1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

برطانوی گلوکارہ شیرل ٹویڈی کا نیا البم ٹاپ پر

8 نومبر 2010

انگریز گلوکارہ شیرل ٹویڈی کے نئے میوزیکل البم نے برٹش ٹاپ ٹین چارٹ پر پہلی پوزیشن حاصل کر لی ہے۔ ان کا ایک گیت اس ہفتہ کے چارٹ پر دوسرے مقام پر ہے۔ اس طرح وہ ڈبل اعزاز سے محروم رہیں۔

انگلش سنگر شیرل ٹویڈیتصویر: AP

خوبصورت انگلش سنگر شیرل ٹویڈی کو بین الاقوامی ٹیلی وژن شائقین میوزیکل پروگرام ‘‘ایکس فیکٹر’’ کے جج کے طور پر تو یقینی طور پر پہچانتے ہیں۔ ٹویڈی اس کے علاوہ خواتین کے میوزیکل گروپ ‘‘گرلز الاؤڈ’’ کی لیڈ سنگر بھی ہیں۔ اس گروپ کے ساتھ ساتھ ان کے سولو البم بھی باقاعدہ ریلیز ہو رہے ہیں۔ نومبر میں ٹویڈی کے ٹاپ ٹین چارٹ پر پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے البم کا نام ‘‘ میسی لٹل رین ڈراپس’’ (Messy Little Raindrops) ہے۔

شیرل ٹویڈی کے البم نے بون جووی کے البم کو دوسری پوزیشن پر دھکیل دیا ہے۔ ٹویڈی کا ایک گیت ’’پرامز دِس‘‘ گزشتہ ہفتہ کے دوران ٹاپ ٹین گیتوں کی فہرست میں پہلے مقام پر رہا۔ نئی فہرست جاری ہونے پر وہ دوسرے مقام پر چلا گیا ہے۔ اگر یہ گیت ٹاپ پوزیشن پر رہتا تو البم کے ساتھ پہلی پوزیشنوں کے ڈبل کا اعزاز ٹویڈی کا حاصل ہو سکتا تھا۔ امریکی گلوکارہ ریحانا کے گیت ’’اونلی گرل‘‘ نے پہلا مقام حاصل کیا ہے۔ ریحانا کا یہ چوتھا گیت ہے، جو ٹاپ پوزیشن پر پہنچا ہے۔

انگلش سنگر شیرل ٹویڈی(سر پر ٹوپی رکھے ہوئے) وکٹوریہ بیکہم کے ساتھتصویر: AP

دوسرا البم مکمل کرنے کے بعد شیرل ٹویڈی نے سولو گیتوں کے تیسرے البم پر کام شروع کر دیا ہے۔ اس البم کی ریلیز اسی برس ممکن ہو سکتی تھی، اگر ان کو ازدواجی مسائل کا سامنا نہ ہوتا۔ ٹویڈی نے گزشتہ ہفتوں کے دوران اپنے فٹ بالر شوہر ایشلے کول سے چند سال اکٹھے گزارنے کے بعد طلاق حاصل کر لی ہے۔ انگریز گلوکارہ کا دوسرا البم پہلی نومبر کو ریلیز ہوا تھا۔ اسی البم کا گیت ‘‘پرامز دِس’’ گزشتہ ماہ کی چوبیس تاریخ کو ریلیز کیا گیا تھا اور جاری ہونے کے فوری بعد یہ مقبولیت کے عروج پر پہنچ گیا تھا۔ یہ شیرل کول کا رواں سال کے دوران دوسرا ٹاپ گیت تھا۔

خوبروانگلش سنگر کا پہلا سولو البم ‘‘ تھری ورڈز’’ یا انگریزی میں 3 Words اکتوبر سن 2009 میں ریلیز کیا گیا تھا۔ اس البم کی تین لاکھ سے زائد کاپیاں فروخت ہو چکی ہیں۔ ان گیتوں پر ڈانس کے لئے ٹویڈی کو رقص کے خصوصی اسباق اور پریکٹس کے سیشن بھی کرنے پڑے تھے۔

شیرل کول تیس جون سن 1983 کو پیدا ہوئیں تھیں۔ وہ گلوکاری کے علاوہ میوزک پروگرام ’ایکس فیکٹر‘ میں بطور جج بھی شریک ہوتی ہیں۔ سن 2010 کے الیکشن میں وہ ہارنے والی لیبر پارٹی کے ساتھ تھیں۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: امجد علی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں