1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

برطانیہ: شمالی علاقوں میں برفباری، مسافر رات بھر پھنسے رہے

4 دسمبر 2023

اتوار کو خراب موسم کے باعث 2,500 سے زائد صارفین کو بجلی کی فراہمی بھی معطل رہی۔

برطانیہ میں ایک گاڑی برف سے ڈھکی ہوئی سڑک سے گزر رہی ہے
اتوار کو برطانیہ کے شمالی علاقوں میں شدید برفباری کے باعث وہاں کئی گاڑیاں سڑکوں پر پھنسی رہیںتصویر: BEN STANSALL/AFP

برطانوی حکام کے جانب سے اتوار کو فراہم کی گئی معلومات کے مطابق ملک کے شمالی علاقوں میں شدید برفباری کے باعث وہاں کئی گاڑیاں سڑکوں پر پھنسی رہیں اور مسافروں کو یا تو کہیں عارضی طور پر پناہ لینی پڑی یا تمام رات اپنی گاڑیوں میں گزارنی پڑی۔

خراب موسم کی وجہ سے 2,500 سے زائد صارفین کو بجلی کی فراہمی بھی معطل رہی۔

برطانیہ سے موصول ہونے والی رپورٹس کے مطابق برف میں بالخصوص ٹرکوں کے پھنسنے کی وجہ سے وہاں کئی شاہراہیں بلاک رہیں۔ ٹرک ڈرائیوراں کا کہنا ہے کہ مختصر فاصلے طے کرنے میں بھی ان کو کئی گھنٹے لگے اور ان میں سے کئی کو ٹرک بیچ راستے روک کر کہیں عارضی طور پر پناہ لینی پڑی۔ 

لیک ڈسٹرکٹ کے علاقے ایمبل سائیڈ میں موجود ہیرسن واڑد نے اس صورتحال کی منظر کشی کرتے ہوئے بتایا، "یہاں اس لمحے ایسا لگ رہا ہے جیسے آپ کسی سکی ریزورٹ یا الپس سے گزر رہے ہوں۔" انہوں نے مزید کہا کہ اگر کوئی گاڑی بیچ راستے رکتی یا کسی حادثے کا شکار ہوتے ہے یا اس میں موجود مسافر اسے بند کر کہ کہیں چلے جاتے ہی، تو بس "سب رک جاتا ہے۔‘‘

اتوار کو خراب موسم کی وجہ سے برطانیہ میں 2,500 سے زائد صارفین کو بجلی کی فراہمی بھی معطل رہیتصویر: Andrew Mccaren/ZUMA/picture alliance

اسی طرح ایک مسافر اینٹ بریٹ نے اتوار کو برطانوی خبر رساں ادارے بی بی سی کو بتایا کہ وہ ہفتے کی دوپہر سے، 19 گھنٹوں سے اپنی گاڑی میں برفباری کے باعث پھنسے ہوئے تھے۔

بریٹ ایسیکس سے کمبریا کی طرف جا رہے تھے، اور ان کے مطابق یہ سفر پانچ گھنٹوں سے زیادہ طویل نہیں ہونا چاہیے تھا۔ 

"میں اپنے خاندان کی ایک شادی میں شرکت کرنے جا رہا تھا۔ اب یہ کہنا صحیح ہوگا کہ میں وہاں نہیں پہنچ پایا۔"

بریٹ نے بی بی سی کو بتایا کہ ان پاس پینے کے لیے بہت تھوڑا پانی بچا تھا اور  وہ اس کو اب بہت خیال سے استعمال کر رہے تھے۔

حکام کے کارگردگی پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا، "مجھے معلوم ہے کے ایمرجنسی سروسز (کے اہلکار) اس وقت بہت مصروف ہوں گے، لیکن ہمیں یہاں بالکل بے آسرا چھوڑ دیا گیا ہے۔"

رطانوی محکمہ موسمیات کی جانب سے اتوار کی شام سے پیر دوپہر تک کے لیے وہاں مڈلینڈز، ملک کے شمالی علاقوں، ویلز کے وسطی علاقوں اور اسکاٹ لیند کے مشرقی علاقوں میں برفباری کی وارننگ جاری کی گئی ہےتصویر: Carl Recine/REUTERS

دوسری جانب برطانوی علاقے کمبریا کی فائر اینڈ ریسکیو سروس کا کہنا ہے کہ برف میں پھنسے ٹرکوں اور افراد کو نکالنے کے لیے اس کو اہلکاروں نے رات بھر کام کیا۔

اس حوالے سے کمبریا پولیس کے سپرنٹنڈنٹ اینڈی ولکنسن کا کہنا تھا کہ محکمہ موسمیات نے جتنے شدید طوفان کی پیش گوئی کی تھی، یہ برفانی طوفان اس سے زیادہ شدید تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکام نے اتوار کو لوگوں کو کمبریا کا سفر نہ کرنے کی تاکید بھی کی تھی۔

ولکنسن کا مزید کہنا تھا کہ شاہراہوں پر تعینات اہلکاروں کے ساتھ لوگوں نے بدکلامی بھی کی ہے۔

انہوں نے کہا، "ہم اس وقت لوگوں کا غم و غصہ سمجھ سکتے ہیں لیکن (متعلقہ) ایجنسیاں کمبریا میں صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے سخت محنت کر رہی ہیں اور اس دوران ہمیں سڑکوں پر بھی ایک چیلنجنگ صورتحال کا سامنا ہے۔"

اتوار کو برطانیہ کے شمالی علاقوں میں شدید برفباری کے باعث وہاں کئی گاڑیاں سڑکوں پر پھنسی رہیںتصویر: Carl Recine/REUTERS

کمبریا میں اتوار کو برف میں پھنس جانے والے افراد کو اسکولوں، گرجا گھروں اور ایک اسکاؤٹ ہٹ میں پناہ فراہم کی گئی تھی۔

اس کے علاوہ کمبریا میں بجلی فراہم کرنے والی کمپنی نارتھ ویسٹ الیکٹرسٹی کے مطابق وہاں 2,500 صارفین سے زیادہ افراد کو بجلی کی فراہمی معطل رہی۔ اس کے بیان کے مطابق بجلی کی فراہمی اتوار رات تک بحال ہونے کی توقع تھی۔

برطانوی محکمہ موسمیات کی جانب سے اتوار کی شام سے آج دوپہر تک کے لیے وہاں مڈلینڈز، ملک کے شمالی علاقوں، ویلز کے وسطی علاقوں اور اسکاٹ لیند کے مشرقی علاقوں میں برفباری کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔ 

م ا/ ر ب (اے پی)

 

ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں