ہندووں کے تہوار دیوالی کے موقع پر برطانیہ نے پانچ پاونڈ کا ایک خصوصی یادگاری سکّہ جاری کیا۔ نوآبادیاتی حکومت کے خلاف بھارت کی جد و جہد آزادی کے رہنما مہاتما گاندھی کو پہلی مرتبہ کسی برطانوی سرکاری سکّے پر جگہ دی گئی ہے۔
اشتہار
برطانیہ کے وزیر خزانہ رِشی سوناک نے کہا کہ دیوالی کے تہوار کے موقع پر اس یادگاری سکے کو جاری کرتے ہوئے وہ فخر محسوس کررہے ہیں۔
سوناک کا کہنا تھا،”ہندو مذہبی عقیدے پر عمل کرنے والے ایک شخص کے طورپر مجھے فخر ہے کہ میں دیوالی کے موقع پر اس سکے کو جاری کر رہا ہوں۔"
برطانوی وزیر خزانہ کا کہنا تھا،”مہاتما گاندھی نے بھارت کی آزادی کی تحریک میں بنیادی کردار ادا کیا اور ان کی قابل ذکر زندگی کی یاد میں پہلی مرتبہ کوئی برطانوی سکہ جاری کرنا انتہائی شاندار ہے۔"
سوناک کا مزید کہنا تھا کہ یہ سکہ ایک ایسے رہنما کو مناسب خراج عقیدت ہے جس نے اپنی ذات سے پوری دنیا کو متاثر کیا۔
بھارتی ہندو دیوالی کے مذہبی تہوار کے موقع پر بالعموم ایک دوسرے کو تحائف پیش کرتے ہیں جن میں سونے اور چاندی سے تیار اشیاء، زیورات اور سکے وغیرہ شامل ہوتے ہیں۔ بھارت میں اس برس دیوالی کا تہوار جمعرات چار نومبر کو منایا جارہا ہے۔
گاندھی برطانوی سکے پرپہلی مرتبہ
اس سکے میں ایک طرف بھارت کا قومی پھول کنول بنا ہوا ہے اور اس پر مہاتما گاندھی کا مشہور قول”میری زندگی ہی میرا پیغام ہے‘‘ کندہ ہے۔ اسے حنا گلوور نے ڈیزائن کیا ہے۔
یہ سکہ برطانوی شاہی ٹکسال 'رائل منٹ‘ کے وسیع تر دیوالی کلیکشن کا حصہ ہے۔ یہ پہلا موقع ہے جب مہاتما گاندھی کو کسی برطانوی سکے پر جگہ دی گئی ہے۔ یہ سکہ سونے اور چاندی دونوں میں دستیاب ہوگا۔
گو کہ اس سکے کی سرکاری اور قانونی حیثیت ہوگی تاہم اسے عام چلن کے لیے جاری نہیں کیا گیاہے۔ یہ دیوالی کے موقع پر جاری کیے جانے والے دیگر اشیاء کے ساتھ جمعرات سے فروخت کے لیے دستیاب ہے۔
رائل منٹ نے دیوالی کے موقع پرسونے کی چھڑیں بھی فروخت کے لیے تیار کی ہیں جن پر ہندوعقیدے کے مطابق دولت کی دیوی لکشمی کا عکس کندہ ہے۔
سوناک نے تمام شعبہ حیات سے تعق رکھنے والی اقلیتی کمیونٹی کی نمائندگی کو اجاگر کرنے والی مہم کے حصے کے طور پر گزشتہ برس ”تنوع پر مبنی برطانیہ" کے عنوان سے 50 پینی کا ایک نیا سکہ جاری کیا تھا۔
ج ا/ص ز (روئٹرز، اے پی)
دیوالی، روشنیوں کا تہوار
دیوالی ایک ہندو مذہبی تہوار ہے جو دنیا بھر میں منایا جاتا ہے۔ اسے روشنیوں کا تہوار بھی کہا جاتا ہے۔ اس دوران اہل خانہ، دوستوں اور رشتہ داروں کے لیے تحفے خریدے جاتے ہیں اورخوشحالی کے لیے لکشمی دیوی کی پوجا بھی کی جاتی ہے۔
تصویر: Reuters/Ahmad Masood
تہوار بغیر مہندی کے
دیوالی کے موقع پر زیادہ تر خواتین اپنے ہاتھوں پر مہندی کے خوبصورت ڈیزائن بنواتی ہیں۔ اسی وجہ سے اچھی مہندی لگانے والوں کو تلاش کرنا بھی ایک مشکل کام ہوتا ہے۔ یہ ان کے لیے پیسے کمانے کا سال کا بہترین موقع ہوتا ہے۔
تصویر: Reuters
سونے کی خریداری
زیادہ تر ہندو اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ دیوالی سے قبل سونا خریدنا خوش قسمتی کی نشانی ہوتا ہے اور اس سے دولت آتی ہے۔ اسی وجہ سے اس روز دولت اور خوشحالی کی دیوی لکشمی کی پوجا کی جاتی ہے۔
تصویر: AFP/Getty Images/Narinder Nanu
گھر کی سجاوٹ
دیوالی کے روز فرش پر رنگ برنگی تصاویر بنائی جاتی ہیں۔ روایتی طور پر یہ تصاویر گھر کے مرکزی دروازے کے قریب نقش کی جاتی ہیں۔ اس کے علاوہ گھروں میں دیے جلائے جاتے ہیں اور خصوصی تزئین و آرائش کی جاتی ہے۔
تصویر: Reuters
دیوالی اور پٹاخے
آتش بازی اور پٹاخوں کو دیوالی کا لازمی حصہ سمجھا جاتا ہے۔
تصویر: Julia Smielecki
مل جل کر تہوار منانا
دیوالی ایک ایسا تہوار ہے جسے کنبے کے تمام افراد مل کر مناتے ہیں۔ اس موقع پر تحائف کا تبادلہ ہوتا ہے اور مٹھائی تقسیم کی جاتی ہے۔ یہ تہوار ہر سال وسط اکتوبر سے وسط نومبر کے درمیان کسی دن منایا جاتا ہے۔
تصویر: UNI
جدید دور
پہلے دیوالی کے روز گھروں اور گلیوں کو روشن کرنے کے لیے ہاتھ سے بنائے گئے دیے استعمال کیے جاتے تھے۔ تاہم اب ان کی جگہ چین سے درآمد کردہ سستے چراغوں نے لے لی ہے۔ اس کے بعد سے بھارت میں ہاتھ سے دیے بنانے والے افراد کا کاروبار خطرے سے دوچار ہو گیا ہے۔
تصویر: Reuters
تحائف کی اہمیت
بہت سے لوگ اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ دیوالی کے روز اگرآپ کسی کے گھر تحفہ لیے بغیر جائیں تو اس کا مطلب یہ سمجھا جاتا ہے کہ آپ میزبان کی خوش قمستی نہیں چاہتے۔ اس موقع پر بہت سی کمپنیاں اپنے ملازمین میں تحائف تقسیم کرتی ہیں یا انہیں اضافی رقم دی جاتی ہے۔
تصویر: Reuters
سب کا تہوار
بھارت میں دیوالی صرف ہندو ہی نہیں مناتے۔ یہ تصویر بھارتی ریاست اتر پردیش کے شہر مرزا پور کی ہے، جہاں دیوالی کے موقع پر مسلمان بچیاں آپس میں بھائی چارے کے لیے دعا کر رہی ہیں۔ بھارت میں اقلیتوں سے تعلق رکھنے والے افراد بھی دیوالی کے روز خوشیاں مناتے ہیں۔