برسلز کے خود کش حملہ آور کا بھائی تیکوانڈو کا یورپی چیمپئن
21 مئی 2016بیلجیم کے دارالحکومت برسلز سے ہفتہ اکیس مئی کو ملنے والی نیوز ایجنسی روئٹرز کی رپورٹوں کے مطابق مراد العشراوی نے جو بیلجیم کا ایک مراکشی نژاد شہری ہے، تیکوانڈو کی یورپی چیمپئن شپ کے فائنل میں سونے کا تمغہ جیت لیا ہے اور اب اس کی نظریں برازیل میں ہونے والے رِیو اولمپک مقابلوں پر لگی ہیں۔
مراد کی عمر 21 برس ہے اور اس نے جمعہ بیس مئی کے روز سوئٹزرلینڈ کے شہر مونترو Montreux میں ہونے والی یورپی تیکوانڈو چیمپئن شپ میں 54 کلوگرام سے کم جسمانی وزن کی کیٹیگری میں گولڈ میڈل حاصل کیا۔ مراد العشراوی کی کامیابی پر بیلجیم میں فلیمِش تیکوانڈو فیڈریشن نے ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں کہا، ’’مراد لائٹ ویٹ کیٹیگری میں یورپ کا بادشاہ ہے۔‘‘
یہ بات بھی اہم ہے کہ اس سال پانچ اگست سے برازیل کے شہر رِیو ڈی جینیرو میں جو اولمپک مقابلے شروع ہو رہے ہیں، ان میں شرکت کے لیے مراد کا نام بیلجیم کے کھلاڑیوں کے 185 رکنی دستے میں پہلے ہی سے شامل ہے اور وہ برازیل میں بھی اپنے وطن کے لیے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنا چاہتا ہے۔
مراد کے برعکس اس کا بڑا بھائی نجم العشراوی ایک ایسا 24 سالہ دہشت گرد تھا، جس نے بیلجیم میں 22 مارچ کو کیے گئے دہشت گردانہ حملوں میں خود کو برسلز کے ہوائی اڈے پر ایک بم دھماکے سے اڑا دیا تھا۔ ان حملوں کے دوران برسلز شہر کے زیر زمین ریلوے نظام پر بھی ایک خود کش بم حملہ کیا گیا تھا اور مجموعی طور پر ان حملوں میں 32 افراد ہلاک اور بیسیوں زخمی ہوئے تھے۔
برسلز حملوں کے دو روز بعد مراد العشراوی نے اسی سال 24 مارچ کو ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس کا بڑا بھائی نجم العشراوی ایک باقاعدہ تربیت یافتہ الیکٹرومکینک تھا جو ایک ایسا ’خوش اخلاق‘ اور ’ذہین لڑکا‘ بھی تھا، جس کی بنیاد پرستانہ سوچ کے کوئی آثار 2013 میں اس وقت سے پہلے کبھی نظر نہیں آئے تھے، جب وہ شام چلا گیا تھا۔ شام جانے کے بعد نجم العشراوی نے اپنے اہل خانہ کے ساتھ اپنے جملہ رابطے منقطع کر دیے تھے۔
فرانس اور بیلجیم کے تفتیشی ماہرین کی رائے میں شام سے واپسی پر نجم العشراوی ایک ایسا اسلام پسند بن چکا تھا، جسے عسکریت پسندی کا عملی تجربہ بھی تھا۔ اس کے بارے میں یہ شبہ بھی ہے کہ نومبر 2015 میں پیرس میں کیے گئے دہشت گردانہ حملوں میں استعمال ہونے والے بارودی جیکٹیں اور بیلٹیں بھی اسی نے بنائی تھیں۔ پیرس حملوں میں 130 افراد ہلاک ہوئے تھے۔
برسلز حملوں کے بعد جب بیلجیم کی پولیس نے مراد العشراوی سے بھی پوچھ گچھ کی تھی، تو مراد کے وکیل فیلیپ کُولو نے کہا تھا، ’’یہ بات سچ مچ پاگل کر دنے والی ہے کہ خاندان بھی وہی، والدین بھی وہی، تربیت بھی وہی، لیکن پھر بھی ایک بیٹا حقیقی معنوں میں اچھا نکلتا ہے اور دوسرا حقیقی معنوں میں بہت برا۔‘‘
اس موقع پر خود مراد العشراوی نے بھی بہت مختصر تبصرہ کرتے ہوئے کہا تھا، ’’آپ جس خاندان میں پیدا ہوتے ہیں، اس کا انتخاب آپ خود نہیں کرتے۔ آپ ایسا کر ہی نہیں سکتے۔‘‘