1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

برطانوی کلبوں کی جرمن اسٹار گول کيپر ميں دلچسپی

16 اپریل 2020

جرمن قومی فٹ بال ليگ اور يورپی سطح پر چيمپئنز ليگ کی معروف ٹيم بائرن ميونخ کے کپتان مانوئل نوئر کے کانٹريکٹ ميں توسيع سے متعلق مذاکراتی عمل رک گيا ہے۔ دو برطانوی کلب اسٹار فٹ بالر کی خدمات حاصل کرنے ميں دلچسپی رکھتے ہيں۔

Fußball Bundesliga FC Bayern München - FC Augsburg Torjubel
تصویر: Imago Images/kolbert/B. Schreyer

ايسا معلوم ہوتا ہے کہ جرمنی کی قومی فٹ بال ليگ کی چيمپئن ٹيم بائرن ميونخ کی انتظاميہ کورونا وائرس کی وبا کے باعث ملنے والے وقفے کو انتظامی امور پر صرف کر رہی ہے۔ ہيڈ کوچ ہانسی فلک نے کلب کے ليے مستقبل بنيادوں پر خدمات سر انجام دينے سے متعلق ايک ڈيل پر دستخط کر ديے ہيں۔ کلب نے تھوماس مولر کے ساتھ بھی نئے کانٹريکٹ کو حتمی شکل دے دی ہے۔ فہرست ميں اگلے نام زابينيئر اشٹراسے اور مانوئل نوئر کے ہيں۔ تاہم بائرن ميونخ کے اسپورٹنگ ڈائريکٹر حسن سليح اميڈچ اور بورڈ کے رکن اوليور کان کو اس وقت دھچکا لگا، جب نوئر کے ايجنٹ نے معاہدے ميں توسيع کے ليے غير معمولی شرائط سامنے رکھ ڈاليں۔

مانوئل نوئر کا موجودہ کانٹريکٹ سن 2020 اور 2021ء کے سيزن تک ہے۔ جرمن اخبار 'بلڈ‘ ميں چھپنے والی ايک رپورٹ کے مطابق چونتيس سالہ گول کيپر اپنے کانٹريکٹ ميں چار سال کی توسيع چاہتے ہيں جبکہ کلب کانٹريکٹ کی مدت دو سال کے ليے بڑھانا چاہتا ہے۔ ايسی بھی اطلاعات ہيں کہ نوئر کی نمائندگی کرنے والوں نے بيس ملين يورو کی سالانہ تنخواہ کا مطالبہ کيا ہے۔ اس وقت بائرن ميونخ کے ليے کھيلنے والے صرف دو کھلاڑی اس سے زيادہ سالانہ تنخواہ لے رہے ہيں۔

ککر نامی جريدے کے ايک نامہ نگار لکھتے ہيں، ''دونوں فريق کانٹريکٹ ميں توسيع تو چاہتے ہيں ليکن ان کی شرائط بالکل مختلف ہيں۔‘‘ انہوں نے مزيد لکھا کہ اگر فريقين کسی اتفاق رائے تک نہ پہنچ سکے تو نوئر کسی نئے سمجھوتے کے بغير اپنے کانٹريکٹ کے ختم ہونے تک کھيل سکتے ہيں۔ برطانوی کلب مانچسٹر سٹی کے کوچ پيپ گارڈيولا کے ساتھ ان کے اچھے روابط ہيں اور يہ اطلاع بھی ہے کہ چيلسی بھی ان ميں دلچسپی رکھتا ہے۔

اس سال جنوری ميں بائرن ميونخ نے شالکے کے تيئس سالہ گول کيپر آليگزينڈر نوبل کو کانٹريکٹ دينے کا اعلان کيا۔ وہ جولائی سے کلب کے ليے کھيل سکيں گے۔ نوئر اس پيش رفت سے پريشان نہ ہوئے البتہ وہ اس بات پر ضرور نالاں تھے کہ کلب نے نوبل کو يہ يقين دہانی کرائی ہے کہ ہر سيزن ميں انہيں کم از کم دس گيمز ميں جگہ ضرور دی جائے گی۔ نوئر کے بقول، ''ميں کوئی اضافی کھلاڑی نہيں۔ ميں کھيل پر اثر انداز ہونے والا کھلاڑی ہوں۔‘‘

ايسی اطلاع بھی ہے کہ تنخواہ کے حوالے سے تفصيلات عام ہونے پر مانوئل نوئر کافی برہم ہيں اور ان کے اور کلب انتظاميہ کے بيچ اعتماد کا فقدان پيدا ہو گيا ہے۔

مانوئل نوئر نے رواں سيزن ميں اب تک بائرن ميونخ کے تمام چھتيس ميچوں ميں ٹيم کی نمائندگی کی ہے۔ اختلافات کے باوجود کان کا ماننا ہے کہ اس وقت نوئر دنيا کے سب سے بہترين گول کیپر ہيں۔

ع س، ميٹ فورڈ / ع ب

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں