1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

برطانوی پرچم والا آئل ٹینکر رہائی کے بعد ایران سے روانہ

27 ستمبر 2019

برطانوی پرچم بردار آئل ٹینکر اسٹینا امپیرو رہائی کے بعد ایرانی بندرگاہ سے روانہ ہو گیا ہے۔ اس آئل ٹینکر کو رواں برس جولائی میں ایران کے پاسدارانِ انقلاب کے بحری دستوں نے آبنائے ہرمز سے اپنے قبضے میں لیا تھا۔

Öltanker Stena Impero
تصویر: Getty Images/AFP/H. Shirvani

برطانوی پرچم والا یہ آئل ٹینکر اس وقت بین الاقوامی سمندر میں داخل ہو گیا ہے۔ اس ٹینکر کی بندر عباس سے روانگی کے بعد اگلی منزل دبئی کی پورٹ رشید بتائی گئی ہے۔ ایرانی حکام کے مطابق اس ٹینکر کو سمندری گزرگاہ کے قواعد کی خلاف ورزی کرنے پر تحویل میں لے لیا تھا۔

یہ آئل ٹینکر گزشتہ دو ماہ سے ایرانی سکیورٹی اداروں کی تحویل میں تھا۔ ایرانی وزارت خارجہ کے مطابق آئل ٹینکر کے خلاف جاری تفتیشی عمل مکمل ہونے کے بعد اسے بندرگاہ سے روانہ ہونے کی اجازت دی گئی ہے۔

ایران نے یہ اقدام 'اینٹ کا جواب پتھر‘ سے دینے کی پالیسی کے تحت اٹھایا تھا۔ اس سے قبل جبرالٹر کی برطانوی حدود میں ایک ایرانی آئل ٹینکر کو پکڑ لیا گیا تھا۔ شک تھا کہ یہ ایرانی آئل ٹینکر شام میں تیل فراہم کرنے جا رہا تھا، جو یورپی یونین کی عائد کردہ پابندیوں کی خلاف ورزی تھی۔ دوسری جانب ایران اس دعوے کو مسترد کرتا ہے کہ یہ ان کے آئل ٹینکر کے بدلے میں پکڑا گیا تھا۔

ایک عدالتی فیصلے کے بعد جبرالٹر حکومت کو ایرانی آئل ٹینکر چھوڑنا پڑا تھا جبکہ امریکا نے اسے نہ چھوڑنے کی درخواست کر رکھی تھی۔

ایران کے مطابق جو آئل ٹینکر چھوڑا گیا ہے، وہ ایک سویڈش کمپنی کے نام ہے لیکن اس پر پرچم برطانیہ کا ہے۔ اس جہاز کے عملے نے ایرانی حکام کو یہ بھی لکھ کر دیا ہے کہ وہ ایران حکومت کے خلاف کوئی دعویٰ نہیں کریں گے۔ اس جہاز پر عملے کے تئیس اراکین موجود تھے اور ان میں سے سات کو چار ستمبر کے روز رہا کر دیا گیا تھا۔ 

 ا ا / ک م ( اے پی، اے ایف پی)

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں