برطانوی وزیر خزانہ کا کیمرون کا جانشین بننے سے انکار
28 جون 2016لندن سے منگل اٹھائیس جون کو ملنے والی نیوز ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹوں کے مطابق برطانیہ کے یورپی یونین سے اخراج کے موضوع پر تئیس جون کو ہونے والے ’بریگزٹ‘ ریفرنڈم کے بعد ڈیوڈ کیمرون یہ کہہ چکے ہیں کہ وہ اس سال اکتوبر میں اپنے عہدے سے مستعفی ہو جائیں گے۔
اس سلسلے میں قدامت پسند کیمرون کے ممکنہ جانشین سیاستدانوں میں ایک اہم نام وزیر خزانہ جارج اوسبورن کا بھی تھا۔ تاہم اوسبورن نے اب اس بات کو خارج از امکان قرار دے دیا ہے کہ وہ لندن میں حکمران ٹوری پارٹی کی قیادت کے لیے امیدوار ہوں گے۔
اے ایف پی کے مطابق جارج اوسبورن نے برطانوی اخبار ’دا ٹائمز‘ میں منگل اٹھائیس جون کو شائع ہونے والے اپنے ایک مضمون میں لکھا کہ گزشتہ ہفتے ہونے والے ریفرنڈم سے پہلے کی مہم میں وہ واضح طور پر اس بات کے حامی رہے کہ برطانیہ کو یورپی یونین کا رکن رہنا چاہیے اور یونین سے اخراج کا فیصلہ درست نہیں ہو گا۔ لیکن برطانوی عوام نے 48 فیصد کے مقابلے میں 52 فیصد ووٹوں کی اکثریت سے اس امر کی حمایت کی کہ لندن کو یورپی یونین میں اپنی رکنیت ترک کر دینا چاہیے۔
اس دلیل کے ساتھ جارج اوسبورن نے اپنے مضمون میں لکھا، ’’یونین میں شامل رہنے کے حامی کے طور پر میں اب کوئی ایسی موزوں شخصیت نہیں ہوں جو ٹوری پارٹی کی قیادت سنبھال سکے، جب کہ عوام ’بریگزٹ‘ کے حق میں فیصلہ دے چکے ہیں۔‘‘
برطانوی وزیر خزانہ نے مزید لکھا کہ وہ ایک سیاستدان کے طور پر حالیہ عوامی ریفرنڈم کے نتائج کو کلی طور پر تسلیم کرتے ہیں لیکن ذاتی طور پر وہ سمجھتے ہیں کہ وہ کوئی ایسی شخصیت نہیں ہیں جو ٹوری پارٹی کو اندرونی طور پر متحدہ کر سکے، وہ اتحاد جس کی پارٹی کو اس وقت اشد ضرورت ہے۔
اے ایف پی کے مطابق برطانوی کنزرویٹو پارٹی ابھی تک ڈیوڈ کیمرون کے ممکنہ جانشین کی تلاش میں ہے، جس کی تقرری اس سال ستمبر میں متوقع ہے۔ ماہرین کا خیال ہے کہ ایک بار کیمرون کے جانشین کا انتخاب کر لیا گیا تو نئے پارٹی سربراہ کے طور پر وہ غالباﹰ ملک میں قبل از وقت عام انتخابات کا اعلان بھی کر دیں گے تاکہ نئے سربراہ حکومت کے طور پر ملکی رائے دہندگان سے اپنے انتخاب کی توثیق کروا سکیں۔
اب تک کیمرون کے ممکنہ جانشینوں کے طور پر سامنے آنے والے دو اہم نام بورس جانسن اور ٹیریسا مے کے ہیں۔ بورس جانسن لندن کے سابق میئر ہیں اور ٹیریسا مے موجودہ ملکی حکومت میں وزیر داخلہ کے فرائض انجام دے رہی ہیں۔