1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’برطانوی کلب فُلہیم جرمنی پہنچے گا‘

19 اپریل 2010

برطانوی فٹ بال کلب فُلہیم نےاعلان کیا ہے کہ یورپی لیگ کے سلسلے میں کھیلے جانے والے سیمی فائنل کے پہلے مرحلے میں ان کا کلب شرکت کرے گا۔

تصویر: AP

آئس لینڈ میں آتش فشاں سے اٹھنے والی راکھ کے نتیجے میں پروازیں مؤخر کرنے کی وجہ سے اس بات کا خدشہ تھا کہ فُلہیم کی ٹیم جمعرات کو ہیمبرگ کے خلاف اپنا طے شدہ میچ کھیلنے کے لئے ہیمبرگ نہیں پہنچ سکے گی۔ تاہم برطانوی کلب نے کہا ہے کہ اس میچ میں شرکت کے لئے زمینی راستہ بھی اختیار کیا جا سکتا ہے۔

پیر کو فُلہیم کلب کی سرکاری ویب سائٹ پر جاری کئے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے:’’ کلب اس بات کی تصدیق کر سکتا ہے کہ بائیس اپریل جمعرات کو ہیمبرگ میں ہونے والے والے یورپی لیگ فٹ بال کپ کے سیمی فائنل کے پہلے مرحلے کا میچ طے شدہ پروگرام کے مطابق کھیلا جائے گا۔ کلب نے ہیمبرگ پہنچنے کے لئے متبادل منصوبہ بنا لیا ہے۔‘‘

یورپ میں راکھ کے بادلوں کی وجہ سے پروازوں کا سلسلہ تاحال متاثر ہو رہا ہےتصویر: AP

اس بیان میں تاہم یہ کہا گیا ہے کہ اس بات کی تصدیق نہیں کی جا سکتی کہ فٹ بال شائقین اور میڈیا کو جرمنی پہنچانے کے لئے بدھ اور جمعرات تک پروازوں کا سلسلہ دوبارہ شروع ہو جائے گا۔ ویب سائٹ پر مزید شائع کیا گیا ہے کہ فُلہیم کلب، ہوا بازی کے متعلقہ اداروں سے مسلسل رابطہ رکھے ہوئے ہے تاکہ یہ صورتحال جلد از جلد واضح ہو سکے۔

اس سے قبل فُلہیم کے مینیجر روئے ہیجسن نے کہا تھا کہ اگر اس میچ میں شرکت کرنے کے لئے زمینی راستہ اختیار کرنے کا مطالبہ کیا جاتا ہے تو یہ نامناسب طرز عمل ہو گا۔

اگر بدھ تک برطانوی فضائی کمپنیاں اپنی پروازیں مؤخر رکھتی ہیں تو برطانوی فُلہیم کلب کی ٹیم سمندری یا زمینی راستے سے براعظم پورپ پہنچے گی جہاں سے وہ جرمنی کے لئے ٹرین یا زمینی راستہ اختیار کرے گی۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: کشور مصطفٰے

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں