پابندی ہونی چاہیے اور بغیر پائلٹ کے ان ڈرون طیاروں کو صرف معلومات کے حصول کے لیے استعمال کرنا چاہیے۔

تصویر: imago/Xinhua

منگل کو اپنی اہلیہ کے ہمراہ پاکستان کے دو روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچنے کے بعد بان کی مون نے نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی(نَسٹ) می‍ں ’سینٹر آف انٹرنیشنل پِیس اینڈ سٹیبیلٹی‘ کا سنگ بنیاد رکھا۔ اس موقع پر پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل اشفاق پرویز کیانی اور وزیراعظم کے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز بھی موجود تھے۔ بان کی مون نے اپنے خطاب میں دنیا میں قیام امن کے لیے پاکستان کی کوششوں کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی فوج نے اقوام متحدہ کے امن دستوں کا حصہ بن کر دنیا کے مختلف ممالک میں بے مثال کام کیا اور اپنی جانوں تک کی قربانیاں دیں۔

اپنے خطاب میں بان کی مون نے کہا کہ اقوام متحدہ کے امن مشن کو نئے چیلنجز کا سامنا ہے اور اپنے مینڈیٹ کے نفاذ اور فوجیوں کے تحفظ کے لیے عسکری اور سیاسی سطح پرکوششوں کے علاوہ قانون کی حکمرانی، اداروں کی تعمیر نو اور جدید ٹیکنالوجی بھی متعارف کرائی جارہی ہے۔

پاکستان افواج کے سربراہ نے بھی اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے ملاقات کیتصویر: Reuters

اس موقع پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے کہا ہے کہ اس سلسلے میں وہ ایک بات واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ بغیر پائلٹ کے جاسوس طیاروں یعنی ڈرونز کا استعمال بین الاقوامی قوانی‍ن کے تحت کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ کہ ’’جیسا کہ میں اکثر اور مسلسل کہتا رہا ہوں کہ مسلح ڈرون کا استعمال دوسرے ہتھیاروں کی طرح بین الاقوامی قوانین کے تحت ہونا چاہیے۔ جن میں انسانی ‍حقوق کے بین الاقوامی قوانین بھی شامل ہی‍ں۔ یہ اقوامِ متحدہ کی بہت ہی واضح پوزیشن ہے۔‘‘

اس موقع پر اپنے خطاب میں سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ پاکستان دنیا می‍ں امن کا خواہاں ہے اور اسی مقصد کے لیے اقوام متحدہ کے امن دستوں میں دس فی‍‍‍‍‍‍صد پاکستانی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مختلف شعبہ جات میں اقوام متحدہ کے تعاون کا بھی شکر گزار ہے۔ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے سرتاج عزیز نے کہا کہ ، ’’پاکستان کی ہر طرح کی دہشت گردی کے خلاف جنگ کا عزم، اس کی امن و سلامتی کے فروغ کی پالیسی کا ایک اہم حصہ ہے۔ بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصانات نے حکومت اور عوام کے عزم کو اور پختہ کیا ہے کہ دہشت گردی کی لعنت سے ملک کو بچایا جائے اور ہم مکمل فت‍ح تک دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رکھی‍ں گے۔‘‘

پاکستانی وزیراعظم کے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز بان کی مون کے ہمراہتصویر: Reuters

اس سے قبل بان کی مون اور سرتاج عزیز کے درمیان ملاقات کے دوران اقوامِ متحدہ کے ترقیاتی منصوبوں اور بھارت و پاکستان کے درمیان لائن آف کنٹرول پر کشیدہ صورتِ حال پر غور ہوا۔ اس ملاقات میں وفاقی وزیر شاہد خاقان عباسی اور پاکستان کے سیکرٹری خارجہ جلیل عباس جیلانی بھی شریک ہوئے۔

بان کی مون ایک ایسے وقت پر پاکستان کا دورہ کررہے ہی‍‍ں جب سرحدی کشیدگی کے سبب پاکستان اور بھارت کے تعلقات ایک مرتبہ پھر کشیدہ ہوچکے ہی‍‍ں۔ ماضی قریب میں بان کی مون نے بھارت اور پاکستان کے درمیان ثالث کا کردار ادا کرنے کی پیشکش کی تھی اور پاکستان اور بھارت پر کشمیر کے دیرینہ تنازع کو حل کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا تھا کہ اگر فریقین انہیں ثالث بنانے پر اتفاق کریں تو وہ اس سلسلے میں کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہیں۔

پاکستان آمد سے قبل ایک انٹرویو میں سیکرٹری جنرل بان کی مون کا کہنا تھا کہ وہ کشمیرکے تنازعے میں انسانی جانوں کے ضیاع پر افسردہ ہیں تاہم انہوں نے اس تنازع کے حل کے لیے فریقین کی جانب سے مذاکراتی عمل کو حوصلہ افزا قرار دیا۔

بان کی مون نے حالیہ پاک بھارت کشیدگی میں کمی پر زور دیاتصویر: dapd

پاکستان کے سرکاری خبر رساں ادارے نے ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر موجود مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے دونوں ممالک کی معاونت سے متعلق سوال پر بان کی مون نے کہا تھا کہ اس سلسلے میں وہ بطور اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل دستیاب ہیں، اگر فریقین سمجھتے ہیں کہ یہ مفید ثابت ہو سکتا ہے تو میں اپنا اثرورسوخ استعمال کرنے کے لیے تیار ہوں۔

بان کی مون کے دورے کے حوالے سے پاکستان کے دفترِ خارجہ نے ایک بیان جاری کیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون اپنے دورے کے دوران وزیر اعظم نواز شریف اور قومی اسمبلی کے سپیکر ایاز صادق سمیت دیگر اہم شخصیات سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔

دفتر خارجہ کے مطابق اپنے اس دورے کے دوران بان کی مون پاکستان کے قدرتی آفات سے نمٹنے کے ادارے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارتی کی جانب سے دی جانے والی بریفنگ میں بھی شرکت کریں گے اور اسلام آباد میں چودہ اگست کو یومِ آزادی کے موقع پر ہونے والی تقریب کے مہمانِ خصوصی ہوں گے۔

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں