1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بحیرہ روم میں سال کا بدترین المیہ: ڈیڑھ سو مہاجرین ڈوب گئے

26 جولائی 2019

اقوام متحدہ نے بحیرہ روم میں تقریباﹰ تین سو مہاجرین سے بھری دو کشتیوں کے کھلے سمندر میں الٹ جانے کو اس سال کا سب سے بڑا المیہ قرار دیا ہے۔ خدشہ ہے کہ پناہ کے متلاشی ان تارکین وطن میں سے ڈیڑھ سو تک سمندر میں ڈوب گئے ہیں۔

تصویر: picture-alliance/L. Schmid/SOS Mediterranee

نیوز ایجنسی روئٹرز نے لکھا ہے کہ لیبیا کے کوسٹ گارڈز اور اقوام متحدہ کے مہاجرین کے ادارے کے بیانات کے مطابق یہ المناک اور بہت ہلاک خیز واقعہ لیبیا کے دارالحکومت طرابلس سے 120 کلومیٹر یا 75 میل کے فاصلے پر کھلے سمندر میں جمعرات 25 جولائی کو پیش آیا۔

بپھری ہوئی سمندری لہروں کی وجہ سے الٹ جانے والی ان دو کشتیوں میں شمالی افریقہ سے بحری راستے کے ذریعے یورپ تک پہنچنے کے خواہش مند کل قریب 300 مہاجرین سوار تھے۔ ان میں سے تقریباﹰ 150 تک تارکین وطن تاحال لاپتہ ہیں، جن کے بارے میں حکام کو خدشہ ہے کہ وہ ڈوب گئے ہیں۔ باقی ماندہ تقریباﹰ ڈیڑھ سو تارکین وطن کو کھلے سمندر میں ماہی گیری کرنے والی مقامی کشتیوں نے بچایا اور اب انہیں واپس لیبیا میں ایسے مہاجرین کے لیے بنائے گئے حراستی مراکز میں پہنچایا جا چکا ہے۔

اس بارے میں اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین کے ترجمان چارلی یاکسلی نے خبر رساں ادارے اے پی کو بتایا، ''147 مہاجرین کو بچا لیا گیا۔ ہمارا اندازہ ہے کہ 150 تک تارکین وطن ایسے ہیں، جو تاحال لاپتہ ہیں اور خدشہ ہے کہ وہ سمندر میں ڈوب گئے ہیں۔‘‘

'بحیرہ روم میں سال رواں کا سب سے بڑا المیہ‘

اسی دوران اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین فیلیپو گرانڈی نے کہا ہے، ''اتنی بڑی تعداد میں مہاجرین اور تارکین وطن کے ہلاک ہونے جانے کا مطلب یہ ہے کہ یہ المیہ بحیرہ روم میں سال رواں کے دوران پیش آنے والا سب سے ہلاکت خیز واقعہ ثابت ہوا ہے۔‘‘ گرانڈی نے یورپی یونین کے رکن ممالک سے یہ درخواست بھی کی کہ وہ بحیرہ روم کے پانیوں میں شمالی افریقہ سے یورپ پہنچنے کے خواہش مند لیکن انتہائی غیر محفوظ اور خستہ حال کشتیوں میں پرخطر سفر کرنے والے مہاجرین کو بچانے کے لیے اپنے امدادی مشن دوبارہ شروع کریں۔

قبل ازیں لیبیا کے ساحلی محافظوں نے رواں ہفتے کے آغاز پر بھی 30 ایسے مہاجرین کو حراست میں لے لیا تھا، جو سمندری راستے سے یوپ پہنچنے کی کوشش میں تھے۔ ان تارکین وطن کو بعد میں لیبیا میں تاجورہ کے حراستی مرکز میں پہنچا دیا گیا تھا۔ رواں ماہ کے اوائل میں اس حراستی مرکز پر کیے گئے ایک فضائی حملے میں بھی 50 سے زائد افراد مارے گئے تھے۔

اس مرکز میں اس وقت بھی 200 سے زائد تارکین وطن کو رکھا جا رہا ہے۔ لیکن مزید پریشانی کی بات یہ بھی ہے کہ یہ مرکز خانہ جنگی کے شکار ملک لیبیا میں ایک ایسی جگہ پر واقع ہے، جہاں سے متحارب جنگی فریقین کے مابین ہونے والی شدید زمینی اور فضائی لڑائی بھی زیادہ دور نہیں ہے۔

م م / ع ب / روئٹرز، اے پی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں