برطانوی سیاست کا نوجوان رُوپ: نک کلیگ اور ڈیوڈ کیمرون
12 مئی 2010برطانیہ میں اب تک دو وزرائے اعظم ایسے رہے ہیں، جن کا تعلق آکس برج کلاس سے نہیں رہا۔ اس کلاس سے مراد آکسفورڈ اور کیمبرج یونیورسٹی سے تعلیم یافتہ افراد کا حلقہ ہے۔ نئے برطانوی سیاسی سیٹ اپ کے دونوں اہم رہنماؤں کا تعلق انہی تعلیمی اداروں سے ہے۔
گورڈن براؤن برطانیہ کے دوسرے وزیر اعظم تھے، جو ان یونیورسٹیوں میں سے کسی ایک کی ڈگری کے حامل نہیں رہے۔ نِک کلیگ تاریخی کیمبرج یونیورسٹی اور ڈیوڈ کیمرون معروف آکسفورڈ یونیورسٹی سے فارغ التحصیل ہے۔
برطانیہ کے نئے وزیر اعظم ڈیوڈ ویلیئم ڈونلڈ کیمرون 9 اکتوبر 1966ء کو پیدا ہوئے۔ وہ آکسفورڈ کے ایک حلقے سے ہی پارلیمنٹ کے رکن منتخب ہوتے رہے ہیں۔ پارلیمنٹ کے لئے پہلے الیکشن میں انہیں شکست کا سامنا رہا تھا۔
کیمرون کو کنزرویٹو پارٹی کے سربراہ کے طور پر 2005ء منتخب کیا گیا تھا۔ ان کا تعلق برطانیہ کے اعلیٰ سیاسی خاندان سے ہے، جو اسکاٹ لینڈ کے اُن ہائی لینڈز میں سے ایک ہے اور ان کا تذکرہ ممتاز شاعر ولیئم ورڈز ورتھ کی نظموں میں ملتا ہے۔
قدامت پسند جماعت سے کیمرون کا تعلق 1988ء سے دیکھا جا سکتا ہے۔ پارٹی کی قیادت سنبھالنے کے بعد وہ متعدد عالمی امور پر ایک مختلف نکتہ نظر رکھتے دکھائی دیے ہیں۔ انہیں یورپی یونین پر بھی تحفظات ہیں۔
برطانیہ کے نئے وزیر اعظم کا پسندیدہ کھیل فٹ بال ہے۔ وہ سائیکلنگ اور جوگنگ کا بھی شوق رکھتے ہیں۔ 2006ء میں ڈیوڈ کیمرون کی ایک تصویر شائع ہوئی، جس میں وہ سائیکل پر پارٹی آفس جاتے دکھائی دیے۔ تاہم ان کا دفتری سامان ان کی گاڑی پر تھا، جو سائیکل کے پیچھے جا رہی تھی۔ ان کی سائیکل دو مرتبہ چوری بھی ہو چکی ہے۔
نِک کلیگ
ان کا پورا نام نکولس ولیم پیٹر کلیگ ہے۔ وہ سات جنوری 1967ء کو پیدا ہوئے اور 18 دسمبر 2007ء سے ترقی پسند جماعت لبرل ڈیمو کریٹس کی قیادت کر رہے ہیں۔ نِک کلیگ 1999ء سے برطانوی پارلیمنٹ کے رکن ہیں۔ وہ مختلف حلقوں سے پارلیمنٹ کے ممبر منتخب ہوتے رہے ہیں۔ 2007ء میں انہوں نے کرس ہیونے کو پارٹی کنونشن میں شکست دی تھی۔ سیاست میں عملی طور پر شرکت سے قبل ان کا تعلق صحافت سے بھی رہا اور بعض اخبارات کے لئے مضامین لکھنے کے ساتھ ساتھ رپورٹنگ بھی کرتے رہے۔
نِک کلیگ کی اہلیہ کا ہسپانوی ہیں۔ اُن کے تین بیٹے ہیں۔ وہ خود کو لامذہب قرار دیتے ہیں۔ تاہم ان کی اہلیہ رومن کیتھولک مسیحی ہیں اور اپنے بیٹوں کی تربیت بھی وہ اسی انداز میں کر رہی ہیں۔
رپورٹ: ندیم گِل
ادارت: عابد حسین