برطانوی ملکہ الزبتھ کی پڑپوتی کی ولادت
2 مئی 2015برطانوی شاہی خاندان کی سرکاری رہائش گاہ کیزنگٹن پیلس سے جاری ہونے والے تازہ اعلامیے میں بتایا گیا کہ ڈچس آف کیمبرج اور اُن کے ہاں پیدا ہونے والی بےبی گرل بالکل خیریت سے ہیں۔ ٹویٹر پر جاری ہونے والے اِس بیان میں وضاحت کی گئی ہے کہ بچی کی ولادت کے وقت پرنس ولیم اپنی اہلیہ کے ہمراہ ہسپتال میں موجود تھے۔ شہزادے ولیم کی بیٹی کی ولادت بارے ملکہ برطانیہ الزبتھ اور اُن کے شوہر ڈیوک آف ایڈنبرا، پرنس فلپ کو مطلع کیا گیا۔ اسی طرح شہزادے ولیم کے والد پرنس آف ویلز، شہزادہ چارلس کو بھی باضابطہ طور پر اطلاع پہنچائی گئی۔ شاہی خاندان کے افراد نے بچّی کی ولادت پر مسرت کا اظہار کیا ہے۔
برطانیہ کے شاہی خاندان میں ہونے والی نئی ولادت کا اعلان روایت کے مطابق کینزنگٹن محل (Kensington Palace) کی جانب سے کیا گیا۔ اِس ابتدائی اعلان کے مطابق شہزادے ولیم کی بیوی ڈچس آف کیمبرج نے آج ہفتے کی صبح ساڑھے آٹھ بجے کے قریب ایک بیٹی کو جنم دیا ہے۔ بچی کی ولادت سے تین گھنٹے قبل پرنسِس کیٹ کو دردِ زہ کا آغاز ہو گیا تھا۔ بچے کی ولادت کا درد شروع ہونے پر انہیں اُسی ہسپتال پہنچایا گیا، جہاں دو سال قبل انہوں نے ایک بیٹے کو جنم دیا تھا۔ پرنسِس کیٹ کو مغربی لندن کے سینٹ میریز ہسپتال کے پرائیویٹ وارڈ لِنڈو ونگ میں داخل کیا گیا۔ بتیس برس قبل شہزادہ ولیم بھی مرحومہ پرنسس ڈیانا کے ہاں اسی ہسپتال میں پیدا ہوئے تھے۔
بچی کا وزن آٹھ پاؤنڈ تین اونس یا تقریباً پونے چار کلوگرام کے قریب ہے۔ اعلان کے مطابق زچہ و بچہ دونوں خیریت سے ہیں۔ بچی کے نام کا ابھی اعلان نہیں کیا گیا ہے۔ محل کی اعلیٰ ملازمین بھی بچی کے نام کا اعلان کرنے کے مجاز نہیں ہیں۔ تقریباً دو برس قبل بیٹے کی ولادت پر بھی نام کا اعلان دو دن بعد کیا گیا تھا۔ دو مئی کو پیدا ہونے والی یہ بچی برطانوی تخت کی جانشینی کی قطار میں چوتھے نمبر پر ہو گی۔ بچی کی ولادت روایتی انداز میں نقارچی کے ذریعے کی گئی۔
اِس سے قبل شہزادہ ولیم اور پرنسِس کیٹ کے ہاں ایک بیٹا شہزادہ جارج ہے، جو جولائی سن 2013 میں پیدا ہوا تھا۔ ولیم اور کیٹ کی شادی سن 2011 میں ہوئی تھی۔ ہسپتال سے فارغ ہونے کے بعد شہزادہ ولیم اور پرنسس کیٹ اپنے نومولود بچی کے ساتھ شاہی خاندان کی سرکاری رہائش گاہ جائیں گے اور اُس کے بعد وہ اپنے محل منتقل ہوں گے۔