نوٹنگھم میں متعدد حملے، تین افراد ہلاک اور تین زخمی
13 جون 2023
برطانیہ کے ایک مرکزی شہر نوٹنگھم میں پولیس نے ایک شخص کو تین افراد کے مبینہ قتل کے شبے میں گرفتار کر لیا ہے۔ برطانیہ کے اس وسطی شہر کی ایک شاہرہ پر تین افراد کی لاشیں ملنے کے بعد پولیس نے ان کے قتل کے شبے میں ایک شخص کو گرفتار کر لیا۔ اس واقعے کے علاوہ نوٹنگھم کی سڑک پر وین کے ذریعے تین افراد کو کچلنے کی کوشش کی گئی۔ زخمیوں کو فوری طور ہسپتال پہنچا دیا گیا ہے۔
مقامی پولیس کے مطابق صبح چار بجے نوٹنگھم شہر کے مرکزی علاقے میں ایک سڑک پر دو مشتبہ افراد کے بارے میں چوکنا کر دیا گیا تھا۔ اس کے فوری بعد انہیں قریبی مقام سے ایک اور واقع کے بارے میں مطلع کیا گیا جس میں تین افراد پر وین سے چڑھائی کی کوشش میں ان تینوں کے زخمی ہونے کا بتایا گیا۔ ان زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
چیف کانسٹیبل کیٹ مینل نے اپنے بیان میں کہا،''یہ ایک ہولناک اور المناک واقعہ ہے جس میں تین انسانی جانوں کی ہلاکت کا دعویٰ کیا گیا ہے۔‘‘ کانسٹیبل کیٹ مینل کا مزید کہنا تھا، ''ہمیں یقین ہے کہ یہ تینوں واقعات ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں اور ہم نے ایک شخص کو حراست میں لے رکھا ہے۔ یہ تفتیش اپنے ابتدائی مراحل میں ہے۔ جاسوسوں کی ایک ٹیم اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کام کر رہی ہے کہ واقعات اصل میں ہیں کیا۔‘‘
قتل کے شک میں ایک 31 سالہشخص کو گرفتار کیا گیا ہے، تا حال ان واقعات کے پیچھے چھپے مقاصد کے بارے میں کوئی اشارہ نہیں ملا ہے۔ پولیس کے بیان سے بھی کوئی اشارہ نہیں مل رہا ہے تاہم تفتیشی کارروائی میں انسداد دہشت گردی کے افسران کو شامل کیا گیا ہے۔
برطانوی وزیراعظم رشی سنک نے پولیس اور ایمرجنسی سروسز کو چوکنا رہنے اور فوری طور پر ایکشن لینے کے لیے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہپولیس کو مزید تحقیقات اور اپنے کاموں کے لیے پورا وقت دیا جانا چاہیے۔
نوٹنگھم کی کئی بڑی سڑکیں بند کر دی گئیں ہیں اور شہری ٹرام نیٹ ورک معطل کر دیا گیا ہے۔ ایمرجنسی سروسز کے ارکان شہر بھر میں گشت کرتے نظر آ رہے ہیں۔
ک م/ ا ا(روئٹرز، بی بی سی)