1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
معاشرہبرطانیہ

سبزیوں کی کمی: برطانوی سپر مارکیٹوں میں راشن مقرر

23 فروری 2023

ٹیسکو، آلڈی، ایسڈا اور موریسنز نامی سپر مارکیٹس نے بعض سبزیوں کی خریداری کی حد مقرر کر دی ہے۔ ان مارکیٹس نے اس اقدام کی وجہ اسپین اور مراکش میں موسمی حالات اور سپلائی سے جڑی مشکلات کو قرار دیا ہے۔

Großbritannien | Rationierung von Gemüse in Supermärkten
تصویر: Martyn Wheatley / i-Images/IMAGO

برطانوی سپر مارکیٹس کی کئی  شاخوں نے بدھ 22 فروری کو اعلان کیا کہ وہ بعض سبزیوں اور پھلوں کی خریداری کی حد مقرر کر رہی ہیں۔ کھانے پینے اور روز مرہ استعمال کی دیگر اشیا ء فروخت کرنے والی ان مارکیٹس نے سبزیوں کی خریداری پر حد کی وجہ جنوبی یورپی اور شمالی افریقی ممالک میں ان اشیا کے پیداواری سلسلے میں خلل کو قرار دیا۔

برطانیہ کی سب سے بڑی سپر مارکیٹ چین ٹیسکو نے فی گاہک تین ٹماٹر، تین بڑی مرچوں اور تین کھیروں کی فروخت کی حد مقرر کی ہے۔

برطانوی سپر مارکیٹس کی کئی  شاخوں نے بدھ 22 فروری کو اعلان کیا کہ وہ بعض سبزیوں اور پھلوں کی خریداری کی حد مقرر کر رہی ہیں۔تصویر: Burak Bir/AA/picture alliance

جرمن مارکیٹ چین آلڈی کی برطانوی شاخ نے بھی اسی طرح کے اقدامات کا اعلان کیا ہے جبکہ موریسنز نے ان اشیاء کے ساتھ ساتھ سلاد پتہ کی فروخت کی بھی حد مقرر کر دی۔ اس سے ایک روز قبل ہی ایسڈا سپر مارکیٹ نے مجموعی طور پر آٹھ سبزیوں اور پھلوں کی فروخت پر حد مقرر کی تھی۔

بریگزٹ کے نتائج یا موسم کی خرابی ؟

برطانیہ کی طرف سے یورپی یونین چھوڑ دینے کے ناقدین کھانے پینے کی اشیاء کی اس قلت کو بریگزٹ کا نتیجہ قرار دے رہے ہیں جو کہ یورپ کے باقی حصے میں کہیں موجود نہیں۔ تاہم صنعت سے متعلق ماہرین کا کہنا ہے کہ اس قلت کی وجہ موسم کی خرابی ہے۔

برطانوی ریٹیل کنسورشیم میں خوراک اور پائیداری کے معاملات کے ڈائریکٹر اینڈریو اوپی کے بقول، ''جنوبی یورپ اور شمالی افریقی ممالک میں مشکل موسمی حالات نے کچھ پھلوں اور سبزیوں کی پیداوار کو متاثر کیا ہے، جن میں ٹماٹر اور مرچیں بھی شامل ہیں۔‘‘

ان کا مزید کہنا تھا، ''سپر مارکیٹس اشیا کی فراہمی کے سلسلے سے جڑے مسائل پر قابو پانے میں ماہر ہوتی ہیں اور وہ کسانوں کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہیں تاکہ گاہکوں کو تازہ پیداوار تک رسائی حاصل رہے۔‘‘ اوپی کا مزید کہنا تھا کہ یہ قلت مزید کچھ ہفتوں تک جاری رہنے کی توقع ہے۔

گزشتہ ماہ اسپین کو غیر معمولی سرد موسم کا سامنا رہا۔ جنوبی اسپین سے سامان لے جانے والے سمندری بحری جہازوں کی روانگی بھی معطل ہوتی رہی جس کی وجہ سے اشیا کی فراہمی کا یہ سلسلہ مزید متاثر ہوا۔

اسی طرح مراکش میں کسانوں نے سرد موسم، تیز بارشوں اور سیلاب کے سبب پیداواری حجم میں کمی کے بارے میں بتایا ہے۔

کیا چین عالمی خوراک کے بحران کو حل کرے گا؟

01:42

This browser does not support the video element.

ا ب ا/ش ر (روئٹرز، اے پی، اے ایف پی)

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں